اینوریکسیا اور بلیمیا

Anorexia and bulimia

Below is an Urdu translation of our information resource on anorexia and bulimia. You can also view our other Urdu translations.

ہم امید کرتے ہیں کہ یہ معلومات مددگار ثابت ہوں گی اگر:

  • آپ مسلسل اپنے وزن اور جسم کے بارے میں سوچ رہے ہیں
  • آپ کو لگتا ہے کہ آپ کا کھانا یا غذآ ایک مسئلہ ہو سکتا ہے
  • آپ خود کو جنونی طور پر وزن کم کرنے کے دیگر طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے پاتے ہیں، جیسے زیادہ ورزش کرنا یا اپنے آپ کو بیمار کرنا
  • آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو اینوریکسیا یا بلیمیا ہو سکتا ہے
  • دوسرے لوگوں کو خدشہ ہے کہ آپ کا وزن بہت زیادہ کم ہو گیا ہے
  • آپ کا کوئی دوست یا رشتہ دار، بیٹا یا بیٹی ہے جسے اس طرح کا مسئلہ درپیش ہے۔

یہ وزن زائد ہونے کے مسائل سے نمٹتا نہیں ہے۔

تعارف

ہم سب کے کھانے کی مختلف عادات ہیں۔ "کھانے کے انداز" کی ایک بڑی تعداد ہے جو ہمیں صحت مند رہنے کے قابل بناتی ہے۔ تاہم، کچھ ایسے بھی ہیں جو موٹے ہونے کے شدید خوف سے متاثر ہوتے ہیں اور جو کہ درحقیقت ہماری صحت کو نقصان پہنچاتا ہے۔ انہیں یا “کھانے کی خرابی” کہا جاتا ہے اور اس میں شامل ہیں:

  • بہت زیادہ کھانا
  • بہت کم کھانا
  • کیلوریز سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے نقصان دہ طریقوں کا استعمال کرنا۔

درحقیقت، 'کھانے کے خرابیوں' میں عام طور پر کھانے کے رویے سے زیادہ اور بہت کچھ شامل ہوتا ہے، اس لیے ان سے متاثر ہونے والے لوگ مسلسل اس بات کی فکر میں رہتے ہیں کہ کیلوریز لینے سے کیسے بچیں یا انہیں کیسے 'جلائیں' یا ان سے کیسے نجات حاصل کی جائے۔ وہ خود کو ہر وقت اپنے وزن اور ظاہری شکل کی جانچ کرتے ہوئے بھی پاتے ہیں، خود کو آئینے میں دیکھنے یا تصاویر میں شامل ہونے سے گریز کرتے ہیں تاکہ خود کو یقین دلایا جا سکے کہ ان کا وزن نہیں بڑھا ہے۔

یہ کتابچہ کھانے سے متعلق دو خرابیوں اینوریکسیا نرووسا اور بلیمیا نرووسا کے بارے میں ہے۔ یہ دونوں خرابیوں کو الگ الگ بیان کرتا ہے، تاہم

  • اینوریکسیا اور بلیمیا کی علامات اکثر مخلوط ہوتی ہیں
  • لوگ بلیمیا سے اینوریکسیا میں بھی منتقل ہو سکتے ہیں یا آپ اینوریکسیا کی علامات کے ساتھ شروع کرتے ہیں لیکن بعد میں بلیمیا کی علامات کی بڑھ سکتی ہیں۔

کھانے کی خرابی کس کو ہو سکتی ہے؟

لڑکیوں اور عورتوں میں اینوریکسیا یا بلیمیا کا شکار ہونے کا امکان لڑکوں اور مردوں کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

تاہم، ایسا لگتا ہے کہ لڑکوں اور مردوں میں کھانے کی خرابیاں زیادہ عام ہو رہی ہیں۔ ان میں زیادہ تر کو ورزش کے ساتھ مل کر کھانے کی خرابیاں پیدا ہونے کا امکان ہوتا ہے، وہ بہت دبلا ہونے کی بجائے پٹھوں کی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔

اینوریکسیا نرووسا

علامات کیا ہیں؟

آپ کو پتہ چلتا ہے کہ آپ:

  • اپنے وزن کے بارے میں بہت زیادہ فکر کرتے ہیں۔
  • کم سے کم کھانا - کیلوریز کی گنتی
  • کیلوریز جلانے کے لیے زیادہ سے زیادہ ورزش کرنا
  • اپنے آپ کو وزن کم کرنے کی خواہش سے نہ روک پانا، یہاں تک کہ جب آپ اپنی عمر اور قد کے لحاظ سے محفوظ وزن سے نیچے ہوں
  • اپنا وزن کم رکھنے کے لیے زیادہ سگریٹ نوشی یا چیونگم چبانا
  • آئینے میں اپنے وزن، شکل یا عکس کی جنونی طور پر جانچ کرنا
  • ایسی سماجی صورت حال سے دستبردار ہونا جس میں کھانا شامل ہوسکتا ہے
  • اپنے جسم کو چھپانے کے لیے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننا
  • وزن کرنے سے پہلے پانی پینا
  • کچھ فوڈ گروپس کو ہٹا کر اور کچھ فوڈز کو "اچھے" اور "برے" کے طور پر دیکھنا
  • کھانے کے اوقات سے گریز کرنا، خاص طور پر اسکول میں
  • جنسی تعلقات میں دلچسپی کھو دینا
    • لڑکیوں یا عورتوں میں - ماہواری کا حیض بے قاعدہ ہو جاتا ہے یا رک جاتا ہے۔
    • مردوں یا لڑکوں میں - عضو تناسل اور گیلے خواب رک جاتے ہیں، خصیے سکڑ جاتے ہیں۔

کچھ لوگ محسوس کرتے ہیں کہ ان میں دیگر جنونی مشکلات پیدا ہوئی ہیں، جیسے کہ سخت معمولات اور اوقات پر قائم رہنا، یا شاید 'آلودگی' کا خوف، ہر وقت مطالعہ کرنے یا کام کرنے کی ضرورت، یا مناسب طریقے سے پیسہ خرچ کرنے میں دشواری وغیرہ۔

یہ کب شروع ہوتا ہے؟

اب ہم جانتے ہیں کہ کسی بھی عمر کے لوگوں کو اینوریکسیا ہو سکتا ہے، لیکن یہ عام طور پر نو عمری کے سالوں میں شروع ہوتا ہے۔ یہ عموما اثر انداز ہوتا ہے:

