الیکٹروکنولسیو تھراپی (ای سی ٹی)

Electroconvulsive therapy (ECT)

Below is an Urdu translation of our information resource on electroconvulsive therapy (ECT). You can also view our other Urdu translations.

یہ معلومات الیکٹروکنولسیو تھراپی (ای سی ٹی) کروانے پر غور کرنے والوں اور انکے گھر والوں یا دوستوں کے لیے ہے.

آپ اور آپ کے ڈاکٹر کو اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ای سی ٹی کروانے یا نہ کروانے کے نتیجے پر پہنچنے سے پہلے آپ اس کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ آپ کا ڈاکٹر آپ سے اس بارے میں بات کرے گا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ معلومات مندرجہ ذیل پر معلومات فراہم کرتے ہوئے آپ کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد فراہم کرے گی:

  • ای سی ٹی کیا ہے اور اس کا استعمال کیوں کیا جاتا ہے
  • ای سی ٹی کروانے میں کیا شامل ہے
  • ای سی ٹی کے فوائد
  • ای سی ٹی کے خطرات اور مضر اثرات
  • آپ کے علاج نہ کروانے کی صورت میں کیا ہو سکتا ہے
  • ای سی ٹی کے بارے میں فیصلے لینا
  • مزید معلومات کہاں سے حاصل کریں۔

ای سی ٹی کیا ہے اور اس کا استعمال کیوں کیا جاتا ہے؟

ای سی ٹی شدید ذہنی امراض کے لیے ایک پُر اثر علاج ہے۔ عام طور پر اس پر اس وقت غور کیا جاتا ہے جب علاج کے دوسرے راستے جیسے سائیکو تھیراپی یا دوا کامیاب نہ ہو رہے ہوں یا کوئی بہت زیادہ بیمار ہو اور اسے فوری علاج کی ضرورت ہو۔

ای سی ٹی عام طور پر ایک کورس کی صورت میں 8-3 ہفتوں تک ہفتہ میں دو بار دی جاتی ہے۔ اگر آپ ای سی ٹی لیتے ہیں تو یہ جنرل اینیستھیٹک لے کر ہو گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کے ہونے کے دوران آپ نیند میں ہوں گے۔

جب آپ سو رہے ہوں گے تو آپ کے دماغ کو مختصر برقی لہروں سے متحرک کیا جائے گا۔ اس سے ایک دورہ پڑتا ہے جو دو منٹ سے کم وقت تک جاری رہتا ہے۔ آپ کو اینیستھیٹک کے ساتھ پٹھوں کو آرام دینے والی دوائیں بھی دی جائیں گی جو دورے کے دوران آپ کے جسم کی حرکت کو کم کرتی ہیں۔

کن حالتوں میں ای سی ٹی کا استعمال کیا جا سکتا ہے؟

ای سی ٹی عام طور پر ایسے شدید ڈپریشن کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جس پر کسی دوسرے علاج کا اثر نہ ہورہا ہو۔ اس کا استعمال کیٹاٹونیا کے علاج کے لیے بھی کیا جاتا ہے جو کہ ایک غیر معمولی حالت ہے جس میں مریض بات کرنا، کھانا یا چلنا پھرنا بند کر دیتا ہے۔ کبھی کبھار اس کا استعمال بائی پولر ڈس آرڈر کے جنونی مراحل سے گزر رہے لوگوں کے علاج کے لیے کیا جاتا ہے یا جب لوگوں میں جنون اور ڈپریشن دونوں کی ملی جلی علامات ہوتی ہیں۔

اضطراب یا دوسری نفسیاتی حالتوں کے علاج کے لیے ای سی ٹی کی تجویز نہیں دی جاتی ہے۔ درمیانی مدت میں، ای سی ٹی شیزوفرینیا کی ان علامات میں مدد گار ہو سکتا ہے جو دواؤں سے بہتر نہ ہوئے ہوں۔ تاہم طویل مدتی فوائد جن کے لیے مسلسل ای سی ٹی کی ضرورت ہوتی ہے، کم واضح ہیں۔ اس وجہ سے، یو کے میں اکثر اس کا استعمال نہیں کیا جاتا۔

آپ کا ڈاکٹر کب ای سی ٹی تجویز کر سکتا ہے؟

ای سی ٹی عام طور پر تب تجویز کیا جاتا ہے جب آپ کی حالت نیچے دی گئی حالتوں کے مطابق ہو:

  • آپ کی جان کو خطرہ ہے اور آپ کی جان بچانے کے لیے آپ کو جلد از جلد بہتر ہونے کی ضرورت ہے
  • آپ کے لیے انتہائی تکلیف کا باعث ہے
  • دیگر علاج جیسے ادویات اور نفسیاتی تھیراپی سے افاقہ نہیں ہوا
  • ماضی میں ای سی ٹی سے افاقہ ہوا ہے

