اضطراب اور عمومی اضطراب کی بیماری (GAD)
Anxiety and generalised anxiety disorder (GAD)
Below is an Urdu translation of our information resource on anxiety and generalised anxiety disorder. You can also view our other Urdu translations.
یہ معلومات ان لوگوں کے لئے لکھی گئی ہیں جو اضطراب کے ساتھ لڑ رہے ہیں ، یا جن کو عمومی اضطراب کی بیماری (GAD) تشخیص ہوئی ہے۔
یہ دیکھتی ہے کہ آپ اپنی مدد کیسے کرسکتے ہیں اور آپ ماہرانہ مدد کیسے حاصل کرسکتے ہیں۔ اس میں ان لوگوں کے لئے بھی مفید معلومات ہیں جو کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں یا اس کی مدد کر رہے ہیں جو اپنے اضطراب کے ساتھ لڑ رہا ہے.
اضطراب کیا ہے؟
اضطراب ایک ایسا لفظ ہے جسے ہم اس ناخوشگوار احساس کو بیان کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں جب ہم کسی تناؤ، دھمکی ملنے، یا مشکل صورتحال میں ہوتے ہیں، یا کسی مسئلے کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں. یہ بذات خود ذہنی صحت کی ایک حالت نہیں.
ہم میں سے زیادہ تر کو اپنی زندگی میں کسی نہ کسی موقع پر بہت سی مختلف وجوہات کی بنا پر اضطراب کا سامنا کرنا پڑے گا. یہ ایک عام ردعمل ہوسکتا ہے اور عام طور پر صورتحال تبدیل ہونے پر وقت کے ساتھ ختم ہو جاتا ہے، یا جب آپ پریشانی کا سبب بننے والی اس صورتحال کو چھوڑ دیتے ہیں۔
اضطراب کب ایک مسئلہ بن جاتا ہے؟
اضطراب ایک مسئلہ بن سکتا ہے جب:
- آپ کا اضطراب بہت سخت ہے
- آپ ہر وقت یا زیادہ تر وقت پریشان محسوس کرتے ہیں
- اس کی کوئی واضح وجہ نہیں آپ پریشان کیوں محسوس کرتے ہیں
یہ آپ کی روزمرہ زندگی کو منفی طور پر متاثر کرتا ہے
جب ایسا ہوتا ہے تو اضطراب آپ کو مسلسل بے چینی محسوس کروا سکتا ہے، آپ کو ان چیزوں کو کرنے سے روک سکتا ہے جو آپ کرنا چاہتے ہیں، اور آپ کے لئے زندگی سے لطف اندوز ہونا مشکل بنا سکتا ہے.
اضطراب کیسا محسوس ہوتا ہے؟
اضطراب آپ کو اپنے دماغ اور جسم میں بہت ساری مختلف چیزیں محسوس کرنے کا سبب بن سکتا ہے ، بشمول:
- ذہن میں
- ہر وقت پریشان رہنا
- تھکاوٹ محسوس کرنا یا اچھے سے نیند نہ آنا
- توجہ مرکوز کر سکنا
- چڑچڑا یا افسردہ رہنا
- بے چینی یا تناؤ محسوس کرنا
- بے بس محسوس کرنا
- یہ خوف محسوس کرنا کہ کچھ خوفناک ہو سکتا ہے.