  • ہر 150 میں 1 پندرہ سالہ لڑکی کو
  • ہر 1000 میں 1 پندرہ سالہ لڑکے کو۔

اس کے بعد کیا ہو گا؟

  • آپ ہر روز بہت کم کیلوریز لیتے ہیں۔ آپ "صحت مند" - پھل، سبزیاں اور سلاد کھاتے ہیں، لیکن وہ آپ کے جسم کو کافی توانائی نہیں دیتے۔
  • آپ اپنا وزن کم رکھنے کے لیے ورزش بھی کر سکتے ہیں، دبلا ہونے کی گولیاں استعمال کر سکتے ہیں، یا زیادہ تمباکو نوشی کر سکتے ہیں۔
  • آپ اپنے آپ کو کھانے کی اجازت نہیں دینا چاہتے لیکن آپ کھانا خریدتے ہیں اور دوسرے لوگوں کے لئے کھانا پکاتے ہیں۔
  • آپ اب بھی ہمیشہ کی طرح بھوک لگتی ہے، آپ کو پتہ چلتا ہے کہ درحقیقت آپ کھانے کے بارے میں سوچنا نہیں چھوڑ سکتے۔
  • آپ وزن بڑھنے سے زیادہ خوفزدہ ہو جاتے ہیں، اور اپنے وزن کو معمول سے کم رکھنے کے لیے زیادہ پُرعزم ہو جاتے ہیں۔
  • آپ کا خاندان آپ کی دبلے پن اور وزن میں کمی کو سب سے پہلے محسوس کر سکتا ہے۔
  • آپ اپنے آپ کو دوسرے لوگوں کو یہ بتانے کے قابل نہیں پائیں گے کہ آپ کتنا کھا رہے ہیں اور آپ کتنا وزن کم کر رہے ہیں۔
  • آپ اپنے آپ کو بیمار بھی کر سکتے ہیں اگر آپ کوئی ایسی چیز کھاتے ہیں جس کو آپ کا ارادہ نہیں کھانے کا تھا، خاص طور پر اگر آپ اپنے کھانے پر کنٹرول کھو دیتے ہیں اور اپنے آپ کو بسیار خوری کرتے ہوئے پاتے ہیں۔ تاہم، یہ بلیمیا نرووسا کی بجائے 'اینوریکسیا، بنگ پورج سب ٹائپ' کے طور پر جانا جاتا ہے۔ بلیمیا نرووسا کے مریض تعریف کے لحاظ سے عام وزن کی حد میں ہیں۔

بلیمیا نرووسا

علامات کیا ہیں؟

آپ کو پتہ چلتا ہے کہ آپ:

  • اپنے وزن کے بارے میں بہت زیادہ فکر کرتے ہیں۔
  • ضرورت سے زیادہ کھانا (نیچے دیکھیں)
  • اپنا کھایا ہوا، قے یا جلاب کے ذریعے نکال دینا اور کیلوریز سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے دیگر طریقے استعمال کرنا
  • ماہواری میں بے قاعدہ گی
  • تھکاوٹ محسوس کرنا
  • ندامت محسوس کرنا
  • غذا کے لیے اپنی کوششوں کے باوجود، معمول کا وزن رکھنا۔

یہ کب شروع ہوتا ہے؟

بلیمیا نرووسا اکثر تیرہ سے انیس سال کے درمیان شروع ہوتا ہے۔ تاہم، لوگ مدد مانگنے کے قابل ہونے سے قبل کئی سالوں تک بیمار رہ سکتے ہیں۔ لوگ اکثر اپنی زندگی بدلنے پر مدد مانگتے ہیں۔ ایک نئے رشتے کا آغاز یا پہلی بار دوسرے لوگوں کے ساتھ رہنا۔

ہر 100 میں سے 4 خواتین اپنی زندگی میں کسی نہ کسی وقت بلیمیا کا شکار ہوتی ہیں، جبکہ مردوں کی تعداد کم ہوتی ہے۔

بسیار خوری

  • آپ فرج پر حملہ کر دیتے ہیں یا باہر جاتے ہیں اور بہت سارے موٹا کرنے والے کھانے خریدتے ہیں جن سے آپ عام طور پر گریز کرتے ہیں۔
  • پھر آپ یہ سب جلدی سے، عام طور پر چھپ کر کھاتے ہیں۔
  • آپ صرف چند گھنٹوں میں کئی بسکٹ کے پیکٹ، چاکلیٹ کے بکس اور کئی کیک کھا سکتے ہیں۔
  • حتیٰ کہ آپ کسی اور کا کھانا یا دکان سے چوری بھی کر سکتے ہیں، تاکہ بسیار خوری کی خواہش کو پورا کیا جا سکے۔
  • بسیار خوری ایک منصوبہ بند کھانے کے طور پر شروع ہو سکتی ہے، لیکن چونکہ آپ کھانے کو محدود کر رہے ہیں، جبکہ آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ عام مقدار میں کھانا آپ کو مطمئن نہیں کرتا ہے لہذا آپ کھانا کھاتے چلے جاتے ہیں۔
  • اس کے بعد آپ بھرا ہوا اور پھولا ہوا محسوس کرتے ہیں اور شاید آپ کو ندامت اور افسردگی کا احساس بھی ہوتا ہے۔ پھر جو کھانا آپ نے کھایا ہے، قے یا جلاب کے ذریعے اس سے چھٹکارا پانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ بہت تکلیف دہ اور تھکا دینے والا ہے، لیکن آپ اپنے آپ کو بہت زیادہ کھانے اور قے اور/یا صاف کرنے کے معمول میں پھنسے ہوئے پاتے ہیں۔

بسیار خوری کی بیماری

اگر آپ اس عارضے میں مبتلا ہیں تو آپ پرہیز کریں گے اور بہت زیادہ کھائیں گے، لیکن خود سے قے نہیں کریں گے۔ 

یہ بہت تکلیف دہ ہے، اور آپ کا وزن بہت زیادہ بڑھ سکتا ہے۔

نفسیاتی علاج مددگار ثابت ہو سکتے ہیں اور آپ کا معالج آپ کو IAPT (نفسیاتی علاج تک رسائی کو بہتر بنانا) سروس سے رجوع کر سکتا ہے۔

آپ NHS چوائسز ویب سائٹ پر اس عارضے کے علاج کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

اینوریکسیا اور بلیمیا آپ کو کس طرح متاثر کر سکتے ہیں؟

اگر آپ کو کافی کیلوریز نہیں مل رہی ہیں تو آپ یہ کر سکتے ہیں:

نفسیاتی علامات

  • خراب نیند۔
  • کھانے یا کیلوریز کے علاوہ کسی اور چیز پر توجہ مرکوز کرنا یا اس کے بارے میں واضح طور پر سوچنا مشکل ہو جاتا ہے۔
  • افسردگی محسوس کرنا۔
  • دوسرے لوگوں میں دلچسپی کھو دینا۔
  • کھانے اور کھانے کے بارے میں جنونی ہو جانا (اور بعض اوقات دوسری چیزیں جیسے دھونا، صفائی یا صاف کرنا سے)۔