ای سی ٹی کتنی مؤثر ہے؟

ای سی ٹی سے لوگوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر بتاتے ہیں کہ زیادہ تر لوگوں کو اپنی علامات میں بہتری دکھتی ہے۔ 2018-2019 میں ای سی ٹی سے علاج کروانے والے ٪ 68 لوگ (کل 2،004 کورس میں سے 1361) اس علاج کے آخر میں ’بہت بہتر‘ یا ’بہت زیادہ بہتر‘ تھے۔ ان میں سے کچھ لوگوں کی حالتوں میں کوئی فرق نہیں پڑا اور لوگوں کی بہت کم تعداد (٪1) کے بارے میں بتایا گیا کہ ان کی حالت بہت خراب تھی۔

ڈپریشن کا علاج

شواہد کا ایک بہت بڑا حصہ یہ دکھاتا ہے کہ ای سی ٹی ڈپریشن کے سنگین معاملوں کے علاج میں کسی بھی دوسرے علاج کر مقابلے میں زیادہ کامیاب ہے۔ جن میں مندرجہ شامل ہیں:

  • ڈپریشن کی ادویات
  • دوا کا نقلی نمونہ - جہاں کسی نئے علاج کی تاثیر کو جانچنے کے لیے کوئی ایسا مادہ یا طریقۂ کار اپنایا جاتا ہے جس کا کوئی جسمانی اثر نہیں ہوتا
  • نیوروموڈیولیشن علاججیسے کہ ٹرانسکرینیل میگنیٹک اسٹیمولیشن(rTMS)۔

ای سی ٹی کے زیر علاج لوگوں میں خودکشی کا خطرہ، ای سی ٹی نہ لینے والوں کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔

صحت مند رہنا

ای سی ٹی بہت زیادہ بیمار لوگوں کو بہتر ہونے اور دوسرے قسم کے علاج کے قابل ہونے میں مدد کر سکتی ہے۔ یہ انہیں زیادہ مدت تک بہتر رہنے میں مدد کر سکتی ہے۔

تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ شدید ڈپریشن کے شکار لوگ جنہیں دواؤں سے کوئی فائدہ نہیں ہوا انہیں ای سی ٹی دینے کی صورت میں بہتر ہونے اور زیادہ مدت تک صحت مند رہنے کے امکان زیادہ ہوتے ہیں۔

جو لوگ ای سی ٹی کروانے کے بعد بہتر ہوئے ہیں ان میں سے آدھے لوگ کم از کم ایک سال تک صحت مند رہیں گے۔ ایسا ہونا تب زیادہ ممکن ہے جب ای سی ٹی ختم ہونے کے بعد ڈپریشن کی ادویات (اینٹی ڈپریسنٹس) یا لیتھیم جیسی دواؤں سے ان کا علاج دیا جائے۔

اس کے مقابلے میں، شدید ڈپریشن کے شکار ایسے لوگ جو دو مختلف قسم کی ڈپریشن کی ادویات (اینٹی ڈپریسنٹس) استعمال کرنے کے باوجود بھی بہتر نہ ہوئے ہوں، ان کو تیسری ڈپریشن کی ادویات (اینٹی ڈپریسنٹس) استعمال کروانے کی صورت میں بہتر ہونے اور کم از کم ایک سال تک صحتمند رہنے کے امکان ٪5 ہیں۔

ای سی ٹی کیسے کام کرتی ہے؟

ای سی ٹی کا اثر ہر علاج کے ساتھ دھیرے دھیرے بڑھتا ہے۔ ای سی ٹی دماغ میں کچھ کیمیکل کے اخراج کا سبب بنتی ہے جو دماغ کے ان حصوں کی نشوونما کا باعث بنتے ہیں جو ڈپریشن کے باعث سکڑ گئے ہوتے ہیں۔

ای سی ٹی جذبات سے منسلک دماغ کے حصوں کے آپس میں تعامل کو بھی تبدیل کرتا دکھائی دیتی ہے۔ ای سی ٹی کے کام کرنے کے طریقوں کو مزید سمجھنے میں ہماری مدد کے لیے تحقیق جاری ہے۔

کیا ای سی ٹی کی مختلف اقسام ہیں؟

ای سی ٹی میں پچھلے کچھ سالوں میں کافی تبدیلی اور بہتری آئی ہے۔ مثال کے طور پر، اس میں استعمال کی جانے والی بجلی کی مقدار اور شکل بدل گئی ہے۔ اس سے مضر اثرات کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔

ای سی ٹی دو طریقوں سے دی جاتی ہے: دو حصوں پر اثرانداز ہونے والی ای سی ٹی اور ایک حصے پر اثرانداز ہونے والی ای سی ٹی۔ آپ کا ڈاکٹر آپ کو مزید وضاحت دے سکے گا اور آپ کو یہ تجویز کرنے میں مدد کرے گا کہ ای سی ٹی کی کون سی قسم آپ کے لیے بہتر رہے گی۔