جسم میں
- تیز یا بے ترتیب دل کی دھڑکن (اختلاج قلب)
- پسینہ آنا
- خشک منہ
- پٹھوں میں تناؤ اور درد
- سر درد
- کپکپانا/لرزنا
- انگلیوں، پیروں یا ہونٹوں میں بے حسی یا جھنجھلاہٹ
- تیزی سے سانس لینا
- چکر آنا یا بے ہوش ہونا
- معدے کے مسائل جیسے بدہضمی، درد یا بیمار محسوس کرنا
- بیت الخلاء میں بہت زیادہ جانا
- ان جسمانی احساسات سے متعلق بہت زیادہ اضطراب محسوس کرنا۔
بعض اوقات اضطراب میں مبتلا لوگ فکر مند ہوتے ہیں کہ ان کی علامات جسمانی بیماری کی علامت ہیں۔ یہ ان کی پریشانی کو اور بھی خراب کر سکتا ہے۔
جب اضطراب طویل عرصے تک چلتا ہے تو ذہنی دباؤ محسوس کرنا آسان ہوتا ہے۔ اضطراب میں مبتلا کچھ لوگ ایک ہی وقت میں ذہنی دباؤ کا بھی تجربہ کریں گے۔
اضطراب کی وجوہات کیا ہیں؟
اضطراب بہت ساری چیزوں کی وجہ سے ہوسکتا ہے ، ان میں شامل ہیں:
- روزانہ کے واقعات جیسے کام پر تناؤ بھرا ای میل وصول کرنا یا کسی مشکل گاہک کے ساتھ بات چیت کرنا
- زندگی کے اہم واقعات جیسے طلاق سے گزرنا، جسمانی بیماری ہونا، یا کسی ایسے شخص کو جاننا جو مر چکا ہے۔
بعض اوقات جب کچھ اچھا ہو رہا ہوتا ہے تو ہمیں اضطراب کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر ہم ڈیٹ پر جانے والے ہیں یا نوکری کا انٹرویو دینے جاتے ہیں۔ یہ بری چیزیں نہیں ہیں لیکن وہ ہمارے جسم میں اضطراب کے جسمانی اور نفسیاتی اثرات پیدا کر سکتی ہیں۔
اضطراب کیوں ہوتا ہے؟
اگرچہ اضطراب ناخوشگوار محسوس ہوسکتا ہے، لیکن یہ کچھ حالات میں اور محدود وقت کے لئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے:
- نفسیاتی طور پر - مشکل حالات میں، اضطراب ہمیں بتاتا ہے کہ کچھ غلط ہے اور ہمیں چوکس رکھتا ہے تاکہ ہم مناسب ردعمل دے سکیں۔
- جسمانی طور پر - اضطراب کے جسمانی احساسات ہمارے جسم کو خطرے سے دور بھاگنے یا خود کو بچانے کے لئے تیار کرسکتے ہیں۔ اسے 'لڑو یا بھاگ جاو' کا ردعمل کہا جاتا ہے۔
عمومی اضطراب کی بیماری کیا ہے؟
عمومی اضطراب کی بیماری (GAD) اضطراب کی بیماری کی ایک قسم ہے. اضطراب کی دیگر بہت ساری بیماریاں ہیں جن کا یہاں احاطہ نہیں کیا گیا، ابسیسو-کمپلسو ڈس آرڈر (OCD) یا گھبراہٹ کی بیماری وغیرہ۔
اگر آپ کو عمومی اضطراب کی بیماری ہے تو آپ کو ہوں گی:
- ایک ہی وقت میں بہت ساری مختلف پریشانیاں
- ایسے خدشات ہیں جو صورتحال کے تناسب سے زیادہ ہوں
- اپنی پریشانیوں پر قابو پانا مشکل ہونا۔
اضطراب کی بیماری کافی عام ہے اور برطانیہ میں ہر 25 میں سے 1 شخص پر کو متاثر کرتی ہے۔
اضطراب کی بیماری کی وجوہات کیا ہیں؟
اضطراب کی بیماری کی کوئی ایک وجہ نہیں۔ آپ کی جین، سماجی ماحول اور زندگی کے تجربات سب ایک کردار ادا کرتے ہیں، اور ایک دوسرے پر اثر ڈالتے ہیں۔
اگر آپ کے خاندان کا کوئی قریبی رکن اضطراب کی بیماری کا شکار ہے تو آپ کو اضطراب کی بیماری پیدا ہونے کا امکان چار سے چھ گنا زیادہ ہے۔ تاہم کوئی بھی اکیلا جین اضطراب کی خرابی کا سبب نہیں بنتا ہے۔ اس کے بجائے متعدد جینز، جن میں سے ہر ایک کا ایک تھوڑا سا اثر ہوتا ہے، آپ کے خطرے کو بڑھانے کے لئے اثر ڈالتے ہیں۔
مجھے کب مدد مانگنی چاہيے؟