جسمانی علامات

  • کھانے کے لئے مشکلات، کیونکہ آپ کا معدہ سکڑ گیا ہے۔
  • جب آپ کے جسم کا میٹابولزم سست ہو جاتا ہے تو تھکاوٹ، کمزوری اور سردی محسوس کریں گے۔
  • قبض کی شکایت
  • اپنے بالوں اور جلد میں تبدیلیوں۔ کچھ لوگوں کے سر کے بال گر جاتے ہیں تو وہ جسم کے دوسرے حصوں کے بال بڑھا لیتے ہیں۔ جلد خشک ہو جاتی ہے اور آپ کو دباؤ سے دکھن ہو سکتی ہے۔
  • اپنے پورے قد تک نہ بڑھ پائیں یا 'جھکے ہوئے' نظر آنے کی وجہ سے لمبے نہ لگیں۔
  • نازک ہڈیاں جو آسانی سے ٹوٹ سکتی ہیں۔
  • حاملہ ہونے سے قاصر رہیں۔
  • اپنے جگر کو نقصان پہنچائیں، خاص طور پر اگر آپ شراب پیتے ہیں۔
  • انتہائی معاملات میں آپ مر سکتے ہیں۔ اموات کی شرح اینوریکسیا میں کسی بھی نفسیاتی عارضے کے لحاظ سے سب سے زیادہ ہے۔

اگر آپ قے کرتے ہیں تو شاید ایسا ہو گا کہ:

  • اپنے دانتوں پر اینمل (چمک) کھو دیں (یہ قے میں موجود معدے کے تیزاب سے گھل جاتا ہے)
  • آپ کا چہرہ سوج جائے گا (آپ کے گالوں میں لعاب کے غدود سوج جاتے ہیں)
  • محسوس کریں کہ آپ کا دل بے قاعدہ دھڑک رہا ہے، تیز دھڑکن (قے آپ کے خون میں نمکیات کے توازن کو خراب کرتی ہے)
  • کمزوری محسوس کرنا
  • ہر وقت تھکاوٹ کا احساس رہنا
  • وزن کی بھاری اونچ نیچ کا تجربہ (ذیل میں دیکھیں)
  • گردوں کو نقصان
  • مرگی کے دورے
  • حاملہ ہونے سے قاصر ہونا۔

اگر آپ بہت زیادہ قبض کشا استعمال کرتے ہیں تو شاید آپ کو:

  • معدے میں مسلسل درد ہو
  • انگلیاں سوج جائیں
  • پتا چلے گا کہ آپ قبض کشا استعمال کیے بغیر مزید بیت الخلا نہیں جا سکتے (ہر وقت قبض کشا کا استعمال آپ کے آنتوں کے پٹھوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے)
  • وزن کی نمایاں اونچ نیچ۔ جب آپ کیلوریز ضائع کرتے ہیں تو آپ بہت زیادہ سیال کھو دیتے ہیں، لیکن جب آپ اس کے بعد پانی پیتے ہیں تو اسے دوبارہ حاصل کر لیتے ہیں(قبض کشا کے استعمال سے کوئی کیلوریز ضائع نہیں ہوتی ہیں)

کھانے کی خرابی کی کیا وجوہات کیا ہیں؟

اس کا کوئی آسان جواب نہیں ہے، لیکن ان تمام خیالات کو وضاحت کے طور پر تجویز کیا گیا ہے:

  • جینیات: اس بات کے بہت سارے ثبوت ہیں کہ کھانے کی خرابیاں خاندانوں میں چلتی ہیں یہاں تک کہ وہاں بھی جہاں متاثرہ افراد لازمی طور پر ایک ساتھ نہیں رہتے ہیں، اور یہ کہ کچھ جین لوگوں کو نہ صرف کھانے کی خرابیوں کا شکار بناتے ہیں بلکہ اس سے متعلقہ حالات کا بھی شکار ہوتے ہیں۔
  • ·       "بس" کرنے کی کمی: ہم میں سے بیشتر صرف اس وقت تک مخصوص غذا کھا سکتے ہیں جب تک ہمارا جسم ہمیں بتائے کہ اب دوبارہ کھانا کھانے کا وقت آگیا ہے۔ ضروری نہیں ہے کہ اینوریکسیا میں مبتلا کچھ افراد کے جسم کا ایسا ہی "سوئچ" ہو، وہ اپنے جسم کا وزن طویل عرصے تک خطرناک حد تک کم رکھ سکتے ہیں۔
  • کنٹرول: ہو سکتا ہے کہ مخصوص غذا لینا ان لئے بہت اطمینان بخش ہو۔ جب وزن کی مشین ہمیں بتاتی ہے کہ ہم نے ایک دو پاؤنڈ کم کئے ہیں تو ہم میں سے بیشتر اس کامیابی پر ہونے والے احساس کو جانتے ہیں ۔ یہ محسوس کرنا اچھا ہے کہ ہم اپنے آپ کو واضح، نظر آنے والے طریقے سے کنٹرول کر سکتے ہیں۔ یہ ہو سکتا ہے کہ آپ کا وزن آپ کی زندگی کا واحد حصہ ہے جس پر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کا کوئی کنٹرول ہے۔
  • بلوغت: اینوریکسیا بالغ ہونے کی کچھ جسمانی تبدیلیوں کو الٹ سکتا ہے۔ مردوں میں ناف اور چہرے کے بال، سینوں اور خواتین میں ماہواری کی مدت وغیرہ۔ اس سے بڑھاپے کے تقاضوں کو دور کرنے میں مدد مل سکتی ہے، خاص طور پر جنسی مطالبات۔
  • سماجی دباؤ: ہمارا سماجی ماحول ہمارے رویے کو زور آور انداز سے پر متاثر کرتا ہے۔ جن معاشروں میں دبلے پن کو اہمیت نہیں دی جاتی ان میں کھانے کی خرابیاں کم ہوتی ہیں۔ ایسی جگہیں جہاں دبلے پن کو اہمیت دی جاتی ہے، جیسے بیلے اسکولوں میں کھانے کی زیادہ خرابیاں ہوتی ہیں۔ مغربی ثقافت میں ‘دبلا ہونا خوبصورتی ہے'۔ ٹیلی ویژن، اخبارات اور رسائل مثالی، مصنوعی طور پر پتلے لوگوں کی تصاویر دکھاتے ہیں۔ منفی جسمانی ہیئت والے کسی شخص کے لئے، جم اور ہیلتھ کلب بھی اس تاثر کو تقویت دے سکتے ہیں۔ لہذا، کسی نہ کسی وقت، ہم میں سے بیشتر مخصوص غذا لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہم میں سے کچھ لوگ بہت زیادہ مخصوص غذا لے سکتے ہیں، لیکن ایک ایسے شخص کے لئے جس میں کھانے کی خرابی پیدا ہونے کا خطرہ ہو، یہ مخصوص غذا خطرناک ہو سکتی ہے اور اس شخص کو اینوریکسیا کی طرف لے جا سکتی ہے-
  • خاندان  دوسرے لوگوں کے ساتھ ہماری زندگی میں کھانا ایک اہم حصہ ہے۔ کھانا قبول کر لینا باعث مسرت ہوتا اور اس سے انکار اکثر کسی کو ناراض کر دے گا۔ خاندانوں کے درمیان میں یہ عمل اور نمایاں ہے۔  ہو سکتا ہے کہ کھانے سے انکار ہی وہ واحد راستہ ہو جس سے آپ اپنے جذبات کا اظہار کر سکتے ہوں، یا خاندان کے معاملات میں کچھ کہنا کہنا چاہ رہے ہوں۔  عارضے میں مبتلا ہونے والے اور دیکھ بھال کرنے والے کے درمیان واضح اور مخلصانہ بات چیت انتہائی ضروری ہے۔ یہ بھی اہم ہے کہ آپ نتیجہ نکالنے میں جلدی کرنے والے نہ ہوں۔ دوسری طرف، پیار کرنے والے گھرانے اکثر آپ کو کھانے کی بری عادتوں کے نتائج سے بچانے کے کی کوشش کرتے ہیں، اور اس کا یہ مطلب ہو سکتا ہے کہ کھانے کی بری عادت لمبی مدت تک نہیں چلے گی۔
  • ڈپریشن: ہم میں سے زیادہ تر پریشانی اور بیزاری سے راحت حاصل کرنے کے لیے کھانا کھایا۔ بلیمیا سے دوچار لوگ اکثر افسردہ رہتے ہیں اور ہو سکتا ہے ناخوشی کے ان جذبات سے نمٹنے کے لیے مے نوشی کا آغاز ہو جائے۔ بدقسمتی سے، قے اور قبض کشا دوائیں آپ کی صحت پر برا اثر ڈال سکتی ہیں۔
  • پست عزت نفس: ایناریکسیا اور بلیمیا سے دوچار لوگ اکثر اپنی ذات سے لاپرواہ رہتے ہیں، اور دوسروں کے مقابلے میں خود کو کمتر سمجھتے ہیں۔ وزن کم کرنا اپنی عزت نفس اور ذاتی حیثیت سے شناسائی کا ایک طریقہ ہو سکتا ہے۔
  • جذباتی دباؤ: کچھ برا ہو جانے پر یا زندگیوں میں تبدیلی آنے پر ہم سب ہی مختلف طریقوں سے ردعمل دیتے ہیں۔ ایناریکسیا اور بلیمیا کا تعلق مندرجہ ذیل سے رہا ہے۔
    • زندگی کی مشکلات
    • جنسی زیادتی
    • جسمانی بیماری
    • پریشان کن واقعات، موت یا تعلق کا خاتمہ
    • اہم واقعات - شادی یا گھر چھوڑنا۔
  • بدمزاجی کا چکر : کھانے میں خرابی اس وقت بھی جاری رہ سکتی ہے جب اصل پریشانی یا اس کی ذمہ دار وجہ ختم ہو جاتی ہے۔ جب آپ کا معدہ سکڑ جاتا ہے تو یہ بے آرام محسوس کرتا ہے اور کھانا کھانے سے ڈرتا ہے۔
  • جسمانی وجوہات: کچھ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ کوئی جسمانی وجہ ہو سکتی ہے جس کو ابھی ہم نہیں سمجھتے۔
  • مخصوص بیماریاں اور علاج: ذیابطیس میں مبتلا لوگوں میں ایناریکسیا ہونے کا نسبتاً زیادہ امکان ہوتا ہے، سسٹک فبروسس (پتے کا سکڑ جانا) یا دیگر بیماریاں جن میں غذا کا خیال رکھنا پڑتا ہے ان میں مناسب علاج کے بغیر وزن کم ہو جاتا ہے۔ صحت کا خیال کیے بغیر وزن کم کرنا ایک ترغیب ہو سکتی ہے اور یہ خاص طور پر خطرناک ہے۔

مرد، مخصوص ضرورتوں کے ساتھ لوگ اور چھوٹے بچے

کیا یہ مردوں کے لیے مختلف ہے؟

  • کھانے کی خرابیاں مردوں اور لڑکوں میں بہت عام ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔
  • کھانے کی خرابیاں ان پیشوں میں زیادہ عام ہیں جو کم وزن (کم جسمانی چربی) کا تقاضا کرتے ہیں۔ ان میں گھڑ سواری، باڈی بلڈنگ، کشتی، باکسنگ، رقص، تیراکی، اتھلیٹکس اور کشتی رانی شامل ہیں۔
  • یہ اس لیے بھی ہو سکتا ہے کہ مرد آپ کھانے کی خرابیوں کے بارے میں خاموش رہنے کی بجائے ان پر مدد لے رہے ہیں۔

مخصوص ضروریات کے ساتھ لوگ اور چھوٹے بچے

تعلم میں مشکل، آٹزم یا نشوونما کے دیگر مسائل کھانے میں خلل ڈال سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، آٹزم کا شکار لوگ کھانے کے رنگ یا بناوٹ کو ناپسند کرتے ہوئے کھانے سے انکار کر سکتے ہیں۔

تیرہ سال سے کم عمر کے بچوں میں کھانے کے مسائل زیادہ تر کھانے کی بناوٹ سے متعلق ہیں، “چنیدہ کھانا” یا پتلا ہونے کی خواہش رکنے کی بجائے غصہ کرنا۔ ان مسائل میں مدد کرنے کے طریقے، ایناریکسیا اور بلیمیا کے معاملے میں مدد کرنے سے مختلف ہوتے ہیں۔

کیا مجھے کوئی مسئلہ ہے؟

ڈاکٹروں کی طرف سے استعمال کیا جانے والا سوال نامہ ‘SCOFF‘ پوچھتا ہے:

  • کیا آپ خود کو بیمار کرتے ہیں کیونکہ آپ بے آرامی سے پیٹ بھرے ہوئے ہیں؟
  • کیا آپ کو اس بات سے پریشانی ہوتی ہے کہ آپ اپنے کھانے پر قابو کھو چکے ہیں؟
  • کیا حالیہ تین مہینوں میں آپ کا وزن 6 کلو گرام (تقریباً ایک پتھر کے برابر) کم ہوا ہے؟
  • کیا آپ یقین کرتے ہیں کہ آپ موٹے ہیں جبکہ دوسرے کہتے ہیں کہ آپ پتلے ہیں؟
  • کیا آپ کہیں گے کہ کھانا آپ کی زندگی پر قابو رکھتا ہے؟

