دافع ڈپریشن کو ترک کرنا

Stopping antidepressants

Below is an Urdu translation of our information resource on stopping antidepressants. You can also view our other Urdu translations.

یہ معلومات اُن تمام افراد کے لیے ہے جو دافع ڈپریشن کے استعمال کو ترک کرنے کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں۔

یہ بیان کرتا ہے:

  • کوئی شخص اپنی دافع ڈپریشن کو ترک کرنے کا انتخاب کیوں کر سکتا ہے
  • یہ بغیر کسی نقصان کے کیسے کیا جائے
  • علامات, جو دافع ڈپریشن ترک کرنے پر ظاہر ہو سکتی ہیں
  • ان علامات کو کم کرنے یا ان سے بچنے کے کچھ طریقے.

یہ معلومات بالغوں میں ڈپریشن، کے بارے میں این آئی سی ای کی ہدایات میں شامل سفارشات کی درست عکاسی کرتی ہیں- 

دافع ڈپریشن کیا ہیں؟

دافع ڈپریشن ایسی ادویات ہیں جو ڈپریشن، عمومی اضطرابی عارضہ اور وسوسہ اور تکرار کا عارضہ (او سی ڈی) جیسے امراض کے لیے تجویز کی جاتی ہیں. آپ ہماری علیحدہ معلوماتی دستاویز میں دافع ڈپریشن کے بارے میں مزید جان سکتے ہیں، جیسے کہ یہ کیسے کام کرتی ہیں، کیوں تجویز کی جاتی ہیں، ان کے اثرات اور مضر اثرات کیا ہیں، اور متبادل علاج کیا ہو سکتے ہیں۔

دافع ڈپریشن عام طور پر علامات ختم ہونے کے بعد کم از کم 6 ماہ تک لینا ضروری ہوتی ہیں۔ اس کا جائزہ باقاعدگی سے آپ کے معالج کی جانب سے لیا جانا چاہیے۔ شدید یا بار بار ہونے والی ذہنی بیماری میں مبتلا افراد کو دافع ڈپریشن زیادہ عرصے تک لینے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

مجھے دافع ڈپریشن لینا کب بند کرنا چاہیے؟

ایسی بہت سی وجوہات ہیں جن کی بنا پر لوگ اپنی دافع ڈپریشن چھوڑنے کا انتخاب کرتے ہیں، جن میں شامل ہیں:

  • وہ ذہنی صحت کا مسئلہ جس کا انہیں سامنا تھا، بہتر ہو گیا ہے
  • دافع ڈپریشن مؤثر ثابت نہیں ہو رہی ہیں
  • دافع ڈپریشن انہیں ناخوشگوار مضر اثرات دے رہی ہیں
  • وہ اب دافع ڈپریشن نہیں لینا چاہتے

اگر آپ دافع ڈپریشن لے رہے ہیں اور آپ کو ان میں سے کوئی علامات محسوس ہوں تو اپنے معالج سے رجوع کریں۔ وہ آپ کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد دے سکتے ہیں کہ دافع ڈپریشن چھوڑنا آپ کے لیے درست ہے یا نہیں اور انہیں صحیح طریقے سے کیسے ترک کیا جائے۔

میں دافع ڈپریشن لینا کیسے چھوڑ سکتا ہوں؟

دافع ڈپریشن کو عام طور پر اچانک نہیں چھوڑنا چاہیے۔ اس سے آپ میں ترک کرنے کی علامات پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے اور دوبارہ بیمار ہونے کے امکانات زیادہ ہو سکتے ہیں۔ ترک ادویات کی علامات سب کے لیے مختلف ہوتی ہیں. یہ مختلف دافع ڈپریشن کے لیے مختلف ہو سکتی ہیں (ضمیمہ 1 دیکھیں)۔

زیادہ تر لوگ چند ہفتوں یا مہینوں کے دوران آہستہ آہستہ دافع ڈپریشن لینا چھوڑ سکتے ہیں، جس کے لیے دوا کی مقدار کو کم کرتے ہوئے آخرکار مکمل طور پر ترک کیا جاتا ہے۔ اسے 'تدریجی کمی' یا 'ٹیپ رنگ' کہتے ہیں. یہ ترک ادویات کی علامات کے خطرے کو کم کر سکتا ہے یا علامات کی شدت کو کم کر سکتا ہے۔

ہر کسی کو اپنی دافع ڈپریشن کو بتدریج کمی کے ساتھ چھوڑنا چاہیے، لیکن کچھ لوگوں کو(عام طور پر وہ جو انہیں زیادہ عرصے تک استعمال نہیں کرتے رہے) صرف چند مراحل میں مقدار کم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

اگر آپ مختصر مدت کے بعد دافع ڈپریشن چھوڑ رہے ہیں، تو آپ کا معالج آپ کو درج ذیل مثال کی طرح کوئی طریقہ اختیار کرنے کا مشورہ دے سکتا ہے. اس طریقے میں، آپ ہر 2 سے 4 ہفتے بعد اپنی موجودہ خوراک کو تقریباً 50% تک کم کریں گے اور جب خوراک بہت کم ہو جائے گی تو اسے مکمل طور پر بند کر دیں گے.

Simple tapering diagram in Urdu

اگر آپ کے لیے اتنی تیزی سے خوراک کم کرنا مشکل ہو اور دافع ڈپریشن چھوڑنے کی کوشش کے دوران آپ کو ترک ادویات کی علامات محسوس ہوں، تو آپ کو خوراک آہستہ آہستہ کم کرنے کی ضرورت ہوگی. یہ ضروری ہے کہ آپ اپنی خوراک ایسے طریقے سے کم کریں جو آپ کے لیے مناسب ہو اور کسی قسم کی مشکلات نہ پیدا کرے.

یہ معلوماتی دستاویز آپ کی مدد کے لیے ہے تاکہ آپ ترک ادویا ت کی علامات سے بچ سکیں یا کم سے کم علامات کا سامنا کریں۔ اپنے معالج سے اس پر بات کریں تاکہ آپ دافع ڈپریشن چھوڑنے کا بہترین طریقہ تلاش کر سکیں.

دافع ڈپریشن چھوڑنے پر آپ کو کون سی علامات محسوس ہو سکتی ہیں، اور وہ کتنی شدید ہو سکتی ہیں؟

این آئی سی ای کی ہدایات کے مطابق، بعض لوگوں کے لیے ترک کرنے کی علامات ہلکی ہو سکتی ہیں اور نسبتاً جلد خود ہی ختم ہو جاتی ہیں، بغیر کسی اضافی مدد کی ضرورت کے. دوسرے لوگوں میں زیادہ شدید علامات ہوسکتی ہیں جو زیادہ دیر تک رہتی ہیں (بعض اوقات مہینے یا ایک سال سے زیادہ).