اگر آپ کی پریشانی آپ کی زندگی پر منفی اثر ڈال رہی ہے، یا آپ کو لگتا ہے کہ آپ اضطراب کی بیماری کا سامنا کر رہے ہیں تو، جتنی جلدی آپ مدد طلب کریں گے اتنا ہی جلد آپ بہتر ہونا شروع کرسکتے ہیں۔
ایسی بہت سی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے لوگ مدد حاصل کرنے سے گریز کرتے ہیں، اور مندرجہ ذیل میں سے کچھ خیالات رکھنا عام بات ہے، چاہے ہی وہ سچ نہ ہوں:
- "میں ایسا ہی ہوں، مجھے اپنے طور پر سنبھالنے کی کوشش کرنی چاہيئے" کسی کو اکیلے جدوجہد نہیں کرنی چاہیئے، اور ہر کوئی مدد کا مستحق ہے. اپنے آپ سے شفقت اور ہمدردی کے ساتھ کریں، جیسے آپ کسی ایسے شخص سے بات کریں گے جس کی آپ پرواہ کرتے ہیں۔
- "میرے پاس توجہ دینے کے لئے دیگر زیادہ اہم چیزیں ہیں" - بہت سے لوگ اپنی ذہنی صحت کو ترجیح بنانے کے لئے جدوجہد کرتے ہیں۔ اگر ان کے خاندان یا وسیع تر کمیونٹی میں ان پر اہم ذمہ داریاں ہیں یا دیگر بیرونی رکاوٹوں کا سامنا کر رہے ہیں تو یہ خاص طور پر مشکل ہوسکتا ہے۔ تاہم ، اگر آپ بیمار ہیں تو آپ ان چیزوں کو جاری نہیں رکھ سکیں گے جو آپ کے لئے اہم ہیں۔ خود کی مدد کرنے سے آپ دوسرے لوگوں کی مدد کرنے کی بہترین حالت میں ہوں گے۔
- "مجھے فکر ہے کہ اگر میں مدد طلب کروں گا تو لوگ کیا سوچیں گے" - آپ حیران ہوں گے کہ کتنے لوگ سمجھیں گے کہ آپ پر کیا گزر رہی ہے ، اور ممکنہ طور پر ان کو خود بھی اسی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اپنی زندگی میں ان لوگوں کی بات سننے کی کوشش کریں جو آپ کے مدد حاصل کرنے کو سمجھتے اور معاون ہیں۔
میں اپنی مدد کیسے کروں؟
اگر آپ اپنی پریشانی کے ساتھ لڑ رہے ہیں یا عمومی اضطراب کی بیماری ہے تو بہت ساری مدد دستیاب ہے۔ اپنی مدد کرنے کے اقدامات سے اضطراب میں بہتری آسکتی ہے:
- اس کے بارے میں بات کریں - اگر آپ کی پریشانی آپ کی زندگی میں ہونے والی کسی چیز کی وجہ سے شروع ہوئی ہے، جیسے رشتہ ٹوٹنا، کوئی بچہ بیمار ہونا یا نوکری کھونا، تو اس کے بارے میں کسی سے بات کرنا مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ کسی ایسے شخص سے بات کریں جس پر آپ کے لیے بااعتماد اور قابل احترام ہے اور جو ایک اچھا سننے والا ہے۔ یہ ایک قریبی دوست ، جی پی ، مذہبی رہنما ، یا کوئی بھی ہوسکتا ہے جس سے آپ مدد مانگنے میں اطمینان محسوس کرتے ہیں۔
- اپنی مدد آپ ٹولز - بہت سے اپنی مدد آپ ٹولز ہیں جو آپ اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لئے استعمال کرسکتے ہیں۔ ان میں مراقبہ یا ذہن سازی کرنے والی اپلیکیشنز جیسی چیزیں شامل ہیں، نیز کتابیں یا اپلیکنشنز جو آپ کوکوگنیٹو بیہیوریل تھراپی (CBT)خود کرنے کی اجازت دیتی ہیں۔ آپ نفسیاتی تھراپی پر نیچے دیئے گئے سیکشن میں CBT کے بارے میں مزید جان سکتے ہیں۔
- سیلف ہیلپ گروپس – سیلف ہیلپ گروپس کی تجاویز طلب کرنے کے لئے اپنے جی پی سے رابطہ کریں ، جہاں آپ ان لوگوں سے مل سکیں گے جن کو اسی طرح کے مسائل ہیں۔ بات کرنے کا موقع حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ، آپ یہ معلوم کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں کہ دوسرے لوگ اپنی پریشانی کا انتظام کیسے کرتے ہیں۔ ان میں سے کچھ گروہ مخصوص پریشانیوں اور فوبیا کے بارے میں ہیں۔ اپنے جی پی سے پوچھیں کہ کس قسم کا گروپ آپ کے لئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
