جوئے کی لت
Gambling disorder
Below is an Urdu translation of our information resource on gambling disorder. You can also view our other Urdu translations.
یہ معلومات ان تمام لوگوں کے لیے ہے جو اپنی جوا کھیلنے سے پریشان ہیں یا کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں جس کے لیے جوا مسئلہ بن چکا ہے۔
جوئے کی لت کیا ہے؟
جوئے کی لت دہرایا جانے والا جوا کھیلنے کا رویہ ہے جس میں کسی کو:
- لگتا ہے کہ وہ قابو کھو چکا ہے
- منفی نتائج کے باوجود جوا کھیلنا جاری رکھتا ہے اور
- جوئے کو اپنی دیگر تمام دلچسپیوں اور سرگرمیوں سے زیادہ اہم سمجھتا ہے۔
جوئے کی لت کو بعض اوقات اضطراری جوا، مسئلہ جاتی جوا یا جوئے کی عادت بھی کہا جاتا ہے۔
جوئے کی لت آپ کی ذاتی اور خاندانی زندگی، آپ کے کام اور تعلیم اور آپ کی پسندیدہ چیزوں پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔
جوئے کی لت کس حد تک عام ہے؟
برطانیہ میں جوا ایک نسبتاً عام سرگرمی ہے جو لوگ تفریح کی خاطر کرتے ہیں۔ تاہم، کچھ لوگوں کے لیے جوئے کی اپنی عادت پر قابو رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
100 میں سے تقریباً ہر 1 شخص جوئے کی لت میں مبتلا ہے۔ ہر 100 میں سے مزید 4 سے 7 افراد ایسے ہیں جو خطرناک حد تک جوا کھیلتے ہیں جو کہ مستقبل میں ایک مسئلہ بن سکتا ہے۔
جوا کھیلنے کی کتنی اقسام ہیں؟
زیادہ تر لوگ لاٹری، کھیلوں پر یا کیسینو میں کھیلوں کے ذریعے جوا کھیلنے سے واقفیت رکھتے ہیں۔ تاہم، کچھ لوگوں کو سرمایہ کاری اور ٹریڈنگ کے ذریعے یا موبائل اور آن لائن گیموں پر پیسے خرچ کرنے سے بھی جوئے کی لت لگ سکتی ہے۔
اکثر لوگ یہ تسلیم نہیں کرتے کہ یہ بھی جوئے کی ایک قسم ہے اور انہیں یہ تسلیم کرنے میں مشکل ہوتی ہے کہ وہ اس پر قابو کھو چکے ہیں۔
جوئے کی لت کی کیا وجوہات ہیں؟
دیگر دماغی صحت کے مسائل کی طرح، جوئے کی لت کی بھی کوئی ایک واضح وجہ نہیں ہے۔ کسی شخص میں جوئے کی لت پیدا ہونے کی حیاتیاتی، جینیاتی، ماحولیاتی اور نفسیاتی وجوہات ہوتی ہیں۔
خطرے کے عوامل
کوئی بھی جوئے کی لت میں مبتلا ہو سکتا ہے۔ تاہم، ہمیں معلوم ہے کہ کچھ لوگوں میں یہ خرابی پیدا ہونے کا امکان زیادہ ہو سکتا ہے۔ وہ عوامل جو آپ میں جوئے کی لت کے امکانات بڑھا سکتے ہیں، ان میں سے کچھ مندرجہ ذیل ہیں:
- صنف – اگر آپ مرد ہیں، تو آپ کو جوئے کی لت لگنے کا امکان چار گنا زیادہ ہوتا ہے، حالانکہ خواتین میں عادی جواری کی لت کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے۔
- ثقافتی گروہ اور نسل – اگر آپ سیاہ فام، ایشیائی یا کسی اقلیتی نسلی پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں تو آپ کو جوئے کی لت لگنے کا امکان سات گنا زیادہ ہوتا ہے۔
- خاندانی پس منظر – اگر آپ کے خاندان میں کسی کو جوئے کی لت یا کسی اور نشے کی عادت رہی ہے، خاص طور پر اگر وہ آپ کے والدین میں سے کوئی ہوں۔
- جوئے کا ذاتی پس منظر – اگر آپ کو کم عمری میں یا جوا کھیلنے کے ابتدائی مرحلے میں کسی بڑی جیت کا تجربہ ہوا ہو یا ایسا دیکھا ہو۔
- منشیات اور شراب – اگر آپ زیادہ شراب پیتے ہیں یا غیر قانونی منشیات استعمال کرتے ہیں۔