فی الحال ہم یہ پیش گوئی نہیں کر سکتے کہ کن افراد کو ادویات چھوڑنے کی زیادہ سنگین علامات کا سامنا ہوگا۔

دافع ڈپریشن چھوڑنے سے ترک ادویات کی علامات

اگر آپ کو نیچے دی گئی علامات میں سے کوئی بھی ظاہر ہو، تو اپنے معالج کو آگاہ کریں۔

ہو سکتا ہے آپ محسوس کریں:

  • ایسا اضطراب جو کبھی کم ہو جائے اور کبھی بڑھ جائے، بعض اوقات شدید 'لہر' کی صورت میں محسوس ہو
  • نیند آنے میں دشواری اور بہت واضح یا خوفناک خواب آنا
  • اداسی، کسی چیز میں دلچسپی نہ لینا یا خوشی محسوس نہ کرنا
  • جسمانی طور پر طبیعت خراب محسوس ہونا
  • مزاج کا تیزی سے بدلنا
  • غصہ، بے خوابی، تھکن، جسمانی توازن کا بگڑنا اور سر درد
  • بازو، ٹانگوں یا سر میں بجلی کے جھٹکے جیسا محسوس ہونا. انہیں بعض اوقات 'زیپس' کہا جاتا ہے اور سر کو ایک طرف موڑنے سے یہ شدید ہو سکتے ہیں۔
  • چیزیں غیر حقیقی محسوس ہونا (‘حقیقت سے کٹے ہونے کا احساس’) یا ‘دماغ میں روئی بھری ہونے’ جیسا احساس’
  • توجہ مرکوز کرنے میں دشواری
  • خودکشی کے خیالات
  • متلی محسوس ہونا
  • چکر آنا (یہ عام طور پر ہلکا ہوتا ہے، لیکن بعض اوقات اتنا شدید ہو سکتا ہے کہ آپ بغیر مدد کے کھڑے نہ ہو سکیں)
  • اندرونی بے چینی کا احساس اور ایک جگہ سکون سے نہ بیٹھ پانے کی کیفیت (اکاتھیزیا).

دیگر رپورٹ شدہ علامات کی فہرست کے لیے ضمیمہ 2 ملاحظہ کریں.

دافع ڈپریشن چھوڑنے کے بعد واپسی کی علامات کی کیا وجوہات ہوتی ہیں؟

یہ ابھی تک مکمل طور پر نہیں سمجھا جا سکا ہے. دماغی کیمیکلز، جنہیں نیورو ٹرانسمٹرز کہا جاتا ہے (جیسے سیروٹونین اور نورا ڈرینالین)، اس عمل میں شامل ہوتے ہیں. یہ عصبی کناروں پر اثر انداز ہو کر عصبی خلیوں کو آپس میں رابطہ قائم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ سمجھا جاتا ہے کہ دافع ڈپریشن دماغ میں عصبی خلیوں کے درمیان موجود خلاء میں اور پورے جسم اور آنتوں میں اعصاب کے درمیان ان کیمیائی مادوں کی سطح کو بڑھا دیتی ہیں۔ وقت کے ساتھ، دماغ اور جسم ان بڑھتی ہوئی سطحوں کے ساتھ آہستہ آہستہ مطابقت اختیار کر لیتے ہیں۔

اگر دافع ڈپریشن کو بہت جلدی چھوڑ دیا جائے تو دماغ اور جسم کو دوبارہ مطابقت اختیار کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔ نیورو ٹرانسمٹرز کی سطح میں اچانک کمی ترک ادویات کی علامات پیدا کر سکتی ہے، جب کہ دماغ اس تبدیلی کے مطابق خود کو ڈھالنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے. جتنی زیادہ یہ تبدیلیاں بتدریج ہوں گی، اتنی ہی علامات ہلکی اور برداشت کے قابل ہوں گی. یا یہ بھی ممکن ہے کہ یہ بالکل بھی ظاہر نہ ہوں۔

اسی وجہ سے دافع ڈپریشن کو آہستہ آہستہ چھوڑنا عام طور پر بہتر سمجھا جاتا ہے.

کن لوگوں کو دافع ڈپریشن چھوڑنے کے بعد ترک ادویات کی علامات کا سامنا ہو سکتا ہے؟

تقریباً ایک تہائی سے نصف افراد جو کوئی ڈپریشن کی دوا لیتے ہیں، کسی حد تک ایسی علامات کا سامنا کریں گے۔ ابھی تک ہم یہ پیش گوئی نہیں کر سکتے کہ کن لوگوں کو یہ علامات ہوں گی.

اگر آپ نے زیادہ مقدار میں دوا طویل وقت تک لی ہو تو خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ لیکن یہ صرف تھوڑی مدت کے لیے دافع ڈپریشن دوا لینے پر بھی ہو سکتا ہے۔ یہ اس بات پر بھی منحصر ہو سکتا ہے کہ آپ کس قسم کی دافع ڈپریشن لیتے رہے ہیں۔ اگر آپ اچانک دافع ڈپریشن لینا بند کر دیتے ہیں یا اگر آپ خوراک کو جلدی کم کر دیتے ہیں تو آپ کو یہ علامات (اور ان کے بدتر ہونے) کا زیادہ امکان ہے.

میں کیسے معلوم کر سکتا ہوں کہ یہ ترک ادویات کی علامات ہیں یا میرا ڈپریشن یا اضطراب واپس آ رہا ہے؟

کچھ ترک ادویات کی علامات ویسی ہی محسوس ہو سکتی ہیں جیسی علامات آپ کو دافع ڈپریشن شروع کرنے سے پہلے تھیں۔ اداسی اور نیند میں دشواری ڈپریشن کی علامات جیسی محسوس ہو سکتی ہیں. گھبراہٹ کا احساس ترک دوا کی عام علامت ہے اور یہ اضطراب میں بھی ہو سکتا ہے. ایسی صورت میں، آپ کو اپنے معالج سے بات کرنی چاہیے. آپ کو عارضی طور پر اپنی خوراک بڑھانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے اور پھر اپنی خوراک کو زیادہ تدریج سے کم کرنا ہو گا تاکہ ترک ادویات کی علامات کم کی جا سکیں۔

اگر آپ کو ترک ادویات کی علامات محسوس ہوں، تب بھی آپ دافع ڈپریشن چھوڑ سکتے ہیں، لیکن آپ کو یہ آہستہ آہستہ کرنا پڑے گا۔ 'دافع ڈپریشن کب اور کیسے چھوڑیں' کے سیکشن کو دیکھیں.

یہ کچھ طریقے ہیں جن سے آپ اور آپ کا معالج یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ آیا آپ کو ترک ادویات کی علامات ہو رہی ہیں یا آپ کے اضطراب یا ڈپریشن کی علامات واپس آ رہی ہیں:

جب علامات شروع ہوتی ہیں
ترک ادویات کی علامات عام طور پر آپ کی دوا کم کرنے یا چھوڑنے کے فوراً بعد شروع ہوتی ہیں۔ یہ کچھ دافع ڈپریشن کے لیے ایک یا دو دن بعد ہو سکتا ہے – یا صرف ایک خوراک چھوٹنے کے بعد بھی۔ عام طور پر یہ چند دنوں میں شروع ہوتی ہیں، اور پھر بگڑ جاتی ہیں۔

ڈپریشن یا اضطراب کا واپس آنا عموماً زیادہ وقت لیتا ہے – عام طور پر ہفتوں یا مہینوں تک۔ کچھ دافع ڈپریشن، جیسے فلوکسیٹین، جسم سے خارج ہونے میں زیادہ وقت لیتی ہیں۔ لہٰذا، ان ادویات کے ساتھ، علامات دوا چھوڑنے یا خوراک کم کرنے کے کئی دن یا کئی ہفتوں بعد ظاہر ہو سکتی ہیں. اس سے یہ جاننا مشکل ہو سکتا ہے کہ علامات ترک ادویات کی ہیں یا آپ کی ابتدائی اضطراب یا ڈپریشن کی ہیں۔

دیگر دافع ڈپریشن کے بارے میں رپورٹس ملی ہیں جن میں ترک ادویات کی علامات دوا چھوڑنے کے ہفتوں بعد ظاہر ہوتی ہیں۔ اس کی وجوہات ابھی تک اچھی طرح سے سمجھی نہیں گئی ہیں۔