دو حصوں پر اثرانداز ہونے والی ای سی ٹی میں، متحرک برقی لہریں آپ کے سر کے دونوں اطراف، یعنی کنپٹیوں کے درمیان سے گزرتی ہیں۔ ایک حصے پر اثرانداز ہونے والی ای سی ٹی میں، یہ آپ کے دائیں کنپٹی اور آپ کے ماتھے کے اوپری حصے کے درمیان سے گزرتی ہیں۔ دو حصوں پر اثرانداز ہونے والی ای سی ٹی زیادہ جلدی اثر انداز ہو سکتی ہے، جبکہ ایک حصے پر اثرانداز ہونے والی ای سی ٹی آپ کی یادداشت پر کم اثر انداز ہوتی ہے۔ اس مواد میں مضر اثرات پر مزید معلومات آگے دی گئی ہیں۔

کیا ای سی ٹی کا استعمال بچوں یا نوجوانوں پر کیا جا سکتا ہے؟

ای سی ٹی کا استعمال 11 سال سے کم عمر کے بچوں پر نہیں کیا جا سکتا۔ 11 سے 18 سال کے بچوں میں ایسی ذہنی بیماریاں شاذ و نادر ہی پیدا ہوتی ہیں جن پر ای سی ٹی کا بہتر طور پر مؤثر ہوتی ہیں، لیکن ان کی ایک کم تعداد ہے جس میں ای سی ٹی ان کے لیے مددگار ہو سکتی ہے۔ اسے دینے سے قبل ایک رسمی اور آزادانہ دوسری رائے لینا ضروری ہے۔

آپ ای سی ٹی لیں تو کیا ہوتا ہے؟

ای سی ٹی ہسپتال میں دی جاتی ہے اور عام طور پر یہ ’ای سی ٹی سویٹ‘ کہلانے والے خاص کمروں کے سیٹ میں دیا جاتی ہے۔ کبھی کبھار، اگر یہ دستیاب نہ ہو یا آپ کو جسمانی صحت کے خاص مسائل ہوں تو علاج کسی دوسرے ہسپتال میں زیادہ طبی معاونت کے ساتھ یا آپریشن تھیٹر میں ہو سکتا ہے۔

ای سی ٹی کروانے والے کچھ لوگ ہسپتال میں ہی زیر علاج ہوتے ہیں، جبکہ دیگر اسے دن کے مریض کے طور پر حاصل کرتے ہیں۔ اگر آپ دن کے مریض ہیں تو ایک نامزد، ذمہ دار، بالغ شخص کو ای سی ٹی سویٹ میں آپ کے ساتھ رہنا ہو گا۔

ای سی ٹی سویٹ میں ایک کمرہ ہونا چاہیے جہاں آپ انتظار کر سکیں، ایک کمرہ جہاں آپ کا علاج ہو سکے اور ایک کمرہ جہاں آپ جانے سے پہلے صحتیاب ہو سکیں۔

جب تک آپ وہاں رہیں گے ماہر عملہ آپ کی دیکھ بھال کرے گا۔ وہ علاج سے پہلے آپ کے کسی بھی خدشے یا سوالات کے جواب دینے میں مدد کر سکتے ہیں۔ وہ اینیستھیزیا سے جاگنے کے دوران اور علاج کے فوراً بعد بھی آپ کی مدد کریں گے۔

ای سی ٹی کے لیے تیاری کرنا

آپ کا ای سی ٹی کورس شروع ہونے سے پہلے کے دنوں میں آپ کا ڈاکٹر آپ کے لیے جنرل اینیستھیزیا کے محفوظ ہونے یا نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے کچھ ٹیسٹ کرے گا۔ ان میں آپ کے دل کی دھڑکن (ای سی جی) اور خون کے ٹیسٹوں کے ریکارڈ شامل ہوں گے۔

ای سی ٹی سے کم از کم 6 گھنٹے پہلے آپ کو کچھ بھی کھانا یا پینا نہیں چاہیے، تاہم آپ کو 2 گھنٹے پہلے تک پانی کے کچھ گھونٹ پینے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ ایسا اس لیے ہے تاکہ آپ با حفاظت اینیستھیزیا لے سکیں۔

اگر عام طور پر آپ اس دوران دوائیں لیتے ہیں تو ای سی ٹی کے عملہ سے یہ مشورہ لیں کہ کیا آپ کو اب بھی ایسا کرنا چاہیے۔