- دماغی صحت – اگر آپ کو دماغی صحت کا مرض ہو جیسا کہ ڈپریشن، بے چینی، شخصی خرابیاں یا نفسیاتی عارضے وغیرہ۔
- کام کی جگہ – اگر آپ کسی جوئے کے اڈے میں کام کرتے ہیں جیسے کہ کیسینو، بیٹنگ شاپ یا آرکیڈ۔
- مالی مشکلات – اگر آپ مالی مشکلات کا شکار ہیں یا بے روزگار ہیں۔
- جسمانی صحت – اگر آپ کی جسمانی صحت کمزور ہے یا آپ کو کسی قسم کا جسمانی صحت کا عارضہ لاحق ہے۔
- دوا سے علاج – اگر آپ اپنی جسمانی یا دماغی صحت کے لیے دوا سے علاج کر رہے ہیں جو ہمارے دماغ میں موجود ‘اچھا محسوس کرنا’ کیمیکل ڈوپامین پر اثر انداز انداز ہوتا ہے۔ دوا سے علاج کی ان مثالوں میں جو پارکنسنز کی بیماری کے لیے استعمال ہونے والی لیووڈوپا، یا شدید دماغی خلل یا جنون کی علامات کے لیے ایریپپرازول شامل ہیں۔
کیا مجھے جوئے کی لت لگ چکی ہے؟
اگر آپ کو آپ جوئے کی لت میں مبتلا ہونے کی فکر ہے تو، مندرجہ ذیل سوالات کے جواب دینا مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ گزشتہ 12 ماہ کے دوران اپنے تجربات پر غور کریں اور درج ذیل سوالات کے جوابات 0 سے 3 کے درمیان کسی ایک سکور کا انتخاب کر کے دیں۔
- کیا آپ نے اپنی استطاعت سے زیادہ رقم جوئے میں لگائی ہے؟
کبھی بھی نہیں (0)، کبھی کبھار (1)، اکثر (2)، تقریباً ہمیشہ (3)
- کیا لوگوں نے آپ کی شرط لگانے پر تنقید کی ہے یا آپ سے کہا ہے کہ آپ کو جوئے کا مسئلہ ہے، اس سے قطع نظر کہ آپ کے نزدیک یہ صحیح تھا یا غلط تھا؟
کبھی بھی نہیں (0)، کبھی کبھار (1)، اکثر (2)، تقریباً ہمیشہ (3)
- کیا آپ نے اپنے جوا کھیلنے کے انداز یا اس کے نتائج کے بارے میں احساسِ جرم یا ندامت محسوس کی ہے؟
کبھی بھی نہیں (0)، کبھی کبھار (1)، اکثر (2)، تقریباً ہمیشہ (3)
آپ نے ہر سوال کے لیے جو نمبر منتخب کیے ہیں انہیں جمع کریں اور نیچے اپنا سکور دیکھیں۔
سکورنگ:
0 = بغیر کسی مسئلے کے جوا کھیلنے والا
1 = کم خطرے والا جواری
2-3 = درمیانے خطرے والا جواری
+4 = مسئلہ جاتی جواری
اگر آپ کا اسکور 4 یا اس سے زیادہ ہے، تو آپ کو اپنے جنرل پریکٹیشنر یا کسی جوئے کے علاج فراہم کرنے والے ادارے (درج ذیل) سے مدد لینی چاہیے، کیونکہ آپ کا سکور ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو جوئے کی لت لگ چکی ہے۔
جوئے کی لت سے وابستہ نقصانات کیا ہیں؟
جوئے کی لت میں مبتلا افراد کے لیے مندرجہ ذیل نقصانات کا سامنا کرنے کا امکان دیگر لوگوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے:
مالی نقصانات
ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:
- واجب الادا یوٹیلیٹی بل
- خاندان، دوستوں یا سود خوروں سے قرض لینا
- بھاری قرضے
- اپنی قیمتی اشیاء گروی رکھنا یا بیچنا
- بے دخلی یا ضبطگی
- قرض نادہندہ
- جوئے میں پیسہ لگانے کے لیے دھوکہ دہی، چوری یا غبن جیسے غیر قانونی کام کرنا
- دیوالیہ پن
- خراب لین دین کا حساب۔
خاندانی نقصانات
ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:
- جوئے میں اس قدر محو ہو جانا کہ معمول کی خاندانی زندگی متاثر ہو جائے
- پیسوں اور قرضوں پر جھگڑوں میں اضافہ