علامت کی قسم
کچھ ترک ادویات کی علامات ایسی ہوتی ہیں جو آپ نے اضطراب یا ڈپریشن کے دوران کبھی محسوس نہیں کی ہوں گی۔ مثال کے طور پر، 'برقی جھٹکے' یا 'زیپس' یا ایسی نازک محسوسات جو آپ نے پہلے کبھی محسوس نہیں کی ہوں۔ لوگ اکثر کہتے ہیں، "میں نے یہ پہلے کبھی محسوس نہیں کیا" یا "یہ میرے ڈپریشن جیسا محسوس نہیں ہوتا۔"

دافع ڈپریشن دوبارہ شروع کرنے پر یہ کتنی جلدی ختم ہو جاتی ہیں
اگر آپ دافع ڈپریشن دوبارہ شروع کریں تو واپسی کی علامات عموماً جلدی بہتر ہو جاتی ہیں (چند دنوں یا گھنٹوں میں)۔ یہ اُس مدت سے کہیں زیادہ تیز ہے جتنے ہفتے عام طور پر دافع ڈپریشن کو دوبارہ ظاہر ہونے والی پریشانی یا ڈپریشن کی علامات کو کم کرنے میں لگتے ہیں۔

کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ دافع ڈپریشن لت لگانے والی ہوتی ہیں؟

ڈپریشن کی دوا چھوڑنے سے ناخوشگوار ترک ادویات کی علامات ہو سکتی ہیں، جو کہ اگر آپ دوبارہ دوا لینا شروع کر دیں تو ختم ہو جاتی ہیں۔

اگر آپ اپنی مرضی سے انہیں چھوڑ نہیں سکتے تو آپ کو ایسا محسوس ہو سکتا ہے کہ آپ ڈپریشن کی دوا کے عادی ہو گئے ہیں۔ یہ 'عادی' ہونے کے مترادف نہیں ہے۔

عادت عموماً یہ مطلب دیتی ہے کہ آپ:

  • کسی چیز کے استعمال کی شدید خواہش یا طلب محسوس کرتے ہیں
  • اس چیز کے استعمال پر آپ کا کنٹرول ختم ہو جاتا ہے
  • جب آپ اسے استعمال کرتے ہیں تو خوشی یا 'نشہ' محسوس کرتے ہیں

عادت شراب، نکوٹین اور بینزوڈیازپینز جیسی چیزوں کے ساتھ ہو سکتا ہے۔

دافع ڈپریشن کے استعمال کو ترک کرنا مشکل ہو سکتا ہے، لیکن یہ زیادہ صحیح طور پر جسمانی انحصار کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔

اصطلاح 'جسمانی انحصار' کو نشے کے ساتھ الجھا دیا گیا ہے۔ جسمانی انحصار کا مطلب ہے کہ آپ کا جسم کسی دوا یا مادے کی موجودگی کا عادی ہو گیا ہے۔

یہ برداشت اور ترک ادویات کی علامات پیدا کرتا ہے کیونکہ جب دوا ختم ہو جاتی ہے جسم اس کی غیر موجودگی کو 'محسوس' کرتا ہے۔ کسی دوا کو انحصار پیدا کرنے کے لیے 'نشہ' دینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

مجھے کب اور کس طرح اپنی دافع ڈپریشن چھوڑنی چاہئیں؟

آپ دافع ڈپریشن کتنی دیر تک لیتے ہیں اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کو انہیں کیوں تجویز کیا گیا تھا اور کیا آپ کو انہیں پہلے لینا پڑا ہے. اپنے معالج سے پوچھیں کہ آپ کی دافع ڈپریشن کم کرنا اور پھر چھوڑنا کب بہتر ہوگا۔

آپ کو توازن برقرار رکھنا پڑ سکتا ہے:

  • دافع ڈپریشن سے حاصل ہونے والے فوائد، جیسے کہ اضطراب یا ڈپریشن کی علامات میں کمی

    کے ساتھ:

  • وہ مسائل جو طویل عرصے تک انہیں استعمال کرنے کے بعد پیدا ہو سکتے ہیں۔ ان میں وزن بڑھنے جیسے اضافی اثرات شامل ہو سکتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دافع ڈپریشن ان کے لیے کام کرنا بند کر دیتی ہیں۔

    جب آپ اس بات پر متفق ہوں کہ دوا چھوڑنے کا وقت آ گیا ہے، تو آپ کا معالج آپ کو ایک تدریجی کمی کا منصوبہ تیار کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ یہ منصوبہ کتنا آہستہ ہونا چاہیے یہ ہر فرد کے لیے مختلف ہوتا ہے۔

    اگر آپ نے صرف چند ہفتوں کے لیے دافع ڈپریشن لی ہے تو آپ ایک مہینے یا اس کے قریب وقت میں دوا کی مقدار کم کر کے اسے چھوڑ سکتے ہیں۔ چاہے آپ کو معمولی ترک ادویات کی علامات ہوں (یا بالکل نہ ہوں)، یہ بہتر ہے کہ آپ یہ کم از کم چار ہفتوں میں کریں۔

    اگر آپ کئی مہینوں یا سالوں سے دافع ڈپریشن لے رہے ہیں، تو انہیں آہستہ آہستہ کم کریں (دوبارہ، اس رفتار پر جو آپ کے لیے آرام دہ ہو)۔ یہ عموماً مہینوں یا اس سے زیادہ عرصے میں مکمل ہوتا ہے۔ اگر آپ کو ماضی میں ترک ادویات کی علامات کا سامنا رہا ہے تو خوراک کو آہستہ آہستہ کم کرنا بہتر ہے۔ دوا کی مقدار کم کرنے کے دوران عموماً یہ کمی چھوٹی ہوتی جائے گی جیسے جیسے مقدار کم ہو گی۔ کچھ لوگوں کو دوا چھوڑنے سے پہلے بہت کم مقدار تک پہنچنا پڑتا ہے، جو اصل مقدار کا صرف ٪2 ہو سکتی ہے۔

    یاد رکھیں، اگر آپ کو ترک ادویات کی علامات ظاہر ہوں، تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ڈپریشن کی دوا نہیں چھوڑ سکتے۔ آپ کو صرف یہ کرنے کی ضرورت ہوگی:

  • آہستہ آہستہ کم کرنا
  • دوا کی مقدار میں چھوٹی چھوٹی کمی کے ساتھ
  • طویل عرصے میں۔

صرف کبھی کبھار، جب ڈپریشن کی دوا سنگین ضمنی اثرات کا سبب بنے، تو اسے اچانک بغیر تدریجی کمی کے چھوڑنا چاہیے۔ اگر ایسا ہو، تو فوراً اپنے معالج سے رابطہ کریں۔

میں اپنی خوراک کو آہستہ آہستہ کیسے کم کروں؟

اس کے بارے میں کچھ عمومی مشورے نیچے دیے گئے ہیں۔ تاہم، یہ بہتر ہے کہ آپ اپنے معالج سے یہ بات طے کریں تاکہ وہ آپ کے لیے مناسب تیاری اور مقدار تجویز کر سکیں۔ وہ آپ کے فارماسسٹ کے ساتھ خاص ضروریات طے کر سکیں گے تاکہ نسخہ آپ کی ضروریات کے مطابق ہو۔