- پیئر سپورٹ - پیئر سپورٹ وہ جگہ ہے جہاں آپ محفوظ اور معاون ماحول میں اسی طرح کے تجربات رکھنے والے دوسرے لوگوں سے ملتے ہیں۔ پیئر سپورٹ تلاش کرنے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔
- آپ ایک سیلف ہیلپ گروپ، یا خیراتی ادارے کے ذریعہ ساتھیوں کی مدد تلاش کرنے کے قابل بھی ہو سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، دماغی صحت کے خیراتی ادارے مائنڈ کے پاس مقامی خدمات ہیں جو اس بات پر منحصر ہیں کہ آپ کون ہیں اور آپ کو کس مدد کی ضرورت ہے۔
میں ماہرانہ مدد کیسے حاصل کر سکتا ہوں؟
اگر آپ نے اپنی مدد کرنے کی کوشش کی ہے اور اب بھی جدوجہد کر رہے ہیں تو، آپ کو مزید مدد کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ آپ کو جو علاج تجویز کیا جاتا ہے اس کا انحصار آپ کے حالات پر ہوگا، لیکن اگر آپ کو عمومی اضطراب کی بیماری ہے تو یہ کچھ علاج ہیں جو آپ کو تجویز کیے جا سکتے ہیں۔
نفسیاتی علاج
نفسیاتی تھراپی، یا 'بولنے سے علاج'، وہ علاج ہیں جہاں آپ کسی تھراپسٹ سے ان مسائل کے بارے میں بات کرتے ہیں جن کا آپ کو سامنا ہے۔
مختلف ذہنی صحت کے حالات میں مدد کے لئے مختلف طریقوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ GAD کے لئے مندرجہ ذیل دو طریقوں کی سفارش کی جاتی ہے:
کوگنیٹو بیہیوریل تھراپی (CBT)
عمومی اضطراب کی بیماری ایک ٹاکنگ تھراپی ہے جو آپ کو روزمرہ کے حالات میں سوچنے اور رد عمل ظاہر کرنے کے مزید مددگار طریقے سیکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔ اس کا مقصد آپ کو اپنے خیالات، اعمال اور احساسات کے مابین روابط کی نشاندہی کرنا سکھا کر آپ کی ذہنی حالت کو بہتر بنانا ہے۔
اگر آپ کو عمومی اضطراب کی بیماری ہے تو CBT آپ کے خوف کو جانچنے اور آپ کی اضطراب کو برداشت کرنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے۔ CBT انفرادی طور پر، یا کسی گروپ کے حصے کے طور پر ہوسکتی ہے۔ آپ ذاتی طور پر یا آن لائن CBT حاصل کرسکتے ہیں، اور یہ عام طور پر کئی ہفتوں یا مہینوں کے لئے ہفتے میں ایک بار دی جاتی ہے۔
آپ ہمارے CBT انفارمیشن ریسورس پڑھ کر CBT کے بارے میں مزید جان سکتے ہیں۔
اپلائیڈ ریلیکسیشن
اپلائیڈ ریلیکسیشن ایک تھراپی ہے جو آپ کو ان حالات کے دوران اپنے جسم کو آرام دینے میں مدد کرتی ہے جہاں آپ عام طور پر پریشان ہوں گے۔ ایک تربیت یافتہ تھراپسٹ کئی مہینوں تک ہر ہفتے ایک گھنٹے کی نشست میں آپ کے ساتھ کام کرے گا اور آپ کو سکھائے گا کہ آپ کے جسم کو کس طرح آرام دیا جائے۔
ایک بار جب آپ کو یہ تھراپی مل جاتی ہے تو آپ روزمرہ کے حالات میں اضطراب کا سامنا کرنے کے دوران اپلائیڈ ریلیکسیشن کا استعمال کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
ادویات
اگر نفسیاتی علاج نے مدد نہیں کی یا آپ انہیں لینا پسند نہیں کرتے تو آپ کو دوا کی پیشکش کی جا سکتی ہے۔
آپ کا ڈاکٹر آپ کو ادویات اور ٹاکنگ تھراپی دونوں ایک ساتھ پیش کر سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک ہی وقت میں دونوں کا ہونا کچھ لوگوں کے لئے صرف ادویات یا ٹاکنگ تھراپی سے زیادہ مؤثر ہوسکتا ہے۔