- اپنے پیاروں کے ساتھ جذباتی یا جسمانی بدسلوکی یا لاپرواہی
- رشتوں میں مسائل، علیٰحدگی یا طلاق۔
صحت کے نقصانات
ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:
- عزت نفس میں کمی
- تناؤ سے متعلقہ عارضے
- بے چینی، فکر یا متلون مزاجی
- نیند اور بھوک کی کمی
- منشیات کا غلط استعمال
- ڈپریشن
- خودکشی کے خیالات یا کوششیں۔
سکول، کالج یا کام سے متعلق نقصانات
ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:
- سکول، کالج یا روزگار کی جگہ پر ناقص کارکردگی
- ملازمت برقرار رکھنے میں دشواری
- کام سے غیرحاضری، بیمار ہونے کا بہانہ بنانا یا توجہ مرکوز کرنے اور کام مکمل کرنے میں مشکل پیش آنا
- اخراج یا برطرفی۔
اگر آپ اپنے ذاتی رویے میں ان نقصانات میں سے کسی کو پہچانتے ہیں تو، آپ کو مدد لینی چاہیے۔
کیا مجھے جوا کھیلنا چھوڑ دینا چاہیے یا اس پر قابو پانے کی کوشش کرنی چاہیے؟
اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو جوئے کی لت لگ سکتی ہے تو، سب سے پہلے مدد حاصل کرنا بہتر ہو گا۔ ایک بار جب آپ یہ کر لیتے ہیں تو، آپ یہ طے کر سکتے ہیں کہ آیا آپ رکنے کے لیے تیار ہیں یا اس کے بجائے اپنے جوئے کی لت پر قابو پانا سیکھنا چاہتے ہیں۔ بہت سے لوگ جو اپنے جوئے کی لت پر قابو پانا چاہتے ہیں، بعد میں مدد لینے پر وہ اسے مکمل طور پر چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
قابو کردہ جوا مشکل ہو سکتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ جب کسی کے لیے جوا ایک مسئلہ بن جاتا ہے تو، ان کے لیے خود پر قابو رکھنا اور بغیر مسئلہ کیے دوبارہ جوا کھیلنے مشکل ہو سکتا ہے۔ یہ رویہ دیگر قسم کی لت کی طرح ہے، جیسے کہ شراب یا منشیات کا عادی ہونا۔
کون سی مدد دستیاب ہے؟
ادراکی رویہ جاتی تھراپی (سی بی ٹی)
ادراکی رویہ جاتی تھراپی بول چال سے علاج ہے۔ یہ لوگوں کو سوچنے اور مناسب طرزِ عمل کے مزید مددگار طریقوں کو ڈھونڈنے میں مدد دے کر انہیں اپنی مشکلات سے نمٹنے میں مدد دیتی ہے۔
شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ اگر آپ کو جوئے کی لت لگ چکی ہے تو، آپ جوئے کے بارے میں اکثر دوسروں سے مختلف انداز میں سوچیں گے۔ آپ کو یہ یقین ہو سکتا ہے کہ:
- آپ کے جیتنے کا امکان دوسرے لوگوں سے زیادہ ہے
- بے ترتیب نمبروں والا کھیل جیسے کہ رولیٹ میں بعض نمبروں کے آنے کا امکان دوسروں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے
- لگاتار دو بار جیتنے کا مطلب ہے کہ آپ 'جیتنے کے تسلسل' میں ہیں
- اگر آپ اس سے واقف ہیں تو آپ کے موقعے کے کھیل میں آپ کے جیتنے کا زیادہ امکان ہے
- مخصوص رسومات آپ کے لئے خوش قسمتی لا سکتی ہیں
- ہارنے کے بعد آپ مزید جوا کھیل کر اپنا نقصان پورا کرسکتے ہیں۔
تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ ادراکی رویہ جاتی تھراپی آپ کو سوچنے اور بہتر رویے کے مزید طریقے تلاش کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔ یہ آپ کو جوئے سے باہر کی زندگی کے بارے میں سوچنے پر بھی مجبور کر سکتی ہے، اور:
- جوا کھیلنے کے دنوں کی تعداد کم کر سکتی ہے