کچھ دنوں کے لیے دوا چھوڑنے کی کوشش نہ کریں۔ زیادہ تر صورتوں میں، یہ آپ کے جسم میں دوا کی مقدار میں اتار چڑھاؤ کا باعث بنے گا اور ترک ادویات کی علامات کے امکانات بڑھا دے گا۔ فلوکسیٹین دوسری دافع ڈپریشن کی نسبت آپ کے جسم میں زیادہ دیر تک رہتی ہے اور اسے ایک دن چھوڑ کر لیا جا سکتا ہے۔ آپ کو اپنے معالج سے بات کرنی چاہیے کہ آیا آپ کو یہ کرنا چاہیے یا نہیں۔

آپ آزمائشی طور پر اپنی باقاعدہ خوراک کو ایک چوتھائی (%25) یا نصف (%50) تک کم کر سکتے ہیں۔ نئی مقدار کو اپنانے کے لیے دو سے چار ہفتے کا وقت دیں تاکہ آپ دیکھ سکیں کہ صورتحال کس طرح بدلتی ہے۔

اگر آپ کو کوئی تکلیف دہ علامات نہیں ہوتی ہیں تو موجودہ خوراک کو مزید ایک چوتھائی (%25) یا نصف (%50) تک کم کرنے کی کوشش کریں۔ مزید 2 سے 4 ہفتے دیں اور دوبارہ عمل کریں، اگر ضرورت ہو تو خوراک کو کم کرنے اور انتظار کرنے کے مزید مراحل شامل کریں۔

اگر پہلی خوراک کم کرنے پر یا مزید کمی کے دوران تکلیف دہ علامات پیدا ہوں تو خوراک کم کرنے کا عمل روک دیں۔ آخری خوراک پر واپس جائیں جس پر آپ کو آرام محسوس ہوا تھا اور دوبارہ کوشش کرنے کے لیے تیار ہونے تک انتظار کریں۔ اس کا مطلب ہو سکتا ہے کہ آپ کو مزید آہستہ کمی کرنے کی ضرورت ہے، جیسے %10 یا %5 تک۔

اگر آپ طویل عرصے سے دافع ڈپریشن لے رہے ہیں

اگر آپ:

  • کئی مہینوں یا اس سے زیادہ عرصے سے دافع ڈپریشن لے رہے ہوں
  • جب آپ نے پہلے اپنی دافع ڈپریشن کم کرنے یا چھوڑنے کی کوشش کی تھی، تو پریشان کن ترک ادویات کی علامات ظاہر ہوئی ہوں
  • آپ ایسی دافع ڈپریشن لے رہے ہیں جس سے ترک ادویات کی علامات کا زیادہ خطرہ ہے

ابتدا ہی سے آہستہ آہستہ کمی کرنا بہتر ہے۔ مثال کے طور پر، اصل خوراک کا بیسواں حصہ (%5) یا دسواں حصہ (%10)۔ اپنے تجویز کنندہ سے باقاعدگی سے بات کریں تاکہ وہ اس عمل کی نگرانی کر سکیں۔

طویل اثر رکھنے والے دافع ڈپریشن، جیسے فلوکسیٹین، کو آپ کے جسم سے نکلنے میں ہفتے لگ سکتے ہیں (زیادہ تر صرف چند دن لیتے ہیں)۔ لہٰذا، خوراک کم کرنے کے بعد ترک ادویات کی علامات کئی دن یا حتیٰ کہ ہفتوں بعد بھی ظاہر ہو سکتی ہیں۔ اگلی کمی کرنے سے پہلے کم از کم چار ہفتے انتظار کرنا بہتر ہے دیکھنے کے لیے کہ ترک ادویات کی علامات شروع ہوتی ہیں یا نہیں۔

چاہے آپ خوراک کتنی ہی کم کر لیں، دوا مکمل طور پر چھوڑنے پر آپ کو ترک ادویات کی علامات ہو سکتی ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو آپ کو دوبارہ تھوڑی خوراک پر دوا شروع کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے، اس سے پہلے کہ آپ دوبارہ آہستہ آہستہ کمی شروع کریں۔

اگر آپ دافع ڈپریشن کم کرنے یا چھوڑنے کے دوران خودکشی کے خیالات یا سوچوں کا آنا محسوس کریں، تو یہ ترک ادویات کی علامت ہو سکتی ہے یا ڈپریشن کا دوبارہ آغاز ہو سکتا ہے۔ فوراً اپنے معالج سے بات کریں۔ وہ شاید تجویز کریں گے کہ آپ آخری خوراک پر واپس جائیں جس پر آپ کو آرام محسوس ہوا تھا۔ یقینی بنائیں کہ اگر ایسی ضرورت ہو تو آپ کو فوری مدد حاصل کرنے کا طریقہ معلوم ہو-

دستیابی کے حوالے سے نوٹ

آپ اپنے دافع ڈپریشن کی مقدار کس طرح کم کرتے ہیں، یہ اس بات پر منحصر ہوگی کہ برطانیہ میں گولی اور مائع کی شکل میں کون سی خوراکیں دستیاب ہیں۔ اگر وہ دافع ڈپریشن جو آپ لے رہے ہیں مائع شکل میں دستیاب نہیں ہے، تو آپ کو کسی ایسی مشابہ دوا میں تبدیلی کرنی پڑ سکتی ہے جو مائع شکل میں دستیاب ہو۔ یا آپ کو درج ذیل بیان کیے گئے دیگر طریقے استعمال کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ آپ کا تجویز کنندہ یا فارماسسٹ آپ کو یہ کرنے کے بہترین طریقے کے بارے میں مشورہ دے سکتا ہے۔

ٹیپ رنگ سٹرپس ایک ممکنہ آپشن ہو سکتی ہیں۔ یہ ایک رول یا پاؤچ کی پٹی ہوتی ہے جس میں ہر دن کے لیے قدرے کم خوراک شامل ہوتی ہے۔ یہ برطانیہ میں میڈیسن اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی (ایم ایچ آر اے) سے منظور شدہ نہیں ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ کا معالج اس کے بجائے کسی منظور شدہ دوا کے استعمال کا فیصلہ کر سکتا ہے۔

جنرل میڈیکل کونسل (جی ایم سی) کہتی ہے کہ طبی ماہرین کو لائسنس شدہ ادویات کا استعمال کرنا چاہیے، لیکن اگر کوئی لائسنس شدہ متبادل دستیاب نہ ہو تو غیر لائسنس شدہ ادویات کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

باقاعدہ نگرانی آپ اور آپ کے معالج کو کسی بھی مسئلے کو جلدی پہچاننے میں مدد دے گی، خاص طور پر اگر آپ کو ایک دافع ڈپریشن سے دوسری دوا پر منتقل ہونا پڑے۔

ٹیپرنگ پلانز/تدریجی کمی کے منصوبوں کی مثالیں

اپنی دوا میں تدریجی کمی شروع کرنے سے پہلے، آپ کو اپنے معالج کے ساتھ کمی کے منصوبے پر اتفاق کرنا چاہیے۔ وہ آپ کو یہ محفوظ طریقے سے کرنے کے بارے میں مشورہ دے سکیں گے۔

نیچے آپ کو مختلف رفتاروں سے دوا کی تدریجی کمی کے لیے مثال کے طور پر بنائے گئے منصوبے ملیں گے۔ اپنے منصوبے میں، ہو سکتا ہے کہ آپ کو ہر قدم پر عمل کرنے کی خواہش یا ضرورت محسوس نہ ہو۔ لیکن کچھ لوگوں کو لگے گا کہ انہیں ایسا کرنا ضروری ہے۔

خوراک میں کمی کے درمیان وقت اتنا ہونا چاہیے جتنا ترک ادویات کی علامات کے ختم ہونے یا بہتر ہونے میں لگتا ہے۔

