جسمانی بیماری اور ذہنی صحت

Physical illness and mental health

Below is an Urdu translation of our information resource on physical illness and mental health. You can also view our other Urdu translations.

ہم میں سے بیشتر افراد اپنی زندگی کے کسی نہ کسی حصے میں سنگین یا زندگی بدل دینے والی جسمانی بیماری کا سامنا کرسکتے ہیں۔ بیماری اور اس کا علاج دونوں ہمارے سوچنے اور محسوس کرنے کے انداز پر اثر ڈال سکتے ہیں۔ یہ معلومات ان افراد کے لیے ہے جو کسی ایسی جسمانی بیماری کا سامنا کر رہے ہیں جو ان کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہو رہی ہے، اور ان لوگوں کے لیے بھی جو ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔

جسمانی بیماری ہونے کے کیا اثرات ہوتے ہیں؟

جسمانی بیماری کا سامنا کرنا یا اس میں مبتلا ہونا آپ کی زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کر سکتا ہے۔ یہ آپ کی زندگی کے عملی معاملات کو متاثر کر سکتا ہے، جیسے:

  • روزگار – ہو سکتا ہے کہ آپ کو کام چھوڑنا یا کم کرنا پڑے یا ملازمت تبدیل کرنی پڑے۔
  • روزمرہ کی سرگرمیاں – ہو سکتا ہے کہ آپ کو اپنی پسندیدہ سرگرمیوں میں حصہ لینا یا اپنی مرضی کے مطابق دوستوں اور خاندان سے ملنا مشکل لگے۔ آپ کو وہ کام کرنے کے لیے، جو پہلے آپ خود کرتے تھے، دوستوں، خاندان یا کسی پیشہ ور سروس کی مدد کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
  • مالی معاملات – جسمانی بیماری مختلف وجوہات کی بنا پر آپ کے مالی حالات پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ مثال کے طور پر، طبی معائنے کے لیے سفر کی لاگت یا اس وجہ سے کہ آپ یا آپ کی مدد کرنے والے افراد کو کم کام کرنا پڑتا ہو۔
  • ہسپتال میں وقت گزارنا – آپ کو ہسپتال میں کسی علاج یا آپریشن کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ آپ کو اپنے گھر اور معمول کے حمایتی نیٹ ورک سے دور وقت گزارنا پڑے گا۔

جسمانی بیماری آپ کے خیالات اور جذبات پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے:

  • تناؤ – یہ سمجھنا مشکل نہیں کہ جسمانی بیماری آپ کو مستقبل کے بارے میں فکرمند کر سکتی ہے اور موجودہ حالات کے بارے میں دباؤ محسوس کروا سکتی ہے۔ آپ کو بعض چیزوں کے بارے میں خاص طور پر پریشانی محسوس ہو سکتی ہے۔ مثال کے طور پر، کسی اہم ٹیسٹ کا نتیجہ یا اگر آپ کو ہسپتال جانا پڑے تو بچوں کی دیکھ بھال کا انتظام کرنا۔
  • خود کا احساس – جسمانی بیماریاں آپ کو اپنے جسم اور اپنی زندگی پر قابو نہ پانے کا احساس دلا سکتی ہیں۔ جسمانی بیماری ہونا عموماً ایسی چیز نہیں ہوتی جو آپ کے قابو میں ہو۔ یہ مایوس کن اور پریشان کن ہو سکتا ہے۔
  • تعلقات – جسمانی بیماری آپ کو دوستوں اور خاندان سے الگ اور تنہا محسوس کروا سکتی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ آپ انہیں اپنی کیفیت کے بارے میں نہ بتانا چاہیں، تاکہ وہ پریشان یا مایوس نہ ہوں۔ یا آپ وہ سب کچھ شیئر کرنا چاہیں گے جس سے آپ گزر رہے ہیں، لیکن آپ کو ایسا محسوس ہو سکتا ہے کہ وہ سمجھ نہیں پائیں گے۔
  • دنیا کی سمجھ – بیمار ہونا آپ کو اپنے ارد گرد کی دنیا اور جن چیزوں کو آپ صحیح اور درست سمجھتے ہیں، ان پر سوال اٹھانے پر مجبور کر سکتا ہے۔ کچھ لوگوں کو یہ اپنے روحانی یا مذہبی عقائد پر اثر انداز ہوتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔

اگر آپ کی جسمانی بیماری آپ کی ذہنی صحت پر منفی اثر ڈال رہی ہے، تو مدد دستیاب ہے۔ جو لوگ آپ کی جسمانی صحت کی دیکھ بھال کرتے ہیں، وہ یہ جاننا چاہیں گے کہ آیا آپ کو ذہنی صحت کے حوالے سے مدد کی ضرورت ہے۔ وہ آپ کو دیگر پیشہ ور افراد یا تنظیموں کی طرف بھیج سکیں گے جو آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔

میں کیسے بتا سکتا ہوں کہ میری جسمانی بیماری میری ذہنی صحت پر اثر انداز ہو رہی ہے؟

جسمانی بیماری آپ کی ذہنی صحت پر مختلف طریقوں سے اثر انداز ہو سکتی ہے، یہ آپ کی شخصیت اور آپ کی زندگی کی صورتحال پر منحصر ہے۔ ہم یہاں ذہنی صحت کے ہر مسئلے کو شامل نہیں کریں گے، لیکن نیچے کچھ علامات دی گئی ہیں جن پر آپ کو دھیان دینا چاہیے۔