اگر آپ ان سوالوں میں سے دو یا زیادہ پر “ہاں” کا جواب دیتے ہیں تو آپ کھانے کی خرابی ہو سکتی ہیں۔

میں اپنی مدد کیسے کر سکتا ہوں؟

بعض دفعہ اپنی مدد آپ کے تحت ایک مینول اور معالج کی راہنمائی سے بلیمیا سے نمٹا جا سکتا ہے۔

ایناریکسیا کے لیے ایک کلینک یا معالج سے زیادہ منظم مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان اتخابات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات لینا اہم ہے تاکہ آپ اپنے لیے بہترین راستہ چن سکیں۔

کریں:

  • کھانے کے باقاعدہ اوقات سے ہم آہنگ ہوں - ناشتہ، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا۔ اگر آپ کا وزن بہت کم ہے تو، صبح، دوپہر اور رات میں اسنیکس بھی لیں۔
  • صحت مند طریقے سے کھانے کی طرف ایک چھوٹا سا قدم بڑھانے کے بارے میں سوچیں۔ اگر آپ ناشتہ نہیں کر پاتے تو ناشتے کی میز پر چند منٹ بیٹھیں اور صرف پانی کا گلاس پینے کی کوشش کریں۔ جب آپ کو ایسا کرنے کی عادت پڑ جائے تو بہت تھوڑا کھانا کھائیں، یہاں تک کہ ٹوسٹ کا ایک آدھا ٹکڑا لیں - لیکن یہ ہر روز کریں۔
  • ایک ڈائری لکھیں جس میں درج کریں کہ آپ کیا کھاتے ہیں، کب کھاتے ہیں اور ہر روز آپ کی سوچیں اور احساسات کیا رہیں ہیں۔ اس کا استعمال کر کے آپ جان سکتے ہیں کہ آیا آپ کے محسوس کرنے کے انداز میں، کسی بارے میں سوچنے اور آپ کے کھانے کے انداز میں کوئی تعلق ہے۔
  • آپ جو کھاتے ہیں اور جو نہیں کھاتے اس کے بارے میں خود سے اور دوسروں سے کھل کر بات کریں۔ کھانے کی خرابیوں سے جڑے پہلؤوں میں سب سے زیادہ الگ کرنے والا پہلو رازداری ہے۔
  • خود کو یاد دلائیں کہ آپ کو ہمیشہ ہی کچھ حاصل نہیں کرنا، کبھی کبھی خود کو آرام دیں۔
  • خود کو یاد دلائیں کہ اگر آپ نے مزید وزن کم کیا تو آپ درمیانی مدت میں زیادہ بے چین اور افسردہ ہو جائیں گے اگرچہ آپ مختصر مدت کے لیے اچھا بھی محسوس کریں۔
  • دو فہرستیں بنائیں، ایک یہ کہ آپ کے کھانے کی خرابی میں آپ نے کیا پایا ہے اور ایک یہ کہ اس میں آپ نے کیا کھویا ہے۔ اپنی مدد آپ کی کتاب اس سلسلے میں آپ کی مدد کر سکتی ہے۔
  • اپنے جسم سے مہربانی سے پیش آنے کی کوشش کریں، اسے دھکیلیں نہیں۔
  • یقینی بنائیں کہ آپ یی جانتے ہیں کہ آپ کے لیے ایک معقول وزن کیا ہے، اور یہ کہ آپ جانتے ہیں ایسا کیوں ہے۔
  • بحالی حاصل کرنے والے دوسرے لوگوں کے تجربات کی کہانیاں پڑھیں۔ آپ ان کو اپنی مدد آپ کی کتاب یا انٹرنیت پر دیکھ سکتے ہیں۔
  • اپنی مدد آپ کے ایک گروپ میں شامل ہونے کا سوچیں، جیسے کہ B-eat آپ کا جی بھی آپ کے لیے ایک گروپ تجویز کر سکتا ہے۔
  • ایسی ویب سائٹس اور سوشل نیٹ ورکس سے دور رہیں جو آپ کو وزن کم کرنے اور اس پر رہنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ وہ اپنی صحت کا نقصان کرنے پر آپ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، لیکن جب آپ بیمار ہو جائیں گے تو آپ کی مدد نہیں کریں گے۔

ایسا نہ کریں:

  • ہفتے میں ایک بار سے زیادہ اپنا وزن نہ کریں۔
  • اپنا جسم جانچنے اور آئینے میں خود کو دیکھنے پر زیادہ وقت صرف نہ کریں۔ کوئی بھی مکمل نہیں ہے۔ آپ جتنا زیادہ خود کو دیکھیں گے، اتنا زیادہ امکان ہے کہ آپ کو کچھ ایسا مل جائے گا جو آپ کو پسند نہیں ہے۔ مستقل طور پر جانچتے رہنا بہت زیادہ پُر کشش فرد کو جیسے وہ دکھائی دیتے ہیں اس سے ناخوش کر سکتا ہے۔
  • خود کو گھر والوں اور دوستوں سے الگ نہ کریں۔ آپ ایسا چاہ سکتے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں آپ بہت پتلے ہیں، لیکن وہ جان بچانے والے ہو سکتے ہیں۔

اگر میں مدد حاصل نہ کروں یا کھانے کی عادات کو نہ بدلوں تو کیا ہو گا؟

کھانے کی خرابیاں رکھنے والے بہت سے لوگ آخر میں کسی قسم کا علاج ہی کرواتے ہیں، اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اگر کچھ نہ کیا جائے تو کیا ہو سکتا ہے۔

تاہم، ایسا لگتا ہے کہ کھانے کی سنگین خرابیاں خود سے ٹھیک نہیں ہوتی ہیں۔

ایناریکسیا سے دوچار کچھ لوگ مر جائیں گے۔

کم وزن کے ساتھ ورزش کرنا خطرناک ہے، خاص طور پر اگر آپ سرد موسم میں باہر ورزش کرتے ہیں۔

ایناریکسیا کے لیے ماہرانہ مدد حاصل کرنا

آپ کا جی پی آپ کو ایک ماہر مشیر، ماہر نفسیات یا نفسیاتی ماہر کے پاس جانے کا کہ سکتا ہے۔

آپ ایک نجی معالج، اپنی مدد آپ گروپ یا کلینک کا انتخاب کر سکتے ہیں، لیکن پھر بھی مناسب یہ ہو گا کہ اگر آپ اپنے جی پی کو بتائیں کہ کیا چل رہا ہے۔

ایک اچھا جسمانی صحت کا معائنہ بہترین خیال ہو گا۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کے کھانے میں خرابی کی وجہ سے آپ کو جسمانی مسائل پیدا ہو چکے ہوں۔ بہت کم، آپ کو ایک ناقابل شناخت طبی مسئلہ ہو سکتا ہے۔