کچھ لوگ صرف گولیوں کے ذریعے اپنی دافع ڈپریشن ترک کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ اگر آپ ترک ادویات کی علامات کا سامنا کر رہے ہیں اور دافع ڈپریشن چھوڑنے میں مشکل محسوس کر رہے ہیں، تو آپ کو کم مقدار لینے کے لیے گولی اور مائع دونوں شکلوں میں دوا استعمال کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

مائع دوا کا استعمال بہت احتیاط سے کرنا چاہیے تاکہ خوراک میں کوئی غلطی نہ ہو۔ اگر آپ گولی سے مائع دوا پر منتقل ہو رہے ہیں تو اپنے معالج یا فارماسسٹ سے مشورہ کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ آپ اپنی دوا کی خوراک کو درست طریقے سے تبدیل کر رہے ہیں۔

یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ ایک ہی مائع دوا مختلف طاقت (اسٹرینتھ) میں دستیاب ہو سکتی ہے۔ مثال کے طور پر، 5mg/5ml اور 1mg/5ml فارمولیشن دستیاب ہو سکتی ہے. یہ ضروری ہے کہ آپ احتیاط سے اپنی لی جانے والی خوراک کو چیک کریں اور صرف مائع کی مقدار پر انحصار نہ کریں۔

ان مثالوں میں نمبروں کا حساب کیسے لگایا جاتا ہے؟

مثال نمبر 1 میں تناسبی تدریجی کمی/ پروپورشنل ٹیپرنگ استعمال کی گئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر مرحلہ آپ کی حالیہ خوراک کے ایک مخصوص تناسب کے طور پر شمار کیا جاتا ہے، نہ کہ آپ کی اصل خوراک کے. مثلاً:

  • اگر آپ 20mg دوا لے رہے ہیں اور اسے %25 کم کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو 20mg کا %25 نکالنا ہوگا، جو کہ 5mg بنتا ہے
  • اپنی خوراک میں 5mg کی کمی کرنے سے آپ 15mg پر آ جائیں گے
  • اگر آپ مزید %25 کم کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو 15mg کا %25 نکالنا ہوگا. یہ 3.75mg بنتا ہے
  • آپ اپنی موجودہ 15mg کی خوراک میں 3.75mg کی کمی کریں گے. اس سے آپ کی خوراک 11.25mg تک کم ہو جائے گی

تناسبی طریقے سے خوراک کم کرنے کا مطلب یہ ہے کہ جیسے جیسے آپ کم خوراک کی طرف بڑھیں گے، آپ کو بتدریج چھوٹی مقدار میں کمی کرنی ہوگی.

مثال 2 ہائپر بولک ٹیپرنگ استعمال کرتی ہے۔ یہ اس بنیاد پر ہے کہ دافع ڈپریشن دماغ پر کس طرح اثر ڈالتی ہیں. دافع ڈپریشن کی چھوٹی مقداریں دماغ پر توقع سے کہیں زیادہ اثر ڈال سکتی ہیں، اس لیے خوراک میں آہستہ اور بتدریج کمی کرنا ضروری ہوتا ہے.

ہائپر بولک ٹیپرنگ میں اوپر بیان کی گئی سادہ پروپورشنل ٹیپرنگ سے بہت ملتی جلتی کمی شامل ہوتی ہے۔ تاہم، کچھ اختلافات ہیں. مثال 2 میں تجویز کردہ کچھ خوراکیں متناسب اصول پر بالکل عمل نہیں کرتی ہیں.

مثال 1

اس مثال میں، آپ اپنی موجودہ خوراک کو ہر 2-4 ہفتوں میں تقریباً 50% کم کر دیں گے.

کچھ لوگوں کو ابھی بھی زیادہ آہستہ کمی کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے، جیسا کہ آپ مثال نمبر 2 میں دیکھ سکتے ہیں۔

Medium complexity tapering diagram in Urdu

مثال 2

اس مثال میں، آپ ہر 2 سے 4 ہفتے میں اپنی خوراک میں تقریباً %10 کمی کریں گے. تمام مراحل میں خوراک میں کمی بالکل %10 نہیں ہوتی کیونکہ یہ مثال ہائپر بولک ٹیپرنگ پر مبنی ہے (اوپر دیکھیں). کچھ لوگوں کو زیادہ آہستہ آہستہ کم کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے. مثال کے طور پر، ہر 2-4 ہفتوں میں تقریباً %5 کی کمی.

نیچے دی گئی کم مقدار حاصل کرنے کے لیے، آپ کو دافع ڈپریشن گولی اور مائع کی صورت میں دونوں کا امتزاج، یا صرف دوا مائع کی صورت میں استعمال کرنی ہوگی۔ ایسا اس لیے ہے کیونکہ دافع ڈپریشن کی گولیاں اتنی کم مقدار میں دستیاب نہیں ہوتیں کہ ان کو آپ اس قدر آہستہ آہستہ کم کر سکیں۔

ہم آگے اس وسیلے میں وضاحت کریں گے کہ یہ کس طرح کیا جاتا ہے۔ آپ کو اپنے تجویز کرنے والے ڈاکٹر سے بات کرنی چاہیے تاکہ یہ جان سکیں کہ دوا کی مقدار کو محفوظ طریقے سے کم کرنے کا بہترین طریقہ کیا ہے۔

Most complex tapering diagram in Urdu

مکمل 38 قدمی پلان کے لیے ضمیمہ 3 دیکھیں.

مجھے کس پلان پر عمل کرنا چاہئے؟

تدریجی کمی کا پلان جو آپ کے لیے بہترین ہے اس کا انحصار بہت سی چیزوں پر ہوگا، جیسے:

  • آپ جو دوا لے رہے ہیں
  • آپ کتنے عرصے سے دوائی لے رہے ہیں
  • وہ خوراک جو آپ شروع کرنے کے لیے لے رہے ہیں
  • آپ کے ترک ادویات کے علامات کتنی شدید ہیں یا ماضی میں رہی ہیں۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ تدریجی کمی کا پلان صرف ابتدائی نکات ہیں اور آپ کے تدریجی کمی کے تجربے کے مطابق ہونے چاہئیں.

اگر آپ کو تدریجی کمی کرنے میں کوئی پریشانی نہیں

اگر آپ کو کمی کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہے، تو آپ اپنے تدریجی کمی پلان کو تیز کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں. آپ شاید خوراک میں کمی کے درمیان کم وقت چھوڑ سکیں یا کم مراحل طے کر سکیں۔ اس سے یہ یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے کہ آپ اپنی دوائیں ضرورت سے زیادہ دیر تک نہیں لے رہے ہیں.

اگر آپ کو ترک ادویات کی علامات کا سامنا ہو۔

اگر آپ کو ترک ادویات کے علامات شدید ہوں تو آپ کے تدریجی کمی کے منصوبے کو معطل یا آہستہ کر دینا چاہیے۔ اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ:

  • چھوٹی مقدار میں کمی کرنا
  • خوراک میں کمی کرنے سے پہلے مزید وقت دینا
  • اوپر دی گئی دونوں تجاویز

ہم نے کچھ عام طور پر استعمال ہونے والی دافع ڈپریشن تجویز کی ہیں جو ان دونوں اندازِ کی بتدریج کمی کے لیے موزوں ہو سکتی ہیں۔ اس مواد کے آخر میں ضمیموں میں مزید مثالیں شامل کی گئی ہیں۔

مثال 1 ان افراد کے لیے ایک موزوں نقطۂ آغاز ہو سکتی ہے جو اس مواد کے آخر میں ضمیمہ 1 میں درج 'درمیانہ، کم یا سب سے کم خطرے' کے خانوں میں شامل ڈپریشن کی دوائیں لے رہے ہیں۔

  • سائیٹیلوپرام
  • ایسیتالوپرام
  • فلوووکسامین
  • سرٹرالائن
  • ٹرازوڈون
  • فلوکسیٹین
  • ایمٹرپٹلین

مثال 2 ان افراد کے لئے ایک مناسب آغاز ہو سکتا ہے جو ضمیمہ 1 کے 'سب سے زیادہ خطرے' والے کالم میں دافع ڈپریشن لے رہے ہیں.