- اپنی ہاری جانے والی رقم کو کم کر سکتی ہے اور
- ایک مرتبہ رکنے کے بعد خود کو جوا کھیلنے سے زیادہ دیر تک دور رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔
جوئے کے لیے ادراکی رویہ جاتی تھراپی انفرادی طور پر یا گروپ میں عام طور پر ایک گھنٹے کی آٹھ نشستوں میں فراہم کی جاتی ہے۔ ادراکی رویہ جاتی تھراپی میں، آپ مندرجہ ذیل کام کریں گے:
- جوا کھیلنے کے اپنے مواقع کو کم کرنے کے لیے حکمت عملی سیکھیں گے
- اپنی خواہشات اور محرکات کو منظم کریں گے
- جوئے سے متعلق اپنے کچھ خیالات کو للکاریں گے۔
نشستوں کے درمیان اکثر ایسے کام مکمل کرنا ہوتے ہیں جن کو تھراپی میں شامل موضوعات پر مواد بنانے میں مددگار ہوتے ہیں۔
دوا سے علاج
نلٹریکسون ایک قسم کی دوا ہے جس سے الکوحل اور اوپیوڈ جیسی لت کا علاج کیا جاتا ہے۔ اب ہم جانتے ہیں کہ جوئے کی لت سے نمٹنے میں اس دوا کے مددگار ہونے پر کافی ثبوت موجود ہیں۔
نلٹریکسون خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے جنہوں نے نفسیاتی علاج کی کوشش کی ہے لیکن جوا چھوڑنے میں ناکام رہے ہیں اور پھر سے جوا کھیلنے کی شدید خواہش کا سامنا کرتے ہیں۔ یہ لوگوں کو کم جوا کھیلنے اور جوئے سے دور رہنے میں مدد دے سکتی ہے۔
CNWL نیشنل پرابلم گیمبلنگ کلینک ایک ماہر نفسیات کے جائزے کے بعد نلٹریکسون تجویز کر سکتا ہے۔ جی پی عام طور پر نلٹریکسون تجویز نہیں کرتے۔ تاہم، جی پی ایک ماہر نفسیات کے ذریعہ نسخہ شروع ہونے کے بعد اسے جاری رکھنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔
جوئے کی لت میں مبتلا لوگوں میں دیگر دماغی صحت کے مسائل عام ہیں۔ اگر ایسا ہے تو، دافع ڈپریشن جیسی دوا سے علاج تجویز کی جا سکتا ہے۔ دماغی صحت کا مرض بہتر طور پر سنبھالے جانے کے بعد، جوئے کی لت میں بھی بہتری ہو سکتی ہے۔
12 مراحل پر مبنی پروگرام
12 مرحلے پر مبنی پروگرام، جیسا کہ گمنام جواری، فرض کرتے ہیں کہ جوئے یا الکوحل پر انحصار ایک بیماری ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ آپ کی مدد کرنے کے لیے بہترین لوگ وہ ہیں جو ایسے ہی تجربات سے گزر چکے ہوں۔
باقاعدگی سے ملاقاتیں رکھی جاتی ہیں جہاں ارکان اپنے مسائل اور ان پر قابو پانے کے طریقوں کا اشتراک کرتے ہیں۔ یو کے بھر میں میں ملاقاتوں کی پیشکش کی جاتی ہے اور جوئے کی لت میں مبتلا بہت سے افراد اس کو فائدہ مند پاتے ہیں۔
اضافی معاونت
آپ کو عملی مدد کی بھی ضرورت ہو سکتی ہے، جیسا کہ:
- اپنے قرضوں کا انتظام کرنا
- خاندانی مسائل سے نمٹنا یا
- دیگر ذہنی/نفسیاتی مسائل کا علاج۔
اگر ایسا ہے تو، آپ اپنے جنرل پریکٹیشنر یا قرض کے انتظام کرنے والے خیراتی ادارے، جیسے اسٹیپ چینج سے تعاون حاصل کر سکتے ہیں۔
اگر میں مدد نہیں لیتا تو کیا ہو گا؟
جوئے کی لت میں مبتلا 3 میں سے 1 فرد بغیر علاج کے خود ہی ٹھیک ہو جائیں گے۔ ہر 3 میں سے تقریباً 2 کو مسائل ہوتے رہیں گے، جو وقت کے ساتھ بدتر ہوتے چلے جاتے ہیں۔
کسی کے مدد حاصل کرنے کی راہ میں کیا حائل ہو سکتا ہے؟
ایسی بہت سی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے کسی کو ان کی جوئے کی لت میں مدد نہیں مل پاتی۔