ایس ایس آر آئیز
سلیکٹیو سیروٹونن ری اپٹیک انہیبیٹرز (ایس ایس آر آئیز)اینٹی ڈپریسنٹکی ایک قسم ہے۔ اگرچہ ایس ایس آر آئی کو اینٹی ڈپریسنٹس کہا جاتا ہے لیکن ان کو عمومی اضطراب کی بیماری کے علاج کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے.۔
یہ سمجھا جاتا ہے کہ ایس ایس آر آئی دماغ میں سیروٹونن کی سطح میں اضافہ کرتا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ سیروٹونن کا موڈ ، جذبات اور نیند پر اچھا اثر پڑتا ہے۔ ایس ایس آر آئی دیگر اینٹی ڈپریسنٹس کے مقابلے میں کم ضمنی اثرات کا سبب بنتا ہے۔
ایس این آر آئیز
اگر ایس ایس آر آئیز آپ کے لئے کام نہیں کرتے ہیں تو ، آپ کو سیروٹونن - نوراڈرینالین ری اپٹیک انہیبیٹر (ایس این آر آئی) تجویز کی جا سکتی ہے۔ یہ ایک اور قسم کا اینٹی ڈپریسنٹ ہے اور ایس ایس آر آئیز سے ملتا جلتا ہے لیکن تھوڑا سا مختلف کام کرتا ہے۔
اینٹی ڈپریسنٹ کو عام طور پر کام کرنے میں 2 سے 8 ہفتے لگتے ہیں اور مناسب طریقے سے کام کرنے کے لئے باقاعدگی سے لینا پڑتا ہے۔ تمام ادویات کی طرح، اینٹی ڈپریسنٹس ضمنی اثرات کا سبب بن سکتے ہیں ، جس پر آپ کے ڈاکٹر کو آپ کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنا چاہئے۔ آپ ان کے بارے میں مزید ہمارے اینٹی ڈپریسنٹس وسائل میں جان سکتے ہیں۔
پریگابالن
اگر ایس ایس آر آئیز اور ایس این آر آئیز آپ کے لئے کام نہیں کرتے ہیں تو، آپ کو پریگابالن پیش کیا جاسکتا ہے، جو دوروں اور درد کے علاج کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔ یہ اضطراب والے لوگوں کے لیے مددگار ثابت ہوا ہے۔
پریگابالن نشہ آور ہوسکتا ہے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ پریگابالن پر انحصار کر رہے ہیں یا آپ کو تجویز کردہ خوراک سے زیادہ لے رہے ہیں تو، فوری طور پر اپنے ڈاکٹر سے بات کریں۔
دیگر علاج
بینزوڈیازپائنز
بینزوڈیازپائنز ایک قسم کی سکون آور دوا ہے۔ اگر آپ اضطراب پر قابو پانے کی کوشش رہے ہیں تو اور آپ اس میں ناکام ہوتے ہیں تو آپ کو یہ مختصر وقت کے لئے تجویز کیا جاسکتا ہے۔ اگر بینزوڈیازپائنز کو بہت لمبے عرصے تک استعمال کیا جائے تو نشہ آور بن سکتے ہیں۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ بینزوڈیازپائنز کے عادی ہو رہے ہیں تو فوری طور پر اپنے ڈاکٹر سے بات کریں۔
بیٹا بلاکرز
ایسا بہت ہی کم ہو گا کہ آپ کو بیٹا بلاکرز دیئے جا سکتے ہیں، جو ایک ایسی دوا ہے جو آپ کے دل کو سست کر کے کام کرتی ہے۔ اس سے اضطراب کے جسمانی احساسات کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔
جڑی بوٹیوں سے علاج
کچھ لوگوں کو جڑی بوٹیوں سے علاج ان کے اضطراب کے لئے مددگار لگتا ہے۔ تاہم، اس بات کا کوئی مضبوط ثبوت نہیں کہ ان میں سے کوئی بھی کام کرتی ہے۔ آپ کو کسی بھی متبادل ادویات کا استعمال کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے بات کرنی چاہیئے کیونکہ وہ دیگر ادویات کے ساتھ لینے پر سنگین مسائل کا سبب بن سکتی ہیں۔
آپ تکمیلی اور متبادل میڈیسن اور جسمانی علاج پر ہمارے معلوماتی وسائل کو پڑھ کر ان کے بارے میں مزید جان سکتے ہیں.