اضطراب/بے چینی

اگر آپ بے چینی/ اضطراب کا سامنا کر رہے ہیں، تو آپ کو محسوس ہو سکتا ہے کہ:

  • آپ کو ہر وقت کسی ایک چیز کے بارے میں یا مختلف چیزوں کے بارے میں فکر رہتی ہے-
  • آپ خود کو پرسکون کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔
  • آپ اپنے دل دھڑکنے کی رفتار، سانس لینے یا نظامِ ہاضمہ میں تبدیلی محسوس کرتے ہیں۔
  • آپ بے چینی کی علامات کے بارے میں مزید ہماری بے چینی کے وسائل ۔پڑھ کر جان سکتے ہیں

افسردگی/ڈپریشن

اگر آپ افسردگی/ڈپریشن کا سامنا کر رہے ہیں، تو آپ کو محسوس ہو سکتا ہے کہ:

  • آپ زیادہ تر یا ہر وقت خود کو بہت اداس محسوس کرتے ہیں
  • آپ خود کو تھکا ہوا، بے چین محسوس کرتے ہیں اور اپنی نیند، خوراک یا جنسی دلچسپی میں تبدیلی محسوس کرتے ہیں
  • آپ کا دوسروں کے ساتھ میل جول کا دل نہیں چاہتا۔

آپ ہماری ڈپریشن کے وسائل کو پڑھ کر ڈپریشن کی علامات کے بارے میں مزید جان سکتے ہیں۔

مطابقت کا عارضہ/ایڈجسٹمنٹ ڈس آرڈر

جب آپ کو جسمانی بیماری لاحق ہو جائے یا کسی چوٹ کا سامنا ہو، تو فکرمند، پریشان یا دکھی محسوس کرنا بالکل فطری ہے۔ مشکل حالات یا غیر یقینی صورتحال پر ردعمل ظاہر کرنے کا کوئی ‘عام’/نارمل طریقہ نہیں ہوتا۔

"اگر آپ کسی پریشان کن واقعے یا واقعات کے ساتھ ایڈجسٹ ہونے میں مشکل محسوس کرتے ہیں تو اس کیفیت کو انگریزی میں 'ایڈجسٹمنٹ ڈس آرڈر' کہتے ہیں۔"

اگر آپ کو ایڈجسٹمنٹ ڈس آرڈر ہے، تو آپ کو یہ محسوس ہو سکتا ہے کہ:

  • آپ اپنی جسمانی بیماری، اس کے معنی اور اس کے مقصد کے بارے میں اپنی سوچوں کو روک نہیں پاتے
  • آپ اپنی جسمانی بیماری کے بارے میں سوچتے وقت شدید غم یا پریشانی محسوس کرتے ہیں
  • آپ اپنے حالات سے نمٹنے یا کام کرنے میں مشکل محسوس کرتے ہیں، جس کا آپ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر منفی اثر پڑتا ہے۔

اگر آپ کو ایڈجسٹمنٹ ڈس آرڈر ہے، تو یہ عام طور پر بیماری کی تشخیص یا چوٹ لگنے کے ایک ماہ کے اندر واضح ہو جاتا ہے۔

اذیت ناک تجربے کے بعد تناؤ کا عارضہ/پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر (پی ٹی ایس ڈی)

کچھ لوگ جو جسمانی بیماری کا شکار یا زخمی ہوتے ہیں، وہ اذیت ناک تجربے کے بعد تناؤ کے عارضے (پی ٹی ایس ڈی) کا شکار ہو جاتے ہیں۔ پی ٹی ایس ڈی اس وقت ہوتا ہے جب کوئی شخص کسی واقعے یا واقعات کے سلسلے پر نفسیاتی ردعمل ظاہر کرتا ہے۔

وہ تجربات جو اذیت ناک تجربے کے بعد تناؤ کے عارضے (پی ٹی ایس ڈی) کا سبب بن سکتے ہیں، ان میں شامل ہیں:

  • کسی سنگین جسمانی بیماری کی تشخیص ہونا
  • انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہونا
  • ایک پیچیدہ زچگی کے تجربے سے گزرنا
  • کسی سنگین حادثے کا شکار ہونا۔

اگر آپ کو اذیت ناک تجربے کے بعد تناؤ کا عارضہ (پی ٹی ایس ڈی) ہے تو آپ درج ذیل علامات میں سے کچھ کا تجربہ کر سکتے ہیں:

  • واقعے کے بارے میں ناپسندیدہ اور غم ناک یادیں یا خواب
  • ایسا محسوس ہونا جیسے وہ واقعہ دوبارہ ہو رہا ہو
  • واقعے کو یاد کرنے میں مشکل پیش آنا، یا اس کے بارے میں سوچنے سے گریز کرنا
  • دوستوں اور خاندان سے الگ تھلگ محسوس کرنا
  • اپنے بارے میں، دوسروں کے بارے میں یا دنیا کے بارے میں منفی انداز میں سوچنا
  • جن چیزوں سے آپ پہلے لطف اندوز ہوتے تھے ان میں مزہ محسوس نہ کرنا، اور خوش یا مطمئن محسوس کرنے میں مشکل کا سامنا کرنا
  • تنائو محسوس کرنا اور توجہ مرکوز کرنے یا سونے کے لئے جدوجہد کرنا۔
  • دوسرے لوگوں کے ساتھ جارحانہ رویہ اپنانا
  • خطرناک یا لاپرواہ کام کرنا۔

اذیت ناک تجربے کے بعد تناؤ کے عارضے (پی ٹی ایس ڈی) کے بارے میں مزید معلومات یہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ احساس ہونا کہ آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے

اگر آپ کسی قسم کی ذہنی بیماری کا سامنا کر رہے ہیں، تو آپ کے ارد گرد کے لوگ یہ نوٹ کر سکتے ہیں کہ:

  • آپ معمول کے مقابلے میں مختلف طریقے سے برتاؤ کر رہے ہیں
  • آپ اپنی جسمانی بیماری کا علاج کرانے یا ادویات لینے سے گریز کر رہے ہیں
  • آپ طبی معائنے چھوڑ دیتے ہیں۔

مندرجہ بالا علامات کے علاوہ، آپ یہ محسوس کر سکتے ہیں کہ آپ:

  • تھکن محسوس کرتے ہیں
  • سونے میں مشکل محسوس کرتے ہیں
  • آپ کی بھوک کم ہو جاتی ہے۔

ان میں سے کچھ چیزیں جسمانی بیماری یا طبی علاج کی وجہ سے بھی ہو سکتی ہیں۔ یہ آپ یا آپ کا خیال رکھنے والوں کے لیے یہ سمجھنا مشکل بنا سکتا ہے کہ آپ جو محسوس کر رہے ہیں وہ 'نارمل'/'معمول' کے مطابق ہے یا نہیں۔

اپنے ڈاکٹر یا کسی قابلِ اعتماد شخص سے اپنی کیفیت کے بارے میں بات کریں۔ وہ یہ سمجھنے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں کہ جو تبدیلیاں آپ محسوس کر رہے ہیں، وہ آپ کی جسمانی بیماری سے متعلق ہیں یا ذہنی صحت سے۔

آپ دیگر ذہنی صحت کے مسائل کے بارے میں یہاں مزید پڑھ سکتے ہیں۔

اگر مجھے کوئی جسمانی بیماری ہے تو کیا مجھے ذہنی بیماری پیدا ہونے کا زیادہ امکان ہے؟

ہر وہ شخص جو جسمانی بیماری کا شکار ہو، لازمی نہیں کہ ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کرے۔ لیکن، طویل مدت سے جسمانی بیماریوں میں مبتلا افراد کی ذہنی صحت کا معیار کم ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ تحقیق نے ذہنی بیماریوں اور کچھ جسمانی بیماریوں کے درمیان تعلق ظاہر کیا ہے، جیسے کہ:

  • کینسر
  • ذیابیطس
  • دمہ
  • 'ہائی بلڈ پریشر'
  • مرگی۔

لیکن، صرف یہی جسمانی بیماریاں نہیں ہیں جو آپ کی ذہنی صحت پر اثر ڈال سکتی ہیں۔

جو لوگ مسلسل جسمانی صحت کے مسائل کا شکار ہوتے ہیں، ان میں ڈپریشن کا شکار ہونے کے امکانات ان افراد کے مقابلے میں۲ سے ۳ گناہ زیادہ ہوتے ہیں جو اچھی جسمانی صحت رکھتے ہیں۔

جسمانی اور ذہنی صحت کا آپس میں کیا تعلق ہے؟

یہ ہمیشہ واضح نہیں ہوتا کہ جسمانی اور ذہنی بیماریوں کا آپس میں کیا تعلق ہے۔

یہ آپ پر اور آپ کو لاحق جسمانی یا ذہنی بیماری کی نوعیت پر منحصر ہے:

  • جسمانی بیماری آپ کو ذہنی بیماری میں مبتلا کر سکتی ہے
  • آپ کی جسمانی بیماری کا تعلق آپ کی ذہنی بیماری سے ہو سکتا ہے
  • ممکن ہے کہ آپ کی جسمانی اور ذہنی بیماری کا آپس میں کوئی تعلق نہ ہو، لیکن وہ ایک ہی وقت میں ہو سکتی ہیں۔

کچھ چیزیں براہ راست کسی کی ذہنی صحت کو خراب کرنے میں معاون ہو سکتی ہیں، جن میں شامل ہیں:

  • تنائو/سٹریس– جسمانی بیماری کا ہونا بہت تنائو کا سبب بن سکتا ہے، اور تنائو آپ کی ذہنی صحت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے
  • ادویات سے علاج – کچھ ادویات کے ذریعے علاج آپ کے دماغ کے کام کرنے کے طریقے کو متاثر کر سکتے ہیں مثال کے طور پر، اسٹینڈرڈائز، موڈ میں تبدیلیاں اور نفسیاتی علامات پیدا کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ نفسیاتی علامات میں شامل ہیں:
    • ایسی باتوں پر یقین کرنا جو حقیقت نہ ہوں
    • واضح طور پر سوچنے میں دشواری ہونا
    • ایسی چیزوں کا تجربہ کرنا جو موجود نہ ہوں
  •  جسمانی بیماریاں – کچھ جسمانی بیماریاں دماغ کے کام کرنے کے طریقے پر اثر ڈالتی ہیں۔ مثال کے طور پر، جن لوگوں کا تھائی رائیڈ غیر فعال ہے ان میں ڈپریشن اور اضطراب پیدا ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

میں ذہنی بیماری میں مبتلا ہونے کا سب سے زیادہ امکان کب رکھتا ہوں؟

جب آپ جسمانی طور پر بیمار ہوں تو آپ کی ذہنی صحت خراب ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے، اگر:

  • آپ نے پہلے ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کیا ہو یا آپ کو پہلے کسی ذہنی بیماری کی تشخیص ہوئی ہو
  • آپ کے پاس کوئی خاندان کا فرد یا دوست نہیں ہے جس سے آپ اپنی بیماری کے بارے میں بات کر سکیں
  • آپ کی زندگی میں ایک ہی وقت میں دیگر مسائل یا دباؤ بھی ہوں مثال کے طور پر، ملازمت کا ختم ہونا، طلاق، یا کسی عزیز کی موت کبھی کبھار زندگی میں مثبت تبدیلیاں بھی، اگر غیر متوقع یا دباؤ والی ہوں، تو آپ کی ذہنی صحت پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔
  • آپ کی جسمانی بیماری شدید درد کا باعث ہو
  • آپ کو لاعلاج یا زندگی کو خطرے میں ڈالنے والی بیماری ہو
  • آپ کی بیماری آپ کو اپنی دیکھ بھال کرنے سے روک رہی ہو۔

وہ اوقات جب آپ کی ذہنی صحت خراب ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے:

  • جب آپ کو پہلی بار اپنی بیماری کے بارے میں بتایا جائے
  • بڑی سرجری کے بعد یا اگر آپ کے علاج کے مضر اثرات ہوں
  • اگر بیماری واپس آ جائے، حالانکہ آپ پہلے بہتر محسوس کر رہے تھے مثال کے طور پر، کینسر کا واپس آنا یا دوسرا دل کا دورہ پڑنا
  • اگر آپ کی بیماری علاج کا جواب دینا بند کر دے۔

مجھے کب مدد مانگنی چاہیئے؟

جسمانی بیماری کی صورت میں ایک حد تک اضطراب اور پژمردگی سمجھ میں آتی ہے۔ البتہ، آپ کو مدد لینی چاہیے اگر آپ:

  • پہلے اپنی ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کر چکے ہوں، یا کسی ذہنی بیماری کی تشخیص ہو چکی ہو، اور آپ محسوس کریں کہ آپ دوبارہ بیمار ہو رہے ہیں
  • پہلے سے زیادہ خراب محسوس کررہے ہیں
  • وقت کے ساتھ بہتر ہوتا محسوس نہیں کر رہے
  • محسوس کریں کہ آپ کے جذبات آپ کے تعلقات، روزگار، دلچسپیوں یا روزمرہ زندگی پر اثر ڈال رہے ہیں
  • محسوس کریں کہ زندگی جینے کے قابل نہیں ہے، یا کہ دوسرے لوگ آپ کے بغیر بہتر ہوں گے۔

میں فیصلہ نہیں کر پا رہا کہ مدد لوں یا نہیں۔

جسمانی بیماری کے دوران مدد مانگنا مشکل ہو سکتا ہے۔ درج ذیل خیالات کا آنا عام بات ہے، چاہے وہ درست نہ بھی ہوں:

  • "مجھے اپنی جسمانی صحت پر توجہ دینی ہے۔ میری ذہنی صحت کم اہم ہے۔" – آپ کی ذہنی اور جسمانی صحت ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ ذہنی طور پر بہتر ہونا آپ کی جسمانی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔
  • "مجھے دیگر چیزوں پر توجہ دینی ہے۔" – آپ محسوس کر سکتے ہیں کہ آپ کو اپنی فیملی، مالیات، رہائش یا کام کو ترجیح دینی ہے۔ لیکن اگر آپ اپنی ذہنی صحت پر توجہ دینے کے لیے وقت نہیں نکالتے، تو آپ بہت زیادہ بیمار ہو سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو آپ ان اہم کاموں میں سے کوئی بھی نہیں کر پائیں گے۔
  • "ظاہر ہے میں ڈپریشن کا شکار ہوں، میں بیمار ہوں۔ اس کے لیے مدد لینے کا کوئی فائدہ نہیں۔" – یہ بالکل قابل فہم ہے کہ آپ کو اپنی ذہنی صحت کے ساتھ مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ لیکن، اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ مدد کے مستحق نہیں ہیں۔ ہر کوئی خوشی، حمایت اور دیکھ بھال کئے جانے کا مستحق ہے۔
  • میں ناشکرا نہیں لگنا چاہتا، میری صحت کی دیکھ بھال کی ٹیم میری مدد کے لیے بہت کچھ کر رہی ہے۔" – آپ کے ڈاکٹر آپ کی ذہنی صحت کے ساتھ ساتھ آپ کی جسمانی صحت کے بارے میں بھی سننا چاہیں گے۔ یہ سب آپ کو صحت مند رکھنے کا حصہ ہے، اور مدد مانگنے پر وہ یہ نہیں سمجھیں گے کہ آپ نا شکرے ہیں۔

میں مدد کیسے حاصل کر سکتا ہوں؟

آپ اپنی کیفیت کے بارے میں کسی قابلِ اعتماد شخص سے بات کر کے شروعات کر سکتے ہیں۔ اکثر اپنی کیفیت کا اظہار کرنا خود ہی آپ کی ذہنی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔

اگر آپ کو مزید مدد کی ضرورت ہو تو اپنے جی پی یا اس طبی ٹیم سے بات کریں جو آپ کی جسمانی بیماری میں آپ کی مدد کر رہی ہے۔ وہ آپ کو یہ مشورہ دے سکیں گے کہ آپ کے لیے کون سی مدد دستیاب ہے اور اس تک رسائی حاصل کرنے میں آپ کی مدد کریں گے۔

بہت ساری فلاحی ادارے اور تنظیمیں ہیں جو جسمانی بیماریوں کا سامنا کرنے والے افراد کی مدد کرتی ہیں۔ آپ اس وسائل کے آخر میں ان کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