اکثر جوئے کی لت میں مبتلا افراد کو اپنے جوا کھیلنے کو ایک مسئلہ کے طور پر پہچاننا مشکل ہو سکتا ہے یا مثبت پہلوؤں پر زیادہ توجہ مرکوز کر سکتے ہیں، جیسا کہ پیسہ جیتنا یا سماجی میل جول رکھنا۔ یہاں تک کہ اگر کوئی اپنے جوا کھیلنے کو ایک مسئلہ کے طور پر تسلیم کرتا ہے تو، مندرجہ ذیل چیزیں مدد حاصل کرنے میں اس کے لیے رکاوٹ بن سکتی ہیں:
- بدنامی
- شرمندگی ہونا
- دوسروں کو پتا نہ چلنے دینا
- قرض دار ہونا اور نتائج کی فکر کرنا۔
خواتین، غربت، سیاہ فام، ایشیائی اور اقلیتی نسلی گروہوں کے پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی جوئے کی لت کے لیے مدد حاصل کرنے کا کم سے کم امکان رکھتے ہیں۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ یہ اکثر مندرجہ ذیل وجوہات کی وجہ سے ہوتا ہے:
- مدد حاصل کرنے کی جگہوں سے واقف نہ ہونا
- بدنامی
- علاج کے مرکز تک رسائی یا سفر پر آنے والی لاگت یا وقت۔
اب میں کیا کر سکتا ہوں؟
اگر آپ جوئے کی لت میں مبتلا ہیں تو پیشہ ورانہ مدد طلب کرنا ضروری ہے۔ اس دوران، جوئے کو کم کرنے کے لیے کچھ آسان اور عملی اقدامات نیچے دیے گئے ہیں:
1. جوئے پر لگائی جانے والی رقم کم کریں
- شروع سے ایک حد مقرر کریں کہ آپ ایک بار میں یا ایک ہفتے میں کتنا خرچ کرنا چاہتے ہیں اور اس پر قائم رہیں۔
- جب آپ جوا کھیلنے جائیں تو کریڈٹ/ ڈیبٹ کارڈ گھر پر چھوڑ جائیں۔
- اپنے بینک اکاؤنٹ پر رقم نکالنے کی حد مقرر کریں۔
- تنخواہ کے دن اپنے تمام بلوں کو پہلے ادا کرنے کا ارادہ کریں یا اپنے اکاؤنٹ سے رقم کو بچت اکاؤنٹ میں منتقل کریں۔
- ایک ایسے بینک میں سائن اپ کریں جو آپ کے بینک اکاؤنٹ پر جوئے پر پابندی کی پیشکش کرتا ہو، جیسے برکلیز یا مونزو۔
2. خود کو خارج کرنا سروس میں سائن اپ کریں
جب آپ کو جوا کھیلنے کی خدمات تک لامحدود رسائی حاصل ہوتی ہے تو جوا کھیلنے کی ترغیب کا مقابلہ کرنا مشکل ہوتا ہے۔ آن لائن اور ذاتی حیثیت میں جوئے کی خدمات لوگوں کے لیے جوئے تک اپنی رسائی کو روکنا ممکن بناتی ہیں۔ مندرجہ ذیل کچھ مثالیں ہیں:
آن لائن
GAMSTOP- گیم اسٹاپ (GAMSTOP) اپنی آن لائن جوئے کی سرگرمیوں پر حد لگانے کی اجازت دیتا ہے۔
Gamban- گیم بین (Gamban) آپ کو اپنے تمام آلات پر آن لائن جوئے تک رسائی روکنے میں مدد کرتی ہے۔
شرط لگانے کی دکانیں
ملٹی آپریٹر خود کو خارج کرنا سروس(MOSES)، ٹیلی فون: 0800 294 2060 - MOSES لوگوں کو شرطوں کی دکانوں سے خود کو خارج کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
کیسینو
سیلف انرولمنٹ نیشنل سیلف ایکسکلوژن اسکیم (SENSE) -سینس (SENSE) لوگوں کو برطانیہ میں کیسینو سے خود کو خارج کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ آپ اپنے مقامی کیسینو میں مینیجر سے بھی بات کر سکتے ہیں
بنگو
بنگو ایسوسی ایشن (Bingo Association)- بنگو (Bingo) انڈسٹری کی خود کو خارج کرنا اسکیم لوگوں کو برطانیہ میں بنگو ہالوں سے خود کو خارج کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ آپ اپنے مقامی بنگو ہال میں مینیجر سے بھی بات کر سکتے ہیں۔