  • ڈولوکسیٹائن
  • میٹازپین
  • پیروکسٹیٹین
  • وینلا فیکسین

یہ اس لیے ہے کیونکہ جتنا زیادہ ترک ادویات کے علامات کا خطرہ ہوگا، آپ کو دوا کی مقدار اتنی ہی آہستہ آہستہ کم کرنی ہوگی۔

تاہم، آپ جس مثال کی پیروی کرتے ہیں اس کا انحصار آپ کی انفرادی ضروریات پر ہوگا. آپ کو اپنا تدریجی کمی کا منصوبہ اس بنیاد پر تبدیل کرنا چاہیے کہ آپ کو کس قسم کے ترک ادویات کی علامات کا سامنا ہے، بجائے اس کے کہ ایک منصوبہ بنا کر ہر صورت میں اسی پر قائم رہیں ۔

میں دافع ڈپریشن کی چھوٹی مقداریں کس طرح لے سکتا ہوں؟

کچھ افراد کو اپنی دافع ڈپریشن کی مقدار کو اس حد تک کم کرنا پڑتا ہے جو گولیوں میں دستیاب نہیں ہوتی۔ یہ ترک ادویات کے علامات پیدا ہونے سے بچنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے، آپ مائع شکل میں دستیاب دافع ڈپریشن استعمال کر کے اسے پتلا کر سکتے ہیں.

نیچے ایک مثال دی گئی ہے جو آپ کو مائع دافع ڈپریشن کو پتلا کرنے کے اصولوں کو سمجھنے اور دوا کو بتدریج کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے. ایسا کرنا آپ کے لیے بہتر ہوگا کہ آپ اپنے معالج یا فارماسسٹ سے مشورہ کریں تاکہ آپ نیچے دیے گئے طریقہ کار پر اعتماد کے ساتھ عمل کر سکیں۔

مثال

اس مثال میں، آپ کے پاس ایک مائع دافع ڈپریشن ہے.

یہ مائع ایک ڈراپر میکانزم کے ساتھ آتا ہے، جو مائع کی ایک مخصوص مقدار، یعنی ایک قطرہ خارج کرتا ہے. یہ ایک قطرہ تقریباً 0.05ml ہوتا ہے اور اس میں 2mg دوا موجود ہوتی ہے.

اس دوا کو بتدریج چھوڑنے کے لیے، آپ کو 2mg سے کم خوراک لینے کی ضرورت ہے، لیکن ڈراپر میکانزم اس سے کم مقدار فراہم کرنے کی اجازت نہیں دیتا.

کم مقدار کی پیمائش کے لیے، آپ کو بوتل سے ڈراپر میکانزم ہٹانا ہوگا اور ایک اورل سرنج استعمال کرنی ہوگی.

آپ کو مائع کو پانی میں پتلا کر کے ایک کمزور محلول بنانے کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے. یہ اس لیے ضروری ہے کیونکہ اورل سرنج کے ذریعے درست پیمائش کے ساتھ جو سب سے کم مقدار لی جا سکتی ہے، وہ تقریباً 0.2ml ہوتی ہے.

آپ اورل سرنج استعمال کرکے دافع ڈپریشن اور پانی کی درست مقدار کی پیمائش کر سکتے ہیں. یہ سرنجیں 5ml، 1ml اور 10ml کی مقدار میں دستیاب ہوتی ہیں.

آپ یہ اورل سرنجیں فارمیسی سے یا آن لائن خرید سکتے ہیں، یا اگر آپ کو مفت نسخے ملتے ہیں تو اپنے معالج سے یہ تجویز کرنے کی درخواست کر سکتے ہیں۔

مثالی ہدایات

اس مثال میں، آپ 40mg/ml مائع  دافع ڈپریشن استعمال کر رہے ہیں. اس کا مطلب ہے کہ ہر 1ml مائع دافع ڈپریشن میں 40mg دوا موجود ہے.

لہٰذا، اس مائع دافع ڈپریشن کے ہر 0.5ml میں 20mg دوا موجود ہے.

آپ کا ہدف صرف 1mg دوا لینے کا ہے. یہ کرنے کے لیے، آپ کو درج ذیل چیزوں کی ضرورت ہوگی:

  • ·         1ml کی اورل سرنج
  • ایک ایسا کنٹینر جس کا ڈھکن مضبوطی سے بند ہو تاکہ ہلانے پر لیک نہ ہو
  • آپ کی مائع ڈپریشن کی دوا

طریقہ کار

  1. 1.      1ml کی اورل سرنج کا استعمال کرتے ہوئے 0.5ml مائع دافع ڈپریشن کی پیمائش کریں
  2. اسے کنٹینر میں ڈالیں
  3. 3.      10ml کی اورل سرنج کا استعمال کرتے ہوئے 9.5ml پانی کی پیمائش کریں
  4. اسے کنٹینر میں موجود مائع دافع ڈپریشن میں شامل کریں
  5. کنٹینر کو اچھی طرح ہلا کر مکس کریں
  6. اس سے آپ کو 10ml کا پتلا محلول ملے گا، جس میں 20mg دوا موجود ہوگی
  7. اپنی 1ml اورل سرنج کو پانی سے صاف کریں
  8. اپنی صاف کی گئی 1ml اورل سرنج کا استعمال کرتے ہوئے 0.5ml پتلے محلول کی پیمائش کریں، جس میں 1mg دوا موجود ہوگی
  9. باقی بچا ہوا پتلا محلول ضائع کر دیں۔*

آپ اسی طریقے کو استعمال کرتے ہوئے دیگر خوراکیں بھی تیار کر سکتے ہیں. تاہم، آپ کو جاننے کی ضرورت ہو گی کہ:

  • جس مائع ڈپریشن کی دوا کا آپ استعمال کر رہے ہیں، اس میں دوا کی کتنی مقدار موجود ہے (یہ مختلف ڈپریشن کی دواؤں کے لیے مختلف ہو سکتی ہے)
  • گولی میں مساوی خوراک ہمیشہ ایک جیسی نہیں ہو سکتی ہے (مثال کے طور پر مائع شکل میں 8mg سائیٹیلوپرام گولی کی شکل میں سائیٹیلوپرام کے 10mg کے برابر ہے)

یہ آپ کے لیے اپنی دافع ڈپریشن کی چھوٹی مقداریں بنانے کو ممکن بنائے گا، جس سے آپ آہستہ آہستہ مقدار کم کرنے کے منصوبے پر عمل کر سکیں گے۔

ہمیشہ مقدار کم کرنے کے منصوبے کو شروع کرنے سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ کریں۔

دوا ساز ادارے کے کتابچے (جسے 'سمری آف پروڈکٹ کیریکٹرسٹکس' بھی کہا جاتا ہے) کے مطابق، پانی میں ملانے کے بعد محلول کو فوراً استعمال کرنا چاہیے. اس کا مطلب ہے کہ پتلا کیا گیا محلول لینے کے بعد، باقی محلول کو ضائع کر دینا چاہیے اور جب اگلی بار دوا لینی ہو تو نیا محلول تیار کریں۔ اپنے معالج سے اس دوا کے لیے بنانے والے کا ہدایت نامہ طلب کریں جو آپ استعمال کر رہے ہیں۔

خوراک کم کرنے کے دیگر طریقے
دافع ڈپریشن کی مائع شکل استعمال کرنے کا طریقہ اوپر وضاحت کے ساتھ بیان کیا جا چکا ہے. دافع ڈپریشن کی کم خوراکیں تیار کرنے کے اور بھی طریقے ہیں تاکہ خوراک کو بتدریج کم کیا جا سکے.