آپ کے لیے سب سے زیادہ مددگار علاج غالباً آپ کی علامات، عمر اور صورتحال پر منحصر ہو گی۔

ایناریکسیا کے لیے بھیجے جانے کے بعد پہلے اقدام

  • ایک ماہر نفسیات یا نفسیاتی معالج سب سے آپ سے یہ جاننے کے لیے بات کرے گا یہ کب شروع ہوا اور یہ کیسے بڑھتا چلا گیا۔ آپ کا وزن کیا جائے گا اور آپ کے کم ہوئے وزن کو سامنے رکھتے ہوئے آپ کا جسمانی معائنہ اور خون کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ آپ کی اجازت کا ساتھ آپ کا ماہر نفسیات آپ کے گھر والوں (اور شاید ایک دوست) سے بات کرنا چاہے گا تاکہ وہ اس مسئلے پر کیا روشنی ڈال سکتے ہیں۔ اگر آپ اپنے گھر والوں کو ملوث نہیں کرنا چاہتے تو، ہر نوجوان مریض رازداری کا حق رکھتا ہے۔ بدسلوکی یا گھر میں پریشانی ہونے کی وجہ سے یہ بعض دفعہ مناسب ہو سکتا ہے۔
  • اگر آپ ابھی تک گھر پر رہ رہے ہیں تو آپ کے والدین کو کم از کم ایک بار آپ کے کھانے کی نگرانی کرنے کی ذمہ داری مل سکتی ہے۔ اس میں یہ بات یقینی بنانا شامل ہے کہ آپ باقاعدگی سے اپنے گھر والوں کے ساتھ کھانا کھاتے ہیں اور کافی کیلوریز حاصل کرتے ہیں۔ وزن کی جانچ اور مدد کے لیے آپ باقاعدگی سے ایک معالج سے ملیں گے۔
  • اس سے نمٹنا تمام متعلقین کے لیے پریشان کن ہو سکتا ہے، اس لیے آپ کے گھر والوں کو مدد کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ اس کا یہ ہر گز مطلب نہیں کہ تھراپی کی نشست میں سب گھر والوں کو آنا ہو گا (اگرچہ ایسا کرنا نوجوان لوگوں کے لیے مددگار ہو سکتا ہے)۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ کے گھر والے مسئلے کو سمجھنے اور اس سے نمٹنے میں مدد لے سکتے ہیں۔ تاہم، والدین کا شامل ہونا بیماری میں مبتلا فرد اور ماہر نفسیات کے لیے بحالی میں مددگار ہو سکتا ہے۔
  • تعلقات، پڑھائی، کام یا خود اعتمادی کے متعلق مسائل میں سے جو کچھ بھی پریشان کرتا ہو، آپ کو اس کے بارے میں بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔
  • پہلے، آپ شاید معمول کے وزن کی طرف واپس نہ جانا چاہتے ہوں لیکن آپ بہتر محسوس کرنا چاہتے ہوں گے، اور بہتر محسوس کرنے کے لیے آپ کو ایک صحت مند وزن کی طعف واپس جانا ہو گا۔ آپ کو جاننے کی ضرورت ہو گی کہ:
    • آپ کا صحت مند وزن کیا ہے؟
    • وہاں تک پہنچنے کے لیے آپ کو روزانہ کتنی خوراک کی ضرورت ہے۔
    • آپ کیسے یقینی بنا سکتے ہیں کہ آپ موٹے نہیں ہوں گے۔
    • آپ کیسے پُریقین ہو سکتے ہیں کہ آپ اپنے کھانے پر قابو پا سکتے ہیں۔

ایناریکسیا کے لیے نفسیاتی علاج اور مشاورت

  • اس میں آپ کی سوچوں اور احساسات کے بارے میں شاید ہفتے میں ایک گھنٹہ تھراپسٹ سے بات چیت کرنا شامل ہے۔ یہ آپ کو سمجھنے میں مدد کر سکتا ہے کہ مسئلہ کیسے شروع ہوا، اور آپ کیسے سوچنے کے کچھ طریقوں اور چیزوں کے بارے میں محسوس کرنے کو تبدیل کر سکتے ہیں۔ کچھ چیزوں کے بارے میں بات کرنا پریشان کن ہو سکتا ہے، لیکن اچھا تھراپسٹ آپ کو بہتر طریقے سے مشکلات سے نمٹنے میں آپ کی مدد کرے گا۔ وہ آپ کو اپنی ذات کو اہمیت دینے اور عزت نفس کی تعمیر میں بھی آپ کی مدد کریں گے۔
  • ذہنی رویاتی تھراپیاور افراد کے درمیان باہم تھراپی پر خاص طور پر مرکوز ورژن اکثر اس وقت پیش کیے جاتے ہیں جب آپ اس حد تک بہتر ہو جائیں کہ ان سے زیادہ پریشان ہونے کی بجائے تھراپی کی مشکلات سے فائد اٹھا سکیں۔ اگر آپ نے کم وزن رکھتے ہوئے یا وزن کم ہونے کے دوران تھراپی کروائی ہے تو، ایسا لگتا ہے کہ دباؤ میں ہونا چیزیں بہتر کرنے کی بجائے زیادہ خراب کر سکتا ہے۔
  • بعض دفعہ ایسا اس طرح کے مسائل رکنے والے لوگوں کے گروپ میں کیا جا سکتا ہے۔
  • آپ کی اجازت سے آپ کے خاندانوں کے دیگر لوگوں کو شامل کیا جا سکتا ہے۔  اینوریکسیا کے لیے فیملی تھراپی کی بہترین تحقیق شدہ شکل 'ماؤڈسلے ماڈل' ہے۔ جوڑے ایک ساتھ تھراپی میں جا سکتے ہیں۔ رشتہ داروں اور دیکھ بھال کرنے والوں کے بھی الگ سے نشستیں لی جا سکتے ہیں تاکہ انہیں یہ سمجھنے میں مدد ملے کہ آپ کے ساتھ کیا ہوا ہے اور وہ آپ کے ساتھ مل کر کیسے کام کر سکتے ہیں یا وہ کس طرح صورت حال کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
  • اس قسم کا علاج مہینوں یا سالوں تک جاری رہ سکتا ہے۔
  • ڈاکٹر صرف اس صورت میں ہسپتال میں داخل ہونے کی تجویز کرے گا جب یہ اقدامات کام نہ کریں یا اگر آپ کا وزن خطرناک حد تک کم ہو۔

ہسپتال میں علاج

اس میں زیادہ نگرانی اور منظم طریقے سے آپ کے کھانے کو کنٹرول کرنا اور مسائل کے بارے میں بات کرنا بھی شامل ہے۔