آرکیڈز
آپ تفریحی آرکیڈ سے خود کو خارج کرنے کے لیے 020 7730 644 پر کال کر سکتے ہیں یا اپنے مقامی آرکیڈ کے مینیجر سے بات کر سکتے ہیں۔
لاٹری
نیشنل لاٹری - نیشنل لاٹری آپ کے جوئے پر قابو پانے کے طریقے پیش کرتی ہے جن میں آپ کا خرچ اور کھیل کو محدود کرنا، نشستوں کی یاد دہانیاں، اور آپ کے کھیل کو ٹریک کرنا یا روکنا جیسے طریقے شامل ہیں۔
آپ دیگر مقامی لاٹری کی خدمات سے بھی خود کو خارج کر سکتے ہیں، جیسے کہ پوسٹ کوڈ لاٹری جس کے بارے میں آپ ان کی ویب سائٹس پر مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
3. جوا کھیلنے کے وقت کو کم کریں
- اپنی ایک حد مقرر کریں کہ آپ ہفتے میں کتنی بار جوا کھیلیں گے۔
- · "میں بس تھوڑا سا کھیلوں گا" جیسے معاملات سے بچیں۔
- آپ کو رکنے کی یاد دہانی کروانے کے لیے اپنی گھڑی یا فون پر الارم لگائیں۔
- اپنا طے شدہ وقت جوئے میں گزارنے کے بعد وہاں سے چلے جائیں۔
4. جوا کھیلنے کو پیسہ بنانے کے طریقے کے طور پر نہ دیکھیں
- ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ تفریح خرید رہے ہیں۔
- ہمیشہ نقصان کے لیے تیار رہیں۔ اگر آپ جیت جائیں تو، سمجھ لیں کہ یہ محض قسمت سے ہوا ہے۔
- کبھی بھی اپنی جمع پونجی یا سرمایہ کاری جوئے میں نہ لگائیں۔
- دوستوں اور گھر والوں سے کہیں کہ وہ آپ کو مانگنے پر بھی پیسے قرض نہ دیں۔
5. اپنا وقت دوسری سرگرمیوں میں گزاریں
- گھر والوں یا دوستوں کے ساتھ زیادہ معیاری وقت گزاریں۔
- کوئی نیا مشغلہ یا دلچسپی اختیار کریں، یا وہ سرگرمی دوبارہ شروع کریں جس سے آپ جوئے کی عادت کا شکار ہونے سے پہلے لطف اندوز ہوتے تھے۔
- کسی سماجی گروپ میں شامل ہوں یا ایسے دوستوں کے ساتھ تقریبات کا اہتمام کریں جو جوا نہیں کھیلتے۔
- اپنی پریشانیوں یا خدشات کے بارے میں دوسروں سے بات کریں۔
جوئے کی لت کے شکار کسی فرد کے قریب ہونا کیسا احساس دیتا ہے؟
جوئے کی لت کے شکار کسی فرد کے قریب ہونا بہت مشکل ہو سکتا ہے۔ آپ کے دل میں مختلف طرح کے جذبات ہو سکتے ہیں جن میں تکلیف، بے اعتمادی، اداسی اور مستقبل کی پریشانی شامل ہو سکتی ہے۔ آپ پر مالی اثر بھی پڑ ہو گا اور آپ اس بات سے پریشان ہو سکتے ہیں کہ گزارا کیسے کیا جائے۔
آپ کے تعلق کی نوعیت کو سامنے رکھتے ہوئے جوئے کے بارے میں بات کرنا مشکل یا غیر محفوظ محسوس ہو سکتا ہے۔ کبھی کبھار جس شخص کی آپ پرواہ کرتے ہیں، وہ یہ نہیں چاہے گا یا اس قابل نہیں ہو گا کہ وہ آپ سے اپنی جوئے بازی سے نمٹنے یا جوا کھیلنے کے بارے میں بات کر سکے۔ یا پھر آپ کو ایسا لگ سکتا ہے کہ آپ کے جذبات، جیسے کہ غصہ، ایک مثبت اور مددگار گفتگو میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
جوئے کی لت میں مبتلا کسی فرد کی مدد کیسے کی جا سکتی ہے؟
اگر آپ کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں جو جوئے کی لت میں مبتلا ہے تو، آپ مندرجہ ذیل کام کر سکتے ہیں:
- اپنے جذبات کے لیے مدد حاصل کریں اور خود کو یہ موقع دیں کہ آپ ان مشکلات پر بات کر سکیں جن کا آپ کو سامنا ہے۔
- جوئے اور اس کے علاج کے بارے میں اپنی معلومات میں اضافہ کریں