اگر آپ پہلے ہی ذہنی صحت کی ٹیم کے زیر علاج ہیں، تو آپ کو انہیں اپنی جسمانی بیماری کے بارے میں بھی بتانا چاہیے۔ یہ جاننا ان کے لیے مددگار ثابت ہوگا تاکہ وہ آپ کی مدد کر سکیں۔

مجھے کس قسم کا علاج ملے گا؟

آپ کو جو علاج پیش کیا جائے گا وہ ان چیزوں پر منحصر ہوگا:

  • آپ جن چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں
  • ان کا آپ کی زندگی پر کیا اثر پڑ رہا ہے
  • آپ کے ذاتی حالات ۔

جس مسئلے کا آپ سامنا کر رہے ہیں، اس کے مطابق آپ کو پیشکش کی جا سکتی ہے:

 کوگنیٹیو بیہیوریل تھراپی (ادراکی رویہ جاتی علاج (سی بی ٹی) ان لوگوں میں بھی مددگار ثابت ہوا ہے جو درد کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔

آپ ہمارے معلوماتی وسائل پڑھ کر درج ذیل بیماریوں کے علاج کے بارے میں مزید جان سکتے ہیں:

آپ مختلف ذہنی بیماریوں اور ان کے علاج کے بارے میں مزید یہاں پڑھ سکتے ہیں۔

یہ علاج کس طرح مدد کریں گے؟

بول چال سے علاج

اپنے احساسات کا اظہار کرنا مشکل ہو سکتا ہے، چاہے آپ کے اپنے خاندان یا دوستوں کے ساتھ ہی کیوں نہ ہو۔ کبھی کبھار یہ اور بھی مشکل ہوتا ہے کہ آپ اپنے احساسات کا کسی ایسے شخص کے ساتھ إظهار کریں جسے آپ اچھی طرح جانتے ہیں، اور انہیں پریشان نہیں کرنا چاہتے۔

اس وجہ سے، کسی پیشہ ور سے بات کرنا آسان ہو سکتا ہے۔ وہ آپ کو احساسات، خیالات اور عملی مسائل سے بہتر طور پر نمٹنے کے طریقے تلاش کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

آپ یہ محسوس کر سکتے ہیں کہ بول چال سے علاج کا آغاز کرنے کے فوراً بعد آپ بہتر محسوس کرنے لگیں، صرف اس لیے کہ آپ اپنی پریشانیوں کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔ یا بات چیت کے علاج سے آپ کو بہتر محسوس کرنے میں زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔

ادویات

یہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ آپ کو کون سی دوا دی جا رہی ہے، اور آپ کو کون سی دوسری مدد مل رہی ہے۔

عمومی طور پر، دوا اس لیے استعمال کی جاتی ہے تاکہ آپ اپنے آپ کو اتنا بہتر محسوس کریں کہ آپ اپنی زندگی میں دیگر مثبت تبدیلیاں شروع کر سکیں۔ کسی بھی قسم کی دوا کو اثر کرنے میں عام طور پر تھوڑا وقت لگتا ہے، اور اسے آپ کے ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق لینا ضروری ہے۔

دوا آپ کی نیند، بھوک یا جسمانی درد میں مشکلات کی صورت میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ اپنے ڈاکٹر سے بات کریں کہ دوائیں آپ کی کس طرح مدد کر سکتی ہیں۔

کیا میں ذہنی بیماری کے لیے دوا لے سکتا ہوں اگر میں پہلے ہی جسمانی بیماری کے لیے دوا لے رہا ہوں؟

اگر آپ کو جسمانی بیماری ہے، تو آپ پہلے ہی دوا لے رہے ہوں گے۔ آپ کا ڈاکٹر آپ کو بتائے گا کہ آپ جو دوا لے رہے ہیں، وہ ایک ساتھ نہیں لینی چاہیے۔ وہ آپ کو یہ بھی بتائیں گے کہ کیا کوئی مضر اثرات ہیں جن پر آپ کو توجہ دینی چاہیے۔

تمام دواؤں کے کچھ نہ کچھ مضر اثرات ہوتے ہیں، حالانکہ یہ عام طور پر ہلکے ہوتے ہیں اور کچھ وقت دوا لینے کے بعد ختم ہو جاتے ہیں۔ آپ کو اپنے جسمانی یا جذباتی تبدیلیوں کے بارے میں اپنے ڈاکٹر کو ضرور بتانا چاہیے۔

میں اپنی مدد کیسے کر سکتا ہوں؟

پیشہ ورانہ مدد حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ، کئی چیزیں ہیں جو آپ خود اپنی مدد کے لیے کر سکتے ہیں:

دوسروں سے بات کریں

اپنی خوف اور خدشات اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ شیئر کریں۔ کسی ایسے شخص سے بات کریں جو ماضی میں آپ کا ساتھ دیتا رہا ہو اور اچھا سامع ہو۔

اپنے ڈاکٹر سے بات کریں
اپنی بیماری کے بارے میں اپنے ڈاکٹر یا جی پی سے سوالات پوچھنے سے نہ گھبرائیں۔ اگر بیماری یا اس کے علاج کے کچھ پہلو آپ کو سمجھ میں نہیں آ رہے ہیں، تو وہ آپ کو ان کی وضاحت کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

مدد حاصل کریں
مختلف فلاحی ادارے اور تنظیمیں آپ کو قابل اعتماد معلومات اور مدد فراہم کر سکتی ہیں۔ آپ ان لوگوں سے بھی بات کر سکتے ہیں جو آپ جیسی جسمانی بیماری کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں اور ساتھیوں کی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔

مالی مدد کے لیے درخواست دیں
اگر آپ کو جسمانی یا ذہنی بیماری ہے، تو آپ کو فوائد اور دیگر مالی مدد کا حق حاصل ہو سکتا ہے۔

اچھی غذا کھائیں
متوازن غذا کھانے کی کوشش کریں۔ وزن کم کرنا یا غیر صحت مند غذا کھانا آپ کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ اگر آپ کو کھانے کی خرابی  کا عارضہ ہے، تو آپ کے لیے متوازن اور صحت مند غذا مختلف ہو سکتی ہے۔

باقاعدگی سے ورزش کریں
اگر ممکن ہو تو، باقاعدگی سے جسمانی ورزش کرنے کی کوشش کریں۔ یہ اتنا سادہ ہو سکتا ہے جیسے کہ چہل قدمی کرنا یا دس منٹ ہلکا یوگا کرنا۔

توازن برقرار رکھیں
آگے بڑھنے اور آرام کرنے کے درمیان توازن تلاش کرنے کی کوشش کریں۔

اپنے لیے اچھے کام کریں (خود کی دیکھ بھال)
اپنے دن میں آرام دہ اور خوشگوار سرگرمیاں شامل کریں۔ یہ کسی دوست سے فون پر بات کرنے سے لے کر باغ میں کتاب پڑھنے تک کچھ بھی ہو سکتا ہے۔

زیادہ شراب نوشی سے گریز کریں
زیادہ شراب نوشی نہ کریں کیونکہ اس سے کچھ عرصے میں آپ کی ذہنی صحت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

تفریحی منشیات کے استعمال سے گریز کریں
منشیات آپ کی ذہنی صحت پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں اور خاص طور پر خطرناک ہو سکتی ہیں اگر آپ دیگر ادویات لے رہے ہوں۔ آپ ہماری ویب سائٹ پر  مختلف منشیات کے بارے میں معلومات اور مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

خود علاج کرنا
کچھ لوگ اپنی جسمانی یا ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے شراب یا منشیات کا استعمال کرتے ہیں۔ اسے بعض اوقات 'خود علاج کرنا' کہا جاتا ہے۔ آپ کو یہ مختصر مدت کے لئے ٹھیک لگ سکتا ہے، لیکن وقت کے ساتھ یہ آپ کو مزید بدتر محسوس کرائے گا۔ اگر آپ مشکل جذبات سے نمٹنے کے لیے منشیات یا شراب کا استعمال کر رہے ہیں، تو اپنے ڈاکٹر سے بات کریں۔

مناسب نیند لیں
اچھی نیند کے معمولات پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔  اچھی نیند کے لیے ہمارے مشورے پڑھیں۔

اپنی دوائیں لیں
بغیر اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کے اپنی دوا لینا بند نہ کریں، اس کی مقدار یا وقت نہ بدلیں، یا دیگر علاج نہ آزمائیں- اگر آپ کی دوا کے ناخوشگوار مضر اثرات ہیں، تو اپنے ڈاکٹر کو بتائیں۔

اپنی صحت کے معائنے کے لیے جائیں
اگر آپ کو کچھ جسمانی یا ذہنی صحت کے مسائل ہیں، یا کچھ خاص دوائیں لے رہے ہیں، تو آپ کو اپنے جی پی یا ماہر کے ساتھ باقاعدہ صحت کے معائنے کے لیے مدعو کیا جائے گا یقینی بنائیں کہ آپ ان پر جائیں، اور اگر آپ کو کوئی نئی جسمانی یا ذہنی علامات ظاہر ہوں تو اپنے جی پی یا ماہر کو بتائیں۔ یہ آپ کا علاج کرنے والے افراد کو مسائل کو مزید خراب ہونے سے پہلے پکڑنے میں مدد دے سکتا ہے۔

میں کسی اور کی کیسے مدد کر سکتا ہوں؟

دوست اور خاندان اکثر وہ پہلے افراد ہوتے ہیں جو کسی کی خراب ذہنی صحت کو محسوس کرتے ہیں۔ اگر آپ نے یہ کسی ایسے شخص میں محسوس کیا ہے جسے آپ جانتے ہیں:

  • نرمی سے انہیں مدد لینے کی ترغیب دیں
  • وضاحت کریں کہ مدد کے ساتھ، وہ ممکنہ طور پر بہتر ہو جائیں گے
  • وضاحت کریں کہ مدد لینا کمزوری کی علامت نہیں ہے۔

یہاں کچھ چیزیں ہیں جو آپ ان کی مزید مدد کے لیے کر سکتے ہیں:

  • ان کے ساتھ وقت گزاریں – کسی ایسے شخص کے ساتھ وقت گزارنا مددگار ہوتا ہے جو خراب ذہنی صحت کا سامنا کر رہا ہو۔ نرمی سے انہیں اپنی حالت کے بارے میں بات کرنے اور وہ کام کرنے کی ترغیب دیں جو وہ عام طور پر کرتے ہیں۔
  • انہیں یقین دلائیں – اس شخص کو یقین دلائیں کہ وقت اور مدد کے ساتھ ان کی ذہنی صحت بہتر ہو سکتی ہے۔ انہیں یہ یقین کرنا مشکل ہو سکتا ہے کہ ایسا ہوگا۔
  • ایک صحت مند طرز زندگی اپنانے کی ترغیب دیں – ان پر زیادہ دباؤ ڈالے بغیر، انہیں اچھی غذا کھانے، اچھی نیند لینے، زیادہ نہ پینے، اور اپنی دوا لینے کی ترغیب دینے کی کوشش کریں۔ آپ ان کی مدد اس طرح کر سکتے ہیں کہ ان کے ساتھ کھانا پکائیں، یا کوئی ایسا کام کریں جس میں شراب کا استعمال نہ ہو-
  • اچھا سامع بنیں – ان کو یہ بتانے سے مدد مل سکتی ہے کہ آپ ان کی حالت یا علاج کے بارے میں ان کے کسی بھی خدشات یا سوالات کے بارے میں بات کرنے کے لیے موجود ہیں۔
  • دیکھیں کہ کوئی انتباہی علامات ہیں – اس کو سنجیدگی سے لیں اور انہیں ڈاکٹر سے بات کرنے کی ترغیب دیں اگر وہ:
    • ان میں مزید بگاڑ پیدا ہو رہا ہو
    • زندہ نہ رہنے کی باتیں کرنے لگے ہوں
    • خود کو نقصان پہنچا رہے ہوں یا ایسا کرنے کا اشارہ دیا ہو۔