آپ کے ای سی ٹی کے علاج کے دن کیا ہوتا ہے؟

  • اگر آپ داخل مریض ہیں تو عملے کا ایک فرد ای سی ٹی سویٹ میں آپ کے ساتھ آئے گا۔ انہیں آپ کی بیماری کے بارے میں معلوم ہو گا اور جو کچھ ہو رہا ہے اس کے بارے میں آپ کو سمجھا سکتے ہیں۔ کئی ای سی ٹی سویٹ آپ کے علاج کے دوران گھر والوں کو انتظارگاہ میں رہنے کی اجازت دیتے ہیں۔
  • آپ ای سی ٹی عملہ کے ایک رکن سے ملیں گے جو معمول کی جسمانی جانچ پڑتال کریں گے (اگر یہ پہلے ہی نہیں کیا جا چکی)۔
  • ہر علاج سے پہلے آپ کی یادداشت سے متعلق سوالات کیے جائیں گے کہ یہ کتنی اچھی ہے۔
  • اگر آپ رضاکارانہ ای سی ٹی لے رہیں ہیں تو عملہ یہ دیکھے گا کہ کیا آپ ابھی بھی اسے کروانے کے خواہشمند ہیں، اور آپ سے پوچھا جائے گا کہ آیا آ پکے ذہن میں مزید کوئی سوالات ہیں۔
  • جب آپ تیار ہوں گے تو ای سی ٹی کا عملہ آپ کو علاج کی جگہ پہ لے جائے گا۔
  • عملہ آپ کے دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر، آکسیجن کی سطح اور دماغی لہروں کی پیمائش کے لیے نگرانی کے آلات لگائے گا۔
  • سانس لینے کے لیے آپ کو ماسک کے ذریعہ آکسیجن دی جائے گی۔ اینیستھیٹسٹ آپ کے ہاتھ کے پچھلے حصے میں انجیکشن کے ذریعہ اینیستھیٹک دے گا۔

آپ کے نیند میں ہونے کے دوران کیا ہو گا؟

  • جب آپ نیند میں ہوں گے تو اینیستھیٹسٹ آپ کو پٹھوں کو آرام دینے والی دوا دے گا اور آپ کے دانتوں کی حفاظت کے لیے ایک ماؤتھ گارڈ آ پ کے منھ پر لگا یا جائے گا۔
  • دھات کی دو ڈسکیں آپ کے سر پر رکھی جائیں گی۔ بائی لیٹرل ای سی ٹی میں ہر ایک آپ کے سر کے دونوں جانب لگائے جاتے ہیں جبکہ یونی لیٹرل ای سی ٹی میں دونوں آپ کے سر کے ایک ہی جانب لگائے جاتے ہیں۔
  • ای سی ٹی مشین تین سے آٹھ سیکنڈوں کے لیے مختصر برقی لہروں کی ایک سیریز خارج کرے گی۔ اس کے نتیجے میں آپ کو ایک کنٹرول شدہ دورہ پڑے گا جو عام طور پر 40 سیکنڈ تک جاری رہتا ہے اور 120 سیکنڈ تک بھی چل سکتا ہے۔ آپ کا جسم اکڑ جائے گا اور پھر جھٹکے لگیں گے جو عام طور پر آپ کے ہاتھوں، پیروں اور چہرے پر ظاہر ہوں گے۔ پٹھوں کو آرام دینے والی دوا آپ کے جسم کی حرکات کو کم کر دیتی ہے۔
  • دی جانے والی برقی لہروں کی مقدار کا انحصار اس مقدار پر ہوتا ہے جو دورہ پڑنے کے لئے ضروری ہوتی ہے۔ آپ کی حالت کی نگرانی کی جائے گی اور ضرورت کے مطابق خوراک کو مقرر کی جائے گی۔

آپ کے بیدار ہونے پر کیا ہوتا ہے؟

  • کچھ ہی دیر میں پٹھوں کو آرام دینے والی دوا کا اثر ختم ہوجائے گا۔ جیسے ہی آپ جاگنے لگیں گے، عملہ آپ کو بحالی والے کمرے میں لے جائے گا۔ یہاں، ایک تجربہ کار نرس آپ کے مکمل طور پر بیدار ہونے تک آپ کی دیکھ بھال کرے گی۔
  • نرس آپ کا بلڈ پریشر چیک کرے گی اور آپ سے کچھ سادہ سوالات پوچھے گی یہ جانچنے کے لیے کہ آپ کس حد تک بیدار ہیں۔ آپ کے خون میں آکسیجن کی سطح کو ماپنے کے لیے ایک چھوٹا سا مانیٹر آپ کی انگلی پر لگا ہو گا۔ آپ ایک آکسیجن ماسک کے ساتھ جاگ سکتے ہیں۔ آپ کو مکمل طور پر بیدار ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے اور شروعات میں شاید آپ کو یہ بھی اندازہ نہ ہو کہ آپ کہاں ہیں۔ آدھے گھنٹے کے بعد یہ اثرات ختم ہو جانے چاہئیں اور یہ جانچنے کے لیے آپ سے کچھ سوالات پوچھے جائیں گے۔
  • کئی ای سی ٹی سویٹس میں ایک دوسری جگہ ہوتی ہے جہاں آپ چائے پی سکتے ہیں یا دوسرے ہلکی پھلکی کھانے کی چیزیں لے سکتے ہیں۔ آپ ای سی ٹی سوئٹ تب چھوڑ سکتے ہیں جب آپ کی جسمانی حالت مستحکم ہو اور آپ جانے کے لیے بالکل تیار ہوں۔
  • یہ سارا عمل عام طور پر تقریباً ایک گھنٹا لے سکتا ہے۔