- آپ جس شخص کی پرواہ کرتے ہیں اس کے ساتھ برتاؤ کے مختلف طریقوں پر غور کرنے کے لیے مدد حاصل کریں
- اپنے مالی معاملات کی حفاظت کریں اور اگر آپ مالی مشکلات کا شکار ہیں تو مدد حاصل کریں
- گھر کے دیگر افراد جیسے کہ بچوں کے لیے بھی مدد حاصل کریں کیونکہ وہ بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
اپنے لیے مدد حاصل کر کے آپ اپنی زندگی میں جوئے کی لت میں مبتلا شخص کی مدد کرنے کی بہتر حالت میں ہوں گے۔ اس کے بعد آپ ان کی پسند کی تبدیلیاں کرنے میں ان کی مدد کر سکیں گے۔
اگلے حصے میں دی گئی کچھ سروسز ان لوگوں کو مدد فراہم کر سکتی ہیں جو کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں جو جوئے کی لت میں مبتلا ہیں۔ ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں۔
- مشاورتی نشستیں
- فیملی سپورٹ گروپس جو معلومات پیش کر سکتے ہیں اور آپ کے لیے جذباتی اور عملی مدد حاصل کرنے کا ایک ذریعہ بن سکتے ہیں
- فیملی اور جوڑوں کی تھراپی، آپ کو یہ سوچنے میں مدد دینے کے لیے کہ آپ کے تعلقات کیسے متاثر ہوئے ہیں اور آگے بڑھنے کا راستہ تلاش کریں۔
جوئے کی لت کے لیے مجھے کہاں سے مدد مل سکتی ہے؟
حالات مزید بگڑنے کا انتظار نہ کریں۔ مدد حاصل کر کے آپ اپنے جوا کھیلنے پر قابو پانے کے لیے پہلا قدم اٹھا سکتے ہیں اور خود کو زیادہ بااختیار محسوس کرنا شروع کر سکتے ہیں۔
این ایچ ایس (NHS) کی جوئے سے متعلق خدمات تک رسائی ہر اس فرد کے لیے ہے جو جوئے کی لت سے نقصان کا سامنا کر رہا ہوتا ہے۔ وہ ان خدمات تک ذاتی رجوع یا کسی پیشہ ور ماہر صحت اور نگہداشت کے ذریعے کر سکتے ہیں۔ نیچے دی گئی خدمات کی ویب سائٹ کے لنکس ذریعے ایسا کیا جا سکتا ہے۔
این ایچ ایس (NHS) کی جوئے سے متعلق اضافی خدمات 2023 کے موسم گرما کے دوران مشرقی وسطی انگلستان، مشرقی انگلستان اور جنوب مغربی انگلستان میں شروع کی جائیں گی۔
دینیشنل پرابلم گیمبلنگ کلینک (National Problem Gambling)– نیشنل پرابلم گیمبلنگ کلینک ایک خصوصی این ایچ ایس (NHS) سروس ہے جو انگلستان اور ویلز میں رہنے والے جوئے کی لت میں مبتلا 16 سال اور اس سے زائد عمر کے کا علاج فراہم کرتی ہے۔ یہ سروس ڈاکٹروں، نرسوں، ماہر نفسیات، فیملی معالج اور ساتھیوں کی معاونت پر مشتمل ہے۔ کلینک کی بنیادی طبی ٹیم کو جوئے کی لت میں مبتلا افراد کو سنبھالنے اور علاج میں مجموعی طور پر 30 سال کا تجربہ حاصل ہے۔
ٹیلی فون: 7722 7381 020
ای میل:gambling.cnwl@nhs.net
شمالی گیمبلنگ کلینک – ناردرن گیمبلنگ کلینک ایک این ایچ ایس (NHS) سروس ہے جو شمالی انگلینڈ میں جوئے کی لت میں مبتلا افراد کو خصوصی مدد فراہم کرتی ہے۔
ٹیلی فون: 1490 0300 030
ای میل:referral.ngs@nhs.net
جنوبی گیمبلنگ سروس– جنوبی گیمبلنگ سروس جوئے سے ہونے والے نقصانات یا جوئے کی لت میں مبتلا افراد کو اعلیٰ معیار کی تشخیص اور شواہد پر مبنی علاج فراہم کرتی ہے۔
یہ سروس 17 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہے جو اس کے ریفرل معیار پر پورا اترتے ہوں اور ساؤتھمپٹن، پورٹس ماؤتھ، آئل آف وائٹ، یا ہیمپشائر میں رہتے ہوں یا وہاں کسی جنرل پریکٹیشنر کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں۔