یہ معلومات لوگوں کو خوراک کم کرنے کے مختلف طریقوں سے آگاہ کرنے کے لیے فراہم کی گئی ہے. آپ کو ان میں سے کوئی بھی طریقہ آزمانے سے پہلے اپنے معالج سے ضرور مشورہ کرنا چاہیے.

گولی کو حصوں میں تقسیم کرنا

تمام گولیاں تقسیم کرنے کے لیے موزوں نہیں ہوتیں، چاہے ان کے درمیان ایک لکیر بنی ہو. یہ کرنے سے پہلے اپنے فارماسسٹ یا تجویز کرنے والے سے مشورہ کریں۔ گولیوں کو تقسیم کرنے کا سب سے آسان طریقہ ٹیبلٹ کٹر کا استعمال ہے. یہ کس طرح کیا جائے گا، اس کا انحصار گولی کی شکل پر ہوگا:

  • گول گولیاں عام طور پر آدھی یا چوتھائی حصوں میں کاٹی جا سکتی ہیں، جب تک کہ وہ بہت چھوٹی نہ ہوں۔
  • کیپ لٹس یا کیپسول نما گولیوں کے درمیان بعض اوقات ایک لکیر بنی ہوتی ہے تاکہ انہیں آدھا توڑا جا سکے. یہ کام زیادہ درست طریقے سے ٹیبلٹ کٹر کے ذریعے کیا جا سکتا ہے.

ٹیبلٹ کٹر میں عام طور پر جمع کرنے کے لیے ٹرے یا دیگر طریقے ہوتے ہیں تاکہ گولی کے ٹکڑے ضائع نہ ہوں.

گولی کو آدھے یا چوتھائی حصے میں کاٹنے کا فیصلہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ گولی کا کتنا حصہ لینا چاہتے ہیں۔ ٹیبلٹ کٹر کے ذریعے چوتھائی سے چھوٹا ٹکڑا درست طریقے سے کاٹنا ممکن نہیں ہوتا.

جو گولیاں گول شکل کی نہ ہوں، انہیں عام طور پر صرف آدھے حصوں میں درست طریقے سے تقسیم کیا جا سکتا ہے. آپ کو اس شکل کی گولی کو چوتھائی حصوں میں کاٹنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ اس میں درست پیمائش ممکن نہیں ہو سکتی.

مثال

آپ کے پاس 40mg کی گولی ہے، اور آپ 10mg لینا چاہتے ہیں.

کچھ گولیوں میں، آپ یہ مقدار حاصل کرنے کے لیے گولی کو چوتھائی حصوں میں تقسیم کر سکتے ہیں، بشرطیکہ گولی ٹوٹنے یا بکھرے بغیر صحیح طریقے سے تقسیم ہو جائے. ایسا کرنے کے لیے، آپ ٹیبلٹ کٹر استعمال کرکے گولی کو آدھا کاٹیں گے. پھر آپ ان آدھے حصوں کو دوبارہ آدھا کاٹیں گے.

اب آپ کے پاس چار چوتھائی حصے ہوں گے، جن میں سے ہر ایک میںتقریباً 10mg دوا ہوگی.

آپ ان میں سے ایک چوتھائی حصہ ہر بار اگلی چار خوراکوںکے لیے استعمال کریں گے. اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر چوتھائی حصے مکمل طور پر برابر نہ بھی کٹے ہوں، تب بھی آپ مجموعی طور پر صحیح مقدار لے لیں گے.

ذرات گننا یا تولنا

کچھ ادویات، جیسے وینلافیکسین اور ڈولوکسیٹائن، کیپسول کی شکل میں آتی ہیں، جن میں چھوٹے چھوٹے 'سلو ریلیز' ذرات ہوتے ہیں. اس کا مطلب یہ ہے کہ ذرات پر ایک ایسی کوٹنگ ہوتی ہے جو دوا کو جسم میں آہستہ آہستہ خارج ہونے دیتی ہے. اپنے فارماسسٹ سے تصدیق کریں کہ جو دوا آپ لے رہے ہیں اس کے برانڈ میں یہ دانے موجود ہیں، کیونکہ ہر برانڈ میں ایسا نہیں ہوتا۔

اس صورت میں، کیپسول کو احتیاط سے کھولا جا سکتا ہے، اور ذرات کو کسی کنٹینر میں نکالا جا سکتا ہے. یہ ذرات گنے یا تولے جا سکتے ہیں تاکہ دوا کی کم مقدار تیار کی جا سکے. یہ سمجھا جاتا ہے کہ ذرات کیپسول سے نکالنے کے بعد بھی مستحکم رہتے ہیں. اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ انہیں ایئر ٹائٹ بوتل میں، روشنی سے محفوظ رکھ سکتے ہیں (مثلاً ایمبر میڈیسن بوتل)، اور انہیں چند دنوں تک محفوظ رکھنے کے بعد استعمال کر سکتے ہیں.

مثال

آپ کے پاس وینلافیکسین کا 75mg کیپسول ہے. آپ ذرات کو کیپسول سے نکال کر گن لیتے ہیں.

کیپسول میں 200 ذرات موجود ہیں. اس کا مطلب ہے کہ 160 ذرات میں 60mg وینلافیکسین ہوگی.

یہ ذہن میں رکھیں کہ ان ذرات کے سائز میں کچھ فرق ہو سکتا ہے. اسی وجہ سے، ذرات کو تولنا انہیں گننے کے مقابلے میں زیادہ درست طریقہ ہو سکتا ہے. انتہائی کم مقدار تولنے کے لیے خاص ترازو اور ہوا سے محفوظ ماحول کی ضرورت ہوتی ہے.

ذرات نگلنے سے پہلے، انہیں دوبارہ کسی کیپسول میں ڈالنا چاہیے. وینلافیکسین کے ذرات کو ایک چمچ دہی پر چھڑک کر کھایا جا سکتا ہے تاکہ انہیں نگلنا آسان ہو اور یہ گلے میں جلن نہ پیدا کریں. ڈولوکسیٹائن کے ذرات کو کھانے یا مائع میں نہیں ملانا چاہیے.

کیپسول کے پاؤڈر کو پانی میں گھولنا

کچھ کیپسول کے اندر پاؤڈر ہوتا ہے. جیسا کہ این ایچ ایس اسپیشلسٹ فارمیسی سروس نے وضاحت کی ہے، ان کیپسولز کو کھولا جا سکتا ہے اور ان کے اندر موجود پاؤڈر کو پانی میں گھولا جا سکتا ہے.

مثال

آپ کے پاس 20mg کا کیپسول ہے. آپ 4mg دافع ڈپریشن لینا چاہتے ہیں.

آپ کیپسول کے پاؤڈر کو 100ml پانی میں مکس کرتے ہیں. اب اس محلول میں ہر 5ml میں 1mg دوا موجود ہے.