ہر علاج کے بعد کے 24 گھنٹے میں، آپ الکوحل نہیں پی سکتے یا کسی بھی قانونی کاغذ پر دستخط نہیں کر سکتے۔

24 گھنٹے آپ کے ساتھ ایک ذمہ دار بالغ شخص ہونا چاہیے۔

ای سی ٹی کتنی بار دی جاتی ہے؟

عام طور پر ای سی ٹی ہفتے میں دو بار دی جاتی ہے اور ہر علاج کے بیچ کچھ دنوں کا وقفہ ہوتا ہے۔ بہتری دکھنے میں آپ کو کئی سیشن لگ سکتے ہیں۔

یہ پہلے سے اندازہ لگانا ممکن نہیں ہے کہ آپ کو کتنے علاج کی ضرورت پڑے گی۔ اوسطاً، آپ کو ایک کورس میں 9 یا 10 علاج ملیں گے، تاہم اس سے زیادہ ملنا بھی عام بات ہے۔

اگر علاج نمبر 6 کے بعد بھی آپ میں کوئی بہتری نہ ہوئی ہو تو ای سی ٹی کو جاری رکھنے یا بدلنے کے بارے میں تبادلۂ خیال کرنے کے لیے آپ کے ڈاکٹر کے ساتھ آپ کے علاج کے منصوبے کا جائزہ لیا جائے گا۔

آپ کا طبی عملہ عام طور پر ہر ہفتے آپ کی بدلتی حالت اور دیگر ضمنی اثرات کا جائزہ لے گا۔ آپ سے آپ کی یادداشت کے بارے میں پوچھا جائے گا اور اسے باقاعدگی سے پرکھا جائے گا۔

آپ کی مکمل صحتیابی کے بعد یا اگر آپ یہ مزید نہیں لینا چاہتے اور اس حد تک صحت مند ہیں کہ اس فیصلے کو سمجھنے کے قابل ہوں تو ای سی ٹی روک دی جائے گی۔

ای سی ٹی کے ایک کورس کے بعد کیا ہوتا ہے؟

ای سی ٹی صحتمند ہونے کا ایک حصہ ہے۔ اس سے آپ کو علاج یا مدد کی دیگر اقسام کو نئے سرے سے یا دوبارہ سے شروع کرنے میں مدد ملنی چاہیے۔

عام طور پر آپ ای سی ٹی کے بعد ادویات شروع کر سکتے ہیں یا جاری رکھ سکتے ہیں۔ یہ ای سی ٹی سے آپ میں آئی بہتری کو جاری رکھنے میں مددگار ہوں گی۔

کبھی کبھار آپ کو دوبارہ بیمار ہونے سے بچانے کے لیے ای سی ٹی جاری رکھی جا سکتی ہے۔ خاص طور پر ایسا تب ہوتا ہے جب ماضی میں آپ ای سی ٹی کے بعد دوبارہ بیمار ہو گئے ہوں۔ یہ ’تسلسل‘ یا ’دیکھ بھال‘ ای سی ٹی کے نام سے جانی جاتی ہے، اور یہ کم کثرت سے مثلاً 4-2 ہفتوں میں دیی جاتی ہے۔

سی بی ٹی یا مشاورت جیسے بات چیت والے علاج آپ کو بیمار پڑنے کی وجوہات اور بہتر رہنے کے راستے سمجھنے میں مدد کرسکتے ہیں۔ آپ کی روزمرہ کی زندگی میں تبدیلی بھی کافی مددگار ہو سکتی ہے۔ ان میں باقاعدگی سے ورزش کرنا، اچھی غذا لینا، نیند کا باقاعدہ معمول بنانا، خبرداری اور مراقبے جیسی تکنیکوں کا استعمال شامل ہے۔

ای سی ٹی کلینک یا جس ماہر نفسیات نے آپ کے علاج کا انتظام کیا ہے وہ آخری علاج سے 2 مہینے بعد آپ سے رابطہ کرے گا اور آپ کی یادداشت کے بارے میں سوالات کرے گا۔ اگر آپ کو اپنی یادداشت کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے تو آپ تفصیلی جانچ کے لیے نیورو سائیکالوجسٹ یا میموری اسسمنٹ سروس سے رجوع کرنے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔

ای سی ٹی کے ضمنی اثرات کیا ہیں؟

کسی بھی دوسرے علاج کی طرح، ای سی ٹی کے بھی ضمنی اثرات ہو سکتے ہیں۔

ضمنی اثرات عام طور پر ہلکے اور مختصر مدتی ہوتے ہیں لیکن بعض اوقات شدید اور ممکنہ طور پر دیرپا بھی ہو سکتے ہیں۔