میں کیسے بتا سکتا ہوں کہ کوئی اضطراب سے دوچار ہے؟
زیادہ تر لوگ وقتا فوقتاً اضطراب کا سامنا کرتے ہیں اور یہ ایک مسئلہ نہیں بنتا ہے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے کسی جاننے والے کو معمول سے زیادہ اضطراب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تو یہاں کچھ چیزیں دیکھنے کے لئے ہیں:
- ایسا لگتا ہے کہ وہ کسی چیز، یا بہت سی چیزوں کے بارے میں اس حد تک فکر مند ہیں جو ذی شعور، نہیں لگتی۔
- وہ ایسے حالات یا ماحول سے گریز کرتے ہیں جن سے وہ ماضی میں گریز نہیں کرتے تھے۔ مثال کے طور پر، پارٹیوں میں جانا، رات کے کھانے کے لئے باہر یا بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر جانا۔
- وہ سر درد، پیٹ میں درد یا تھکاوٹ جیسی جسمانی علامات کی شکایت کرتے ہیں۔
- وہ بغیر کسی واضح وجہ کے پریشان، ناراض یا مایوس نظر آتے ہیں۔
- وہ منصوبوں کو منسوخ کرتے ہیں، یا وہ چیزیں نہیں کرتے ہیں جو وہ کہتے ہیں کہ وہ کریں گے۔
- جب آپ ان سے بات کر رہے ہوتے ہیں تو وہ پریشان نظر آتے ہیں یا سننے سے قاصر ہوتے ہیں۔
مختلف لوگ اپنی زندگی کے تجربات، ثقافتی یا مذہبی پس منظر، اور ان کی بنیادی زبان کے لحاظ سے مختلف طریقوں سے اضطراب کا تجربہ کرتے اور اس پر بات چیت کرتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ کسی کی اضطراب آپ کے لئے فوری طور پر واضح نہیں۔
میں کسی ایسے شخص کی مدد کیسے کر سکتا ہوں جو اپنی اضطراب سے نبرد آزما ہے؟
اضطراب کے ساتھ کسی کی مدد کرنا مشکل ہوسکتا ہے، خاص طور پر اگر آپ خود پریشان شخص نہیں۔ یہاں کچھ چیزیں ہیں جو آپ مدد کرنے کے لئے کر سکتے ہیں:
- سنیں - کسی ایسے شخص کو سننے کے لئے وہاں ہونا جو اپنے اضطراب کے ساتھ لڑ رہا ہے ایک بہت بڑا سہارا ہوسکتا ہے۔ بعض اوقات کسی دوسرے شخص کے ساتھ صرف پریشان کن جذبات کا اشتراک ان کی اضطراب کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔
- صبر کریں - اگر آپ کے جاننے والے شخص کو آپ کے بنائے ہوئے منصوبوں پر قائم رہنے میں دشواری محسوس ہوتی ہے یا چڑچڑا یا بھٹکا ہوا لگتا ہے تو صبر کریں۔ یہ ضروری ہے کہ اسے ذاتی طور پر نہ لیا جائے۔
- ان کو سنجیدگی سے لیں - یہاں تک کہ اگر کوئی ان چیزوں کے بارے میں فکر مند ہے جو آپ کو معقول نہیں لگتی ہیں تو، جس طرح وہ محسوس کر رہے ہیں وہ ان کے لئے بہت حقیقی ہوگا۔ آپ کو ان کے فکر مند خیالات کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت نہیں، لیکن آپ انہیں یقین دلا سکتے ہیں کہ ان کے جذبات درست ہیں اور وہ مدد کے مستحق ہیں۔
اگر آپ کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں جو اپنے اضطراب کے ساتھ جدوجہد کر رہا ہے تو، انہیں مدد لینے کی ترغیب دیں، چاہے اس کا مطلب خود کی مدد کرنا ہو، یا کسی پیشہ ور سے مدد لینا ہو۔