میں کسی کا خیال رکھتا ہوں، میرے لیے کیا مدد دستیاب ہے؟

جسمانی اور ذہنی طور پر کسی بیمار کا خیال رکھنا بہت دشوار ہو سکتا ہے۔ اپنی دیکھ بھال کرنا اور اپنی صحت اور تندرستی پر توجہ دینا بھول جانا بھی ممکن ہے۔

اگر آپ کسی کی دیکھ بھال کرتے ہیں تو آپ کے لیے اور جس کی آپ دیکھ بھال کرتے ہیں، یہ معلوم کرنے کے لیے ایک کیئرر کی تشخیص ہو سکتی ہے کہ آپ کو کون سی مدد دستیاب ہے۔ یہ آپ کے دیکھ بھال کرنے والے کے طور پر آپ کا کردار آسان بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔ این ایچ ایس کی ویب سائٹ پر جائزہ حاصل کرنے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔

آپ کیئرز ٹرسٹ کی ویب سائٹ پر بھی دیکھ بھال کرنے کے لئے دستیاب مدد اور معاونت کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

ہمارے پاس ذہنی بیماری والے کسی کی دیکھ بھال کرنے کے بارے میں ایک وسیلہ موجود ہے جس میں معلومات شامل ہیں:

  • کیئرر ہونے کا کیا مطلب ہے
  • مریضوں اور دیکھ بھال کنندہ کے حقوق
  • کسی کی وکالت کیسے کریں
  • اپنا خیال رکھنا
  • دیکھ بھال کنندہ کے لیے دستیاب فوائد
  • صحت اور سماجی دیکھ بھال کے ماہرین کس طرح مؤثر طریقے سے دیکھ بھال کنندہ اور مریضوں کی مدد کر سکتے ہیں۔

غیر تشخیص شدہ بیماری یا درد کے ساتھ زندگی گزارنا

کچھ لوگ بیماری یا درد کے ساتھ بغیر تشخیص کے زندگی گزارتے ہیں۔ اسے ‘طبی طور پر غیر وضاحت شدہ علامات' بھی کہا جاتا ہے، اور یہ اس وقت ہوتا ہے جب ڈاکٹر کسی شخص کی علامات کا جسمانی سبب نہیں ڈھونڈ پاتے۔

بیماری یا درد کے ساتھ زندگی گزارنے کے معمول کی دشواریوں کے علاوہ، یہ نہ جاننا کہ آپ کے مسائل کا سبب کیا ہے، دوسرے وجوہات کی بنا پر مشکل ہو سکتا ہے:

  • یہ نہ جاننا کہ آپ کے مسائل کا سبب کیا ہے، خوف اور دباؤ کا باعث بن سکتا ہے، جو آپ کو مزید برا محسوس کروا سکتا ہے۔
  • آپ کے لئے علاج حاصل کرنا دشوار ہو سکتا ہے۔
  • تشخیص کا ہونا آپ کو جو کچھ آپ محسوس کر رہے ہیں، اس کو پہچاننے میں مدد دے سکتا ہے اور دوسروں کو اس کی وضاحت کرنے میں بھی۔ اس کے بغیر، کچھ لوگوں کو یقین یا توثیق محسوس کرنے دشواری ہوتی ہے۔
  • آپ نے ایسے علاج آزمانے ہوں گے جو کام نہیں آئے۔ یہ پریشان کن ہو سکتا ہے، یا دوسرے جسمانی صحت کے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔

یہ تمام چیزیں آپ کی ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہیں، خاص طور پر اگر آپ کے مسائل طویل عرصے تک تشخیص نہ ہوں۔

اگر آپ یا آپ کا کوئی جاننے والا طبی طور پر غیر واضح علامات کا سامنا کر رہا ہے، تو ابھی بھی مدد دستیاب ہے۔ ان میں شامل ہوسکتا ہے:

طبی طور پر غیر واضح علامات کے علاج اور سپورٹ کے بارے میں مزید معلومات کالج کی ویب سائٹ  پر حاصل کریں۔

مزید مدد

وہ تنظیمیں جو مدد فراہم کر سکتی ہیں

مختلف فلاحی ادارے اور تنظیمیں ہیں جو جسمانی بیماریوں کے شکار افراد کو مدد فراہم کرتی ہیں۔ اگرچہ ہم ان تمام کو یہاں درج نہیں کر سکتے، لیکن ہم نے برطانیہ میں سب سے عام بیماریوں کے شکار افراد کی مدد کرنے والی فلاحی اداروں کے بارے میں معلومات شامل کی ہیں۔