اگر آپ عورت یا بوڑھے ہیں تو محرک لہروں کی زیادہ مقدار کی ضرورت ہونے کی صورت میں ضمنی اثرات کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے۔

اگر آپ ای سی ٹی کے کورس کے دوران ہی ضمنی اثرات محسوس کر رہے ہیں تو علاج کو اس کے مطابق ہم آہنگ کیا جا سکتا ہے۔

جز وقتی ضمنی اثرات

ای سی ٹی کے فوراً بعد، آپ کو مندرجہ ذیل کا تجربہ ہو سکتا ہے:

  • سر درد
  • پٹھوں اور/یا جبڑے میں درد
  • اینیستھیٹک کے اثرات ختم ہوتے ہی تھکاوٹ
  • الجھن، خاص طور پر اگر آپ بوڑھے ہیں (یہ عام طور پر 30 منٹ کے بعد ختم ہو جاتا ہے)
  • متلی یا ابکائی۔

آپ کی ای سی ٹی کے بعد جاگنے تک ایک نرس آپ کے ساتھ ہو گی۔ وہ آپ کو پیراسٹامول کی طرح کوئی سادہ درد کش دوا بھی دے سکتے ہیں۔

40٪ مریضوں کو ای سی ٹی کروانے کے دوران جزوقتی یادداشت کے مسائل ہو سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، وہ اس دوران ان سے ملنے والے لوگوں سے کی گئی بات چیت بھول سکتے ہیں۔

تاہم، ای سی ٹی کروانے سے پہلے لگ بھگ ٪17 لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کی یادداشت پہلے سے ہی اتنی خراب ہو چکی تھی کہ انہیں مسائل پیدا ہونے لگے تھے۔ یادداشت پر ای سی ٹی کے وجہ سے ہونے والے اثرات کو بیماری کی وجہ سے ہونے والے اثرات سے الگ کر پانا مشکل ہے۔

زیادہ تر لوگوں میں، آخری علاج کے دو مہینوں میں ہی یادداشت سے جڑے مسائل ختم ہوجاتے ہیں اور کوئی پریشانی یا مشکل پیش نہیں آ تی۔

تمام طرح کے طبی طریقۂ کار میں خطرہ شامل ہوتا ہے۔ اگر اینیستھیٹسٹ آپ کو اینیستھیٹک غیر محفوظ سمجھتا ہے تو آپ ای سی ٹی نہیں کروا سکیں گے۔

جو لوگ ڈپریشن کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہوئے ہیں ای سی ٹی کروانے کی صورت میں ان کے مرنے کے امکانات ای سی ٹی نہ کروانے کے مقابلے میں کم ہے۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کہ ای سی ٹی لوگوں کو صحتیاب ہونے میں مدد کرتی ہے یا کیونکہ ای سی ٹی کروانے والے لوگ کو بہتر طبی دیکھ بھال ملتی ہے۔

شاذونادر ہی ای سی ٹی زیادہ لمبے دورے کا سبب بنتی ہے۔ اس کا طبی عملے کے ذریعہ فوری طور پر علاج کیا جائے گا۔

طویل مدتی ضمنی اثرات

طویل مدتی ضمنی اثرات کی حد متنازعہ ہے۔

وسیع سائنسی تحقیق میں ای سی ٹی کروانے والے مریضوں میں جسمانی دماغی نقصان کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ ای سی ٹی کے بعد مرگی، ہارٹ اٹیک یا ڈیمینشیا کا کوئی بڑھتا ہوا خطرہ نہیں ہے۔

ای سی ٹی کا سب سے سنگین ممکنہ طویل مدتی ضمنی اثر یہ ہے کہ آپ اپنے ماضی کے کچھ واقعات کو بھول سکتے ہیں۔ بہت کم مریض اپنی زندگی میں ای سی ٹی سے پہلے پیش آئے واقعات کے بارے میں اپنی یادداشت کی کمی کی اطلاع دیتے ہیں۔ یہ ان واقعات کی یادوں کو متاثر کرتی ہے جو ڈپریشن کے آغاز کے دوران یا اس سے کچھ وقت پہلے ہوئے تھے۔ بعض اوقات یہ یادیں مکمل یا جزوی طور پر بحال ہوجاتی ہیں، لیکن بعض اوقات یہ خلاء مستقل بھی ہوسکتے ہیں۔ حالیہ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ یک طرفہ ای سی ٹی کروانے والے ٪7 افراد ای سی ٹی کے 12 ماہ بعد مستقل یادداشت میں کمی کی اطلاع دیتے ہیں۔

اگر آپ ای سی ٹی نہیں لیتے تو کیا ہو سکتا ہے؟

آپ کو اور آپ کے ڈاکٹر کو ای سی ٹی کروانے اور نہ کروانے کے صؤرت کی صورت میں لاحق خطرات کو متوازن کرنے کی ضرورت ہو گی۔ ای سی ٹی نہ لینے کی صورت میں آپ کو مندرجہ ذیل چیزوں کے لاحق ہونے کے امکان بڑھ جاتے ہیں:

  • طویل مدتی اور معذور کن ذہنی بیماری
  • نہ کھانے اور پینے کی کمی میں سنگین جسمانی بیماری (اور ممکنہ طور پر موت)
  • خود کشی سے موت کے بڑھا ہوا خدشہ

ڈرائیونگ اور ای سی ٹی

اگر آپ شدید بیمار ہیں کہ آپ کو ای سی ٹی کی ضرورت پڑے تو آپ کو ڈرائیونگ نہیں کرنی چاہئے۔ ڈی وی ایل اے کے مشورے کے مطابق آپ کو ای سی ٹی کے کورس کے دوران ڈرائیونگ نہیں کرنی چاہئے۔ کورس مکمل کرنےکےبعد آپ کو دوبارہ گاڑی چلانا شروع کرنے میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے۔ ڈی وی ایل اے یہ فیصلہ آپ کے ڈاکٹر کے مشورے سے کرے گا۔

اگر ای سی ٹی کا مقصد آپ کو ٹھیک رکھنے میں مدد کرنا یا دیکھ بال کرنا ہے تو آپ عام طور پر گاڑی چلانا جاری رکھ سکتے ہیں۔ تاہم آپ کو ای سی ٹی علاج کے بعد کم از کم 48 گھنٹے تک گاڑی، موٹرسائیکل اور بھاری مشینیں نہیں چلانی چاہئیں۔

ای سی ٹی کے بارے میں فیصلہ کرنا

ای سی ٹی کے متعلق رضامندی

کسی بھی اہم سرجری کی طرح ای سی ٹی سے پہلے بھی آپ سے اجازت طلب کی جائے گی۔ ای سی ٹی علاج، اس کے کرنے کی وجوہات اور ممکنہ فوائد اور نقصانات سے آپ کو آگاہ کیا جائے گا۔

اگر آپ اس علاج کے حق میں فیصلہ کرتے ہیں تو آپ کو دستخط کرنے کے لئے رضامندی کا فارم دیا جائے گا۔ یہ ایک ریکارڈ ہے کہ آپ کو ای سی ٹی کے بارے میں بتایا گیا ہے اور آپ اس بات کو سمجھتے ہیں کے اس میں کیا ہونے والا ہے اور آپ اس عمل کے لئے رضامند ہیں۔ اگر تو ہنگامی صورتِحال درپیش نہیں ہے تو آپ کو کم از کم 24 گھنٹے دیئے جائیں گے جس میں آپ اپنے رشتہ داروں، دوستوں اور مشیروں سے مشورہ کر سکیں۔

آپ کسی وقت بھی یہاں تک کہ علاج سے پہلے بھی رضامندی واپس لے سکتے ہیں۔ آپ کو علاج کے لیے رضامندی دینے سے متعلق اپنے حقوق کے بارے میں معلومات دی جانی چاہیے۔

ای سی ٹی لینے کے بارے میں رضامندی سے متعلق معلومات کیئر اس لنک پر موجود ہیں Care Quality Commission (CQC) website (PDF)۔

کیا آپ ای سی ٹی سے متعلق اپنی خواہشات کا اظہار پہلے سے کر سکتے ہیں؟

اگر آپ ای سی ٹی کے حق میں یا اس کی مخالفت میں کوئی خیال رکھتے ہیں تو آپ کو ڈاکٹروں اور نرسوں کو ان سے آگاہ کرنا چاہیے۔ آپ کو چاہیے کہ آپ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں اور کسی ایسے شخص کو بتائیں جو آپ کی مدد کرے یا آپ کے لیے بول سکے۔ ڈاکٹروں کو آپ کی رائے مدنظر رکھنی چاہیے تاکہ وہ اس بات پر غور کر سکیں کہ آیا ای سی ٹی آپ کے حق میں بہترین فیصلہ ہے یا نہیں۔

اگر ٹھیک ہونے کے بعد آپ کو یقین ہے کہ آپ دوبارہ بیمار ہونے پر ای سی ٹی نہیں چاہیں گے تو آپ اپنی خواہش کا بیان لکھوا سکتے ہیں۔ اسے انگلینڈ، نورتھ آئرلینڈ اور ویلز میں ”اعلیٰ فیصلہ “ اور اسکاٹ لینڈ میں ”اعلیٰ بیان“ کے طور پر جانا جا سکتا ہے۔ سوائے انتہائی مخصوص حالات کے ان خواہشات کو پورا کیا جانا چاہیے۔ یہ ایک پیچیدہ موضوع ہے اور اس وسائل کے دائرہ سے باہر ہے۔