  • آپ میں خون کی کمی یا انفیکشن کے خطرے کو جانچنے کے لیے خون کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
  • باقاعدگی سے وزن کی جانچ، یہ یقینی بنانے کے لئے کہ آپ کا وزن آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے۔
  • آپ کے دل، پھیپھڑوں اور ہڈیوں کو پہنچنے والے کسی نقصان کی نگرانی کے لیے دیگر جسمانی تحقیقات کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

کھانے اور ورزش کے حوالے سے مشورہ اور مدد

  • ایک غذائی ماہر صحت مند کھانے کے بارے میں بات کرنے کے لیے آپ سے ملاقات کر سکتا ہے، اور یہ جاننے کے لیے کہ آپ کتنا کھاتے ہیں اور اس بات کو کیسے یقینی بنائیں کہ آپ کو صحت مند رہنے کے لیے ضروری تمام غذائی اجزاء مل جائیں۔
  • آپ کو تھوڑی دیر کے لیے وٹامن اور منرل سپلیمنٹس کی ضرورت پڑ سکتی ہے کیونکہ آپ کے جسم میں ضروری غذائی اجزاء کی کمی ہو سکتی ہے۔
  • آپ صرف زیادہ کھانے سے ہی صحت مند وزن میں واپس آ سکتے ہیں اور یہ شروع میں بہت مشکل ہوسکتا ہے۔ عملہ آپ کی درج زیل میں مدد کرے گا:
  • وزن میں اضافے کے لیے معقول اہداف مقرر کرنے میں
  • باقاعدگی سے کھانا کھانے میں
  • آپ جو اضطراب محسوس کرتے ہیں اس کا مقابلہ کرنے میں
  • آپ کا جی پی آپ کو ورزش کی مقدار، قسم اور شدت کے بارے میں مشورہ دینے کے لیے مستند ورزش کے ماہر کے پاس بھیج سکتا ہے جو آپ کے لیے اچھا ہو گا۔

انوریکسیا کے لئے دوا

ڈاکٹر بعض اوقات بیماری سے لڑنے کے دوران آپ کو ہونے والی بے چینی کو کم کرنے میں مدد کے لیے دوائیں تجویز کرتے ہیں اور خاص طور پر ان 'افواہوں' کو کم کرنے کے لیے جو متاثرہ افراد بیان کرتے ہیں۔

زیادہ تر تجربہ اولنزپین کے ساتھ رہا ہے کیونکہ یہ دوا نوجوانوں اور کم وزن والے لوگوں کے لیے سب سے محفوظ ہے۔ یہ ڈائی زیپم اور اسی طرح کی دوائیوں سے زیادہ موثر ہو سکتی ہے اور اس کی عادت ہونے کا امکان کم ہوتا ہے۔

وزن بڑھنا صحت یابی کے مترادف نہیں ہے لیکن آپ وزن بڑھائے بغیر صحت یاب نہیں ہو سکتے۔ جو لوگ شدید بھوک کا شکار ہوتے ہیں انہیں عام طور پر توجہ مرکوز کرنے یا واضح طور پر سوچنے میں دشواری ہوتی ہے، خاص طور پر اپنے جذبات کے بارے میں۔

انوریکیسا کا لازمی علاج

یہ غیرمعمولی ہے۔ یہ صرف اس صورت میں کیا جاتا ہے جب کوئی اتنا بیمار ہو کہ:

  • اپنے لیے صحیح فیصلے نہ کر سکے
  • اسے سنگین نقصان سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہو۔

انوریکسیا میں ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کا وزن اتنا کم ہو کہ آپ کی صحت (یا زندگی) خطرے میں ہو اور وزن کم ہونے سے آپ کی سوچ بری طرح متاثر ہوئی ہو۔

انوریکسیا کا علاج کتنا موثر ہے؟

  • آدھے سے زیادہ مریض صحت یاب ہو جاتے ہیں حالانکہ وہ اوسطاً 6-7 سال تک بیمار رہتے ہیں۔
  • شدید انوریکسیا کے 20 سال بعد بھی مکمل صحت یابی ہو سکتی ہے۔
  • ہسپتال میں داخل سب سے زیادہ شدید بیمار لوگوں کے بارے میں ماضی کے مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ پانچ میں سے ایک کی موت ہو سکتی ہے۔ اگر مریض طبی دیکھ بھال لیتا رہے تو جدید نگہداشت کے ساتھ موت کی شرح بہت کم ہے۔
  • جب تک دل اور دیگر اعضاء کو نقصان نہ پہنچا ہو، بھوک کی زیادہ تر پیچیدگیاں ایک بار جب انسان صحیح طرح کھانے لگے تو آہستہ آہستہ بہتر ہوتا دکھائی دیتا ہے۔

بلیمیا کے لیے پیشہ ورانہ مدد لینا

آپ کا جی پی آپ کو ایک ماہر مشیر، ماہر نفسیات یا نفسیاتی ماہر کے پاس جانے کا کہ سکتا ہے۔

آپ ایک نجی معالج، اپنی مدد آپ گروپ یا کلینک کا انتخاب کر سکتے ہیں، لیکن پھر بھی مناسب یہ ہو گا کہ اگر آپ اپنے جی پی کو بتائیں کہ کیا چل رہا ہے۔

ایک اچھا جسمانی صحت کا معائنہ بہترین خیال ہو گا۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کے کھانے میں خرابی کی وجہ سے آپ کو جسمانی مسائل پیدا ہو چکے ہوں۔ بہت کم، آپ کو ایک ناقابل شناخت طبی مسئلہ ہو سکتا ہے۔

آپ کے لیے سب سے زیادہ مددگار علاج ممکنہ طور پر آپ کی مخصوص علامات، آپ کی عمر اور صورتحال پر منحصر ہو گا۔

بلیمیا کے لیے سائیکو تھراپی

بلیمیا نرووسا میں دو اقسام کی سائیکو تھراپی مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ ان دونوں کو تقریباً 20 ہفتوں کے دوران ہفتہ وار سیشن میں دیا جاتا ہے۔

ادراکی رویہ جاتی علاج (CBT)

یہ عام طور پر ایک انفرادی معالج کے ساتھ، اپنی مدد آپ کی کتاب کے ساتھ، گروپ سیشنز میں، یا سی ڈی روم کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

CBT آپ کو اپنے خیالات اور احساسات کو تفصیل سے دیکھنے میں مدد کرتا ہے۔ آپ کو اپنے کھانے کی عادات کی ایک ڈائری رکھنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے تاکہ یہ معلوم کرنے میں مدد ملے کہ آپ کی بسیار خوری کو کیا متحرک کرتا ہے۔

اس کے بعد آپ ان حالات یا احساسات کے بارے میں سوچنے اور ان سے نمٹنے کے بہتر طریقے اپنا سکتے ہیں۔ انوریکسیا کے علاج کی طرح، معالج آپ کو آپ کی شخصی قدر کا احساس بحال کرنے میں مدد کرے گا۔