مزید فلاحی ادارے تلاش کرنے کے لیے  دی چیریٹی کمیشن رجسٹر کا استعمال کریں۔

استھما + لنگ یو کے

ہیلپ لائن: 03002225800
WhatsApp

استھما + لنگ یو کے، سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے ہیلپ لائن، صحت کی مشاورت اور سپورٹ گروپس فراہم کرتے ہیں۔

باؤل کینسر یو کے

باؤل کینسر یو کے، آنتوں کے کینسر سے متاثرہ افراد کے لیے معلومات اور سپورٹ فراہم کرتا ہے۔ اس میں تشخیص کی مدد، صحت کی مشاورت، سپورٹ ایونٹس، آن لائن کمیونٹیز، اور کتابچوں اور معلوماتی شیٹس شامل ہیں۔

بریسٹ کینسر ناؤ

ہیلپ لائن: 08088006000

ای میل: hello@breastcancernow.org یا ان کی نرس سے سوال کرنے والا فارم استعمال کریں

بریسٹ کینسر ناؤ، بریسٹ کینسر سے متاثرہ افراد کو مدد اور معلومات فراہم کرتا ہے۔ اس میں ماہر نرس کی ہیلپ لائن، لائیو سیشنز اور کینسر پر معلومات، سپورٹ ایپ اور آن لائن فورم شامل ہیں۔

ڈایابیٹس یو کے

ہیلپ لائن: 03451232399

ای میل:helpline@diabetes.org.uk

ڈایابیٹس یو کے، ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزارنے کے تمام پہلوؤں پر ماہر معلومات اور مشورہ فراہم کرتا ہے۔

برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن

ہیلپ لائن: 03003303311

ای میل: hearthelpline@bhf.org.uk

برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن، دل اور دوران خون کی بیماریوں، ٹیسٹس اور علاج کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے۔

کڈنی کیئر یو کے

ہیلپ لائن: 01420541424

ای میل:info@kidneycareuk.org

کڈنی کیئر یو کے، گردے کے مریضوں کی مدد کرنے والا فلاحی ادارہ ہے جو مریضوں کے لیے گرانٹس، تعطیلات کے لیے گرانٹس، مشاورت اور وکالت کی خدمات، اور مزید مدد فراہم کرتی ہے۔

برٹش لیور ٹرسٹ

ہیلپ لائن: 08006527330

ای میل: helpline@britishlivertrust.org.uk 

برٹش لیور ٹرسٹ، ایک نرس کی قیادت میں ہیلپ لائن، سپورٹ گروپس اور جگر کی بیماری یا کینسر کے ساتھ زندگی گزارنے پر عملی مدد فراہم کرتا ہے۔

پین کنسرن

ہیلپ لائن: 03001230789

ای میل:help@painconcern.org.uk

پین کنسرن، درد کے ساتھ زندگی گزارنے والے افراد کی مدد کرتا ہے اور ایک ہیلپ لائن، فورم اور خود انتظامی کے اوزار فراہم کرتا ہے۔

پارکنسنز کی بیماری

ہیلپ لائن: 08088000303
پارکنسنز یو کے، پارکنسنز بیماری کے شکار افراد اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے مدد فراہم کرتا ہے۔

پروسٹیٹ کینسر یو کے

ہیلپ لائن: 08000748383

پروسٹیٹ کینسر یو کے، پروسٹیٹ کینسر کے ساتھ زندگی گزارنے والے افراد کے لیے مدد اور معلومات فراہم کرتا ہے، جس میں ماہر نرس کی ہیلپ لائن، اشاعتیں، آن لائن سپورٹ اور ون ٹو ون سپورٹ شامل ہیں۔

اسٹروک ایسوسی ایشن

ہیلپ لائن: 03033033100

ای میل:helpline@stroke.org.uk

اسٹروک ایسوسی ایشن، اسٹروک سے متاثرہ افراد کو ہیلپ لائن، سپورٹ گروپس اور ایک آن لائن کمیونٹی فراہم کرتی ہے۔

شاوٹ
پیغام: 85258
شاوٹ، ایک مفت، خفیہ ٹیکسٹ سپورٹ سروس ہے جو برطانیہ میں رہنے والے ان افراد کے لیے ہے جو پریشانی، ڈپریشن اور دباؤ کا شکار ہوں، خودکشی کے خیالات رکھنے والے ہوں یا ذہنی طور پر مغلوب محسوس کرتے ہوں۔

مزید مطالعے کے لئے

  • دی ہیپینس ٹریپ، ڈاکٹر رس ہیریس
  • باڈی کیپز دی اسکور؛ برین، مائنڈ اینڈ باڈی ان دی ہیلنگ آف ٹراما، بیسل وان ڈیر کولک
  • مبی یو شورڈ ٹاک ٹو سم ون ورک بک: اپنی کہانی کو ایڈٹ کرنے اور اپنی زندگی بدلنے کے لیے ایک ٹول کٹ، لوری گوٹلیب

دیگر وسائل

بشکریہ

یہ معلومات رائل کالج آف سائیکاٹرسٹس (Royal College of Psychiatrists) کے پبلک انگیجمنٹ ایڈیٹوریل بورڈ (PEEB) نے فراہم کی ہیں۔ اس میں تحریر کے وقت دستیاب بہترین شواہد پیش کیے گئے ہیں۔

ماہر مصنف: ڈاکٹر سنجوگتا داس

سارے حوالہ جات درخواست کرنے پر دستیاب ہیں۔ 

(This translation was produced by CLEAR Global (Jan 2025

Read more to receive further information regarding a career in psychiatry