ای سی ٹی کے ساتھ پہلے کامیاب علاج کروانے والے لوگوں نے اسے اس قدر مددگار پایا کہ انہوں نے یہ ریکارڈ کروایا ہے کہ دوبارہ بیمار پڑنے پر بھی وہ ای سی ٹی کروانا چاہیں گے۔ چاہے علاج کے دوران انہوں نے کہا ہو وہ ایسا نہیں چاہیں گے۔

کیا آپ کو ای سی ٹی آپ کی اجازت کے بغیر دی جا سکتی ہے؟

اگر کسی کے پاس یہ فیصلہ کرنے کی صلاحیت ہے تو یہ ان کی مکمل باخبر رضامندی کے بغیر نہیں دیا جا سکتا۔

کچھ لوگ اتنے بیمار ہو جاتے ہیں کہ ان کے پاس ای سی ٹی کے بارے میں فیصلہ کرنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ علاج کی نوعیت، مقصد یا اثرات کو بہتر طریقے سے نہیں سمجھ سکتے، اس معلومات کو یاد نہیں رکھ سکتے، یا ای سی ٹی لینے کے فوائد اور نقصانات کو بھرپور طریقے سے نہیں سمجھ سکتے۔

برطانیہ میں ایسے قوانین موجود ہیں جو ڈاکٹروں کو اس صورتحال میں لوگوں کو ای سی ٹی علاج دینے کے بارے میں فیصلے کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ یہ قانونی تحفظات کے ساتھ آتے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ علاج صرف اس صورت میں دیا جاتا ہے جب یہ بالکل ضروری ہو۔

یہ صورتِحال تقریباً آدھے لوگوں کو درپیش آتی ہے جو ای سی ٹی کا علاج کرواتے ہیں۔ جو لوگوں اس طرح سے ای سی ٹی لیتے ہیں ان کی ای سی ٹی بھی رضامندی دینے والوں کی طرح ہوتی ہے۔

جب کوئی بہتر ہو جاتا ہے اور دوبارہ اس کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت بحال ہو جائے تو اس کی رضامندی دوبارہ طلب کرنا ضروری ہے۔

رضامندی اور ای سی ٹی کے متعلق مزید معلومات اس لنک پر دیکھی جا سکتی ہیں CQC website(PDF)۔

آپ کے اسپتال میں ای سی ٹی کے معیار کا اندازہ کیسے لگایا جا سکتا ہے؟

ای سی ٹی ایکریڈیٹیشن نیٹ ورک (ای سی ٹی اے ایس) انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں ذہنی صحت کی خدمات کا ایک رضاکارانہ نیٹ ورک ہے جو ای سی ٹی علاج میں بہترین مشق کو فروغ دیتا ہے۔ یہ نیٹ ورک ای سی ٹی کلینکوں کی مدد کر کے نگہداشت کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے تاکہ حفاظت اور قانونی مسائل جیسے متفقہ معیارات پر پورا اترا جا سکے۔

اسکاٹش ای سی ٹی یکریڈیٹیشن نیٹ ورک (ایس ای اے این) اسی طرح کا کام کرتا ہے اور اسکاٹ لینڈ میں ہر ای سی ٹی سروس کا احاطہ کرتا ہے۔

ای سی ٹی اے ایس اور ایس ای اے این، ای سی ٹی سروسز کے قانونی ضابطہ کار نہیں ہیں۔ یہ انگلینڈ میں کیئر کوالٹی کمیشن، ویلز میں ہیلتھ کئر انسپکٹوریٹ ویلز، اسکاٹ لینڈ میں ہیلتھ کیئر امپروومنٹ اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں ریگولیشن اینڈ کوالٹی امپروومنٹ اتھارٹی کی ذمہ داری ہے۔

مجھے مزید معلومات کہاں سے مل سکتی ہے؟

آپ نیچے دئیے گئے لنکس کے ذریعے مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں:

مزید مطالعے کے لئے

نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسیلنس (این آئی سی ای)

تشکر

یہ معلومات رائل کالج آف سائیکائیاٹرسٹس (Royal College of Psychiatrists) کے پبلک انگیجمنٹ ایڈیٹوریل بورڈ (PEEB) نے فراہم کی ہیں۔ اس میں تحریر کے وقت دستیاب بہترین شواہد پیش کیے گئے ہیں۔

ماہر جائزہ کنندگان اور فراہم کنندگان

  • ای سی ٹی اور متعلقہ علاج پر کمیٹی
  • الیکٹروکونوولسیو تھراپی ایکریڈیٹیشن سروس (ای سی ٹی اے ایس)
  • اسکاٹش ایکریڈیٹیشن نیٹ ورک (ایس ای اے این)
  • پروفیسر وینڈی برن، پی ای ای بی کی سابقہ اور موجودہ صدر۔

اس معلومات پر مارچ 2022 میں نظر ثانی کی گئی تھی

This translation was produced by CLEAR Global (Jul 2024)

Read more to receive further information regarding a career in psychiatry