خیراتی ادارے اینگزائٹی یو کے کے پاس اضطراب میں مبتلا کسی شخص کی مدد کرنے کے لئے مددگار تجاویز ہیں۔
مزید معلومات اور مدد
اگر آپ یا آپ کا کوئی جاننے والا اضطراب یا عمومی اضطراب کی بیماری کے ساتھ لڑ رہا ہے تو معلومات اور مدد کے کچھ مفید ذرائع یہ ہیں۔
اضطراب کے بارے میں معلومات اور مدد
- اضطراب اور گھبراہٹ کے دورے، این ایچ ایس - این ایچ ایس ویب سائٹ کا یہ حصہ اضطراب کے بارے میں معلومات کی ایک وسیع رینج پیش کرتا ہے۔
- ایوری مائنڈ میٹرز، اضطراب کے بارے میں معلومات - این ایچ ایس کی یہ معلومات اضطراب سے نمٹنے کے لئے تجاویز کے ساتھ ساتھ تناؤ اور اضطراب سے نمٹنے میں آپ کی مدد کرنے کے لئے ایک مفت منصوبہ پیش کرتی ہے۔
- اینگزائٹی یو کے، اضطراب کے بارے میں معلومات - خیراتی ادارے اینگزائٹی یو کے کا یہ پیج بتاتا ہے کہ اضطراب کیا ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے عملی تجاویز پر ایک ویڈیو ہے۔
- ذہن، اضطراب اور گھبراہٹ کے دورے - دماغی صحت کے خیراتی ادارے مائنڈ کی یہ معلومات عام طور پر اضطراب کی خرابیوں کو دیکھتی ہے، اور اس میں عمومی اضطراب کی بیماری کے بارے میں معلومات شامل ہیں۔
- مینٹل ہیلتھ فاؤنڈیشن، اینگزائٹی – مینٹل ہیلتھ فاؤنڈیشن کی یہ معلومات اضطراب اور اضطراب کی خرابیوں کو دیکھتی ہے۔
عمومی اضطراب کی بیماری کے بارے میں معلومات اور مدد
- جنرلائزڈ اینگزائٹی ڈس آرڈر، این ایچ ایس - یہ جائزہ وضاحت کرتا ہے کہ عمومی اضطراب کی بیماری کیا ہے اور مدد کیسے حاصل کی جائے۔
- ٍاینگزائٹی یو کے، جنرلائزڈ اینگزائٹی ڈس آرڈر کے بارے میں معلومات - خیراتی ادارہ اینگزائٹی یو کے عمومی اضطراب کی بیماری کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے، ساتھ ہی ایک مفت فیکٹ شیٹ جسے آپ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
- بالغؤں میں عمومی اضطراب کی بیماری اور گھبراہٹ کی بیماری: مینجمنٹ - نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسیلینس (NICE) سے عوام کے لئے یہ معلومات وضاحت کرتی ہے کہ اگر آپ کو عمومی اضطراب کی بیماری ہے تو آپ کس دیکھ بھال کی توقع کرسکتے ہیں۔
تسلیمات
یہ معلومات رائل کالج آف سائیکاٹرسٹس پبلک انگیجمنٹ ایڈیٹوریل بورڈ (PEEB) نے تیار کی ہیں۔ یہ تحریر کے وقت دستیاب بہترین ثبوت کی پیش کرتا ہے۔
ماہر مصنفین: پروفیسر ڈیوڈ ویلے اور پروفیسر ڈیوڈ نٹ
اس ریسورس کے لئے مکمل حوالہ جات درخواست کرنے پر دستیاب ہیں.
شائع شدہ: مئی 2022
جائزے کے لئے: مئی 2025
© رائل کالج آف سائیکاٹرسٹس
This translation was produced by CLEAR Global (Aug 2023)