ای میل: SouthernGamblingService@southernhealth.nhs.uk
مغربی مڈ لینڈز گیمبلنگ ہارمز کلینک - مغربی مڈ لینڈز گیمبلنگ ہارمز کلینک سٹوک، اسٹافورڈ شائر، ٹیلفورڈ، اور ریکن میں جوئے کی لت میں مبتلا اور اس سے متعلقہ مسائل سے متاثرہ افراد کو خصوصی علاج، تھراپی اور بحالی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
گھریلو تشدد پر وسائل
اگر آپ یا آپ کے جاننے والے کو جوئے کی لت میں مبتلا ہونے کی وجہ سے گھریلو تشدد کا سامنا ہے، یا اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کی جوئے بازی آپ کو جارحانہ رویہ اختیار کرنے کی طرف لے جا رہا ہے تو، یہاں کچھ مفید وسائل موجود ہیں:
ریسپیکٹ فون لائن – ریسپیکٹ ایک خیراتی ادارہ ہے جو ان افراد کے لیے ہے جن کے خیال میں وہ بدسلوکی میں مبتلا ہو سکتے ہیں اور مدد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
گھریلو تشدد: مدد کیسے حاصل کریں، Gov.uk - یہ ویب سائٹ یو کے بھر میں گھریلو تشدد کے شکار افراد کے لیے مفید وسائل فراہم کرتی ہے۔
بچوں کے ساتھ بدسلوکی کی رپورٹنگ کرنا، این ایس پی سی سی (NSPCC) – اگر آپ کو خدشہ ہے کہ ایک بچہ بدسلوکی یا غفلت کا شکار ہے، تو این ایس پی سی سی (NSPCC) آپ کو مشورہ فراہم کر سکتا ہے۔
مزید مطالعے کے لئے
مریضوں اور دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے مزید مطالعہ
بلازچونسکی، اے., 2010۔ اضطراری جوئے کی لت پر قابو پانا۔ ہاشیٹ، یو کے۔
گڈون، ایس., 2021۔ دی گرل گیمبلر: ایک نوجوان عورت کی کہانی، جس نے جوئے کی لت سے نجات حاصل کی۔ ذاتی طور پر شائع کردہ، یو کے۔
لنچ، ڈی، اور او ریلی، ٹی., 2019۔ ٹونی 10: ایک ڈاکیے کی حیرت انگیز کہانی جس نے 10,000,000 یورو کا جوا کھیلا... اور سب کچھ ہار دیا۔ گلز بکس، یو کے۔
ماہرین کے لیے مزید مطالعہ
باؤڈن جونز، ایچ. اور جارج، ایس. (ایڈیٹرز)، 2015۔ جوئے کی لت میں مبتلا افراد کے ساتھ کام کرنے کے لیے معالجین کی راہنما کتاب۔ روٹلیج، یو کے۔
باؤڈن جونز، ایچ. اور پریور، ایف. (ایڈیٹرز)، 2017۔ خواتین میں جوئے کی لت: علاج اور تحقیق پر ایک بین الاقوامی نسوانی نقطۂ نظر۔ ٹیلر اینڈ فرانسس، یو کے۔
آرفورڈ، جے.، 2011۔ کیا یہ ایک غیر محفوظ شرط ہے؟ جوئے کا بڑھتا ہوا خطرناک رجحان اور بحث جو ہمیں کرنی چاہیے۔ ولی-بلیک ویل، یو کے۔
بشکریہ
یہ معلومات رائل کالج آف سائکیاٹرسٹ (Royal College of Psychiatrists) کے پبلک انگیجمنٹ ایڈیٹوریل بورڈ (PEEB) نے فراہم کی ہیں۔ اس میں تحریر کے وقت دستیاب بہترین شواہد پیش کیے گئے ہیں۔
ماہر مصنفین: زوئی ڈیلینی، اسسٹنٹ ماہر نفسیات؛ جینی کزنز، فیملی لیڈ اور سسٹیمک پریکٹیشنر؛ اور پروفیسر ہنریئٹا باؤڈن جونز OBE، نیشنل پرابلم گیمبلنگ کلینک کی ڈائریکٹر اور کنسلٹنٹ ماہر نفسیات۔
نیشنل پرابلم گیمبلنگ کلینک میں ساتھیوں کی معاونت کے کارکن، اوون بیلی سے خصوصی شکریہ کے ساتھ۔
© دسمبر 2021 رائل کالج آف سائکیاٹرسٹ (Royal College of Psychiatrists)
(This translation was produced by CLEAR Global (Mar 2025