آپ سرنج کا استعمال کرکے 20ml محلول نکالتے ہیں، جس میں 4mg دوا موجود ہوتی ہے.

کوئی بھی تیار شدہ محلول لینے سے پہلے اچھی طرح ہلائیں تاکہ دوا مائع میں یکساں طور پر گھل جائے. جو مقدار آپ نے لینی ہے، وہ لینے کے بعد باقی بچا ہوا محلول ضائع کر دیں.

گولیوں کو پانی میں گھولنا

بہت سی دافع ڈپریشن جو گولی کی شکل میں ہوتی ہیں، انہیں پانی میں ڈالا جا سکتا ہے، جہاں وہ ٹوٹ کر پانی میں گھل جاتی ہیں. اسے ٹوٹ پھوٹ ہونا کہا جاتا ہے۔ یہ عمل عام طور پر چند منٹوں میں مکمل ہو جاتا ہے، لیکن بعض اوقات زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے. جب گولی ٹوٹ جائے تو اس کے اجزاء کو مائع میں اچھی طرح مکس یا ہلا کر یکساں طور پر گھولنا ضروری ہوتا ہے.

اس عمل کو تیز کیا جا سکتا ہے اگر پہلے گولی کو چمچ کے پچھلے حصے سے کچل لیا جائے.

مثال

آپ کے پاس 20 ملی گرام کی گولی ہے، لیکن آپ 2 ملی گرام لینا چاہتے ہیں.

آپ گولی کو 100 ملی لیٹر پانی میں ملا دیں. اس مرکب میں ہر 5 ملی لیٹر میں 1 ملی گرام دوائی ہوگی.

اس کے بعد آپ اس مرکب کے 10 ملی لیٹر لینے کے لیے سرنج کا استعمال کر سکتے ہیں، جس سے آپ کو 2 ملی گرام دوا ملے گی.

یہ محلول لینے سے پہلے اچھی طرح ہلانا چاہیے تاکہ دوا مائع میں یکساں طور پر تقسیم ہو جائے. جو مقدار آپ نے لینی ہے، وہ لینے کے بعد باقی بچا ہوا محلول ضائع کر دیں.

 

ضمیمہ 1: مختلف دافع ڈپریشن کے ساتھ ممکنہ ترک ادویات کی علامات کا خطرہ

سب سے زیادہ ممکنہ خطرہ

درمیانے درجے کا ممکنہ خطرہ

کم ممکنہ خطرہ

سب سے کم ممکنہ خطرہ

ڈیسوینلا فیکسین ایمٹرپٹلین ڈوسولپین اگومیلٹین
ڈولوکسیٹائن بیوپروپیون میانسرینلوفیپرمائن
آئسوکارباکسزڈسائیٹیلوپرامٹریمائپرامین  
 میٹازپین کلومیپرمائنوورٹیوکسٹین 
موکلوبیمائیڈڈیسپرامین   
پیروکسٹیٹین ڈوکسپین   
 فینیلزائن ایسیتالوپرام   
ٹرانیلسیپرومین فلوکسیٹین   
وینلا فیکسین  فلوووکسامین  
 امیپرامین  
 ملناسیپران   
 نیفازوڈون   
 نورٹریپٹائی لائن   
 ری باکسیٹائن   
 سرٹرالائن   
 ٹرازوڈون   
 ویلازودون   

 

ضمیمہ 2: ترک ادویات کی علامات کی ممکنہ اقسام

جسمانی علامات

نیند کی علامات

جذباتی علامات

متلی بے خوابیاضطراب
سر درد خواب دیکھنے میں اضافہڈپریشن
چکر آناشوخ خوابگھبراہٹ
 پیٹ میں مروڑڈراؤنے خوابہیجان
ڈائریا چڑچڑاپن
تھکن مزاج میں تبدیلیاں
نزلے جیسی علامات  
 برقی جھٹکوں جیسی حس (’زیپس‘)  
 بھوک میں کمی  

بینائی کے مسائل (دوہری

 نظر، بصری دھندلاہٹ)
  
دل کی دھڑکن کا بے ترتیب ہونا  
دل کا رک رک کر دھڑکنا  
پسینہ آنا  
چہرے یا جلد کا سرخ ہو جانا  
لرزش  
کانوں کا بجنا  

اندرونی بےچینی کا احساس

اور سکون سے نہ بیٹھ سکنے کی کیفیت (اکاتھیزیا)
  

 

ضمیمہ 3: تفصیلی تدریجی کمی کا پروگرام مثال 2

مرحلہ

خوراک (ملی گرام)

گولیاں یا مائع

1 40 گولیاں
2 35 آدھی گولیاں* یا مائع
3 30 گولیاں
4 25 آدھی گولیاں* یا مائع
5 22 مائع
6 20 گولیاں
7 18 مائع
8 16 مائع
9 14 مائع
10 13 مائع
11 12 مائع
12 11 مائع
13 10 مائع یا گولی
14 9 مائع
15 8.1 مائع
16 7.2 مائع
17 6.5 مائع
18 5.9 مائع
19 5.3 مائع
20 4.8 مائع
21 4.3 مائع
22 3.9 مائع
23 3.5 مائع
24 3.1 مائع
25 2.8 مائع
26 2.5 مائع
27 2.2 مائع
28 1.9 مائع
29 1.7 مائع
30 1.4 مائع
31 1.2 مائع
32 1 مائع
33 0.8 مائع
34 0.64 مائع
35 0.5 مائع
36 0.3 مائع
37 0.15 مائع
38 0  

 

*ہر گولی آدھی کرنے کے لیے موزوں نہیں ہوتی. یہ کرنے سے پہلے اپنے فارماسسٹ یا تجویز کرنے والے سے مشورہ کریں۔

بشکریہ

یہ معلومات رائل کالج آف سائیکاٹرسٹس (Royal College of Psychiatrists) کے پبلک انگیجمنٹ ایڈیٹوریل بورڈ (PEEB) نے فراہم کی ہیں۔ اس میں تحریر کے وقت دستیاب بہترین شواہد پیش کیے گئے ہیں.

ماہر مصنفین:

  • پروفیسر وینڈی برن، سابق صدر، رائل کالج آف سائکیاٹرسٹ (Royal College of Psychiatrists)s)
  • ڈاکٹر مارک ایبی ہورووٹز بی اے (BA) بی ایس سی (BSc) ایم بی بی ایس (MBBS) ایم ایس سی (MSc) پی ایچ ڈی (PhD)، کلینیکل ریسرچ فیلو (NELFT)، اعزازی کلینیکل ریسرچ فیلو (UCL)
  • جارج رائکرافٹ، پالیسی اور مہمات کے سربراہ، رائل کالج آف سائکیاٹرسٹ (Royal College of Psychiatrists)
  • پروفیسر ڈیوڈ ٹیلر ایم ایس سی (MSc) پی ایچ ڈی (PhD) ایف ایف آر پی ایس (FFRPS) ایف آر فارم ایس (FRPharmS)، سائیکو فارما کولوجی کے پروفیسر (KCL)

ہم رائل کالج آف جنرل پریکٹیشنرز (Royal College of General Practitioners)، رائل فارماسیوٹیکل سوسائٹی (Royal Pharmaceutical Society)، اور کالج آف مینٹل ہیلتھ فارمیسی (College of Mental Health Pharmacy) کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس کام کی توثیق کی، اور ان تمام افراد کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے اپنی آراء فراہم کیں اور اس کی تیاری میں تعاون کیا۔

(This translation was produced by CLEAR Global (Feb 2025

Read more to receive further information regarding a career in psychiatry