باہمی تھراپی (IPT)

یہ تھراپی عام طور پر انفرادی معالج کے ساتھ بھی کی جاتی ہے، لیکن اس میں دوسرے لوگوں کے ساتھ آپ کے تعلقات پر زیادہ توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔ ہو سکتا ہے آپ نے کوئی دوست کھو دیا ہو، کوئی پیارا مر گیا ہو یا ہو سکتا ہے آپ اپنی زندگی میں کسی بڑی تبدیلی سے گزر چکے ہوں، جیسے کہ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونا۔ اس تھراپی سے آپ کو ایسے معاون رشتوں کو دوبارہ بنانے میں مدد ملے گی جو آپ کی جذباتی ضروریات کو کھانے سے بہتر طریقے سے پورا کر سکتے ہیں۔

بلیمیا میں مدد کے لیے کھانے کی ہدایات

اس سے آپ کو باقاعدگی سے کھانے کی طرف واپس آنے میں مدد ملتی ہے، تاکہ آپ بھوکے رہنے یا الٹی کیے بغیر وزن کو برقرار رکھ سکیں۔ ایک غذائی ماہر آپ کو صحت مند کھانے کے بارے میں مشورہ دے سکتا ہے۔

ایک گائیڈ جیسا کہ " تھوڑا تھوڑآ کر کے بہتر ہونا" (حوالہ جات دیکھیں) مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

بلیمیا کے لیے دوا

اگر آپ افسردہ نہیں بھی ہیں توفلوکسیٹائن (پروزاک) جیسی اینٹی ڈپریسنٹس کی زیادہ مقدار کھانے کی خواہش کو کم کر سکتی ہیں۔

دوا 2-3 ہفتوں میں آپ کی علامات کو کم کر سکتی ہے، اور سائیکو تھراپی کو "کک سٹارٹ" فراہم کر سکتی ہے۔ بدقسمتی سے مدد کی دیگر اقسام کے بغیر فوائد تھوڑی دیر کے بعد ختم ہو جاتے ہیں۔

بلیمیا کا علاج کتنا مؤثر ہے؟

  • بہت زیادہ کھانے کی عادت کو کم کرنے سے تقریباً آدھے مریض صحت یاب ہو جاتے ہیں. یہ ایک مکمل علاج نہیں ہے لیکن کھانے کے مسئلوں کے بغیر، آپ کو اپنی زندگی پر کچھ کنٹرول واپس حاصل ہو گا۔
  • اگر آپ کو منشیات، شراب یا اپنے آپ کو نقصان پہنچانے کے مسائل کا بھی سامنا ہے تو نتیجہ بدتر ہو سکتا ہے۔
  • سی بی ٹی اور آئی پی ٹی ایک سال کے دوران مؤثر طریقے سے کام کرتے ہیں، حالانکہ لگتا ہے کہ سی بی ٹی تھوڑی جلدی کام کرنا شروع کر دیتا ہے۔
  • کچھ شواہد موجود ہیں کہ دوائیوں اور سائیکو تھراپی کا امتزاج اپنے طور پر کسی بھی علاج کے مقابلے میں زیادہ موثر ہے۔
  • بحالی عام طور پر چند ماہ یا کئی سالوں میں آہستہ آہستہ ہوتی ہے۔

مزید معلومات

آن لائن مشورہ

B-eat (سابقہ ایٹنگ ڈس آرڈرز ایسوسی ایشن): بالغ افراد کے لیے ہیلپ لائن: 0845 634 1414; بی ایٹ یوتھ ہیلپ لائن (25 سال سے کم): 7650 634 0845۔ B-eat برطانیہ کا معروف خیراتی ادارہ ہے جو کھانے سے متعلق مسائل سے متاثر ہونے والے کسی بھی فرد بشمول خاندان اور دوستوں کے کی مدد کرتا ہے۔

Bodywhys – دی ایٹنگ ڈس آرڈرز ایسوسی ایشن آف آئرلینڈ: ہیلپ لائن: 444 200 1890۔ ای میل: info@bodywhys.ie

DWED (ذیابیطس کے ساتھ کھانے کے مسائل کی ویب سائٹ)

Eating Disorder Hope: یہ امریکی ویب سائٹ کھانے کے خرابیوں میں مبتلا افراد، ان کے علاج فراہم کرنے والوں اور پیاروں کو مرض کے علاج، اس سے صحت یابی کے لیے مہیا وسائل بتاتی ہے۔

Healthtalk.org: ایک سیکشن ہے جو کھانے کھانے کی خرابیوں میں مبتلا نوجوانوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

ادارہ برائے ذہنی صحت آئر لینڈ
ای میل: information@mentalhealthireland.ie یہ ذہنی طور پر بیمار لوگوں کو مدد فراہم کرتا ہے اور مثبت ذہنی صحت کو فروغ دیتا ہے۔

این ایچ ایس 111: این ایچ ایس کے متعلق انتخاب: جب آپ کو فوری طبی مدد کی ضرورت ہو تو 111 پر کال کریں لیکن یہ 999 ایمرجنسی نہیں ہے۔ یہ مدد دن کے 24 گھنٹے، سال کے 365 دن دستیاب ہے اور لینڈ لائنز اور موبائل فونز سے کالیں مفت ہیں۔

آن لائن CBT وسائل

مزید پڑھنے کے لیے

انوریکسیا نرووسا سے آزاد ہونا: خاندانوں، دوستوں اور متاثرین کے لیے جینٹ ٹریژر (سائیکولوجی پریس) کی جانب سے بقاء میں راہنمائی۔

اینوریکسیا نرووسا اور بلیمیا: مدد کیسے کی جائے، M. Duker اور R. Slade (اوپن یونیورسٹی پریس)۔

کھانے کے امراض: والدین کے لیے گائیڈ،Rachel Bryant-Waugh اور Brian Lask (پینگوئن بکس)۔

کھانے کے مرض میں مبتلا اپنے پیارے کی دیکھ بھال کرنے کے لیے مہارت سیکھنا: دا نیو ماڈسلے میتھڈ جینیٹ ٹریژر، گرین سمتھ اور اینا کرین

بلیمیا نرووسا اور تھوڑے وقت میں زیادہ کھانا: بحالی کے لیے ایک گائیڈ پی ۔ جے۔ کوپر اور کرسٹوفر فئیر بیرن (کانسٹیبل اور رابنسن)۔

Overcoming binge eating by Christopher Fairburn (Guildford Press)

Getting better BITE by BITE  بلیمیا نرووسا اور کھانے کے امراض کا شکار افراد کے بقا کی کٹ، Janet Treasure اور Ulrike Schmidt (Hove سائیکولوجی پریس)

انورکسیا نرووسا اور متعلقہ کھانے کی امراض (ANRED)۔

سیلف ہیلپ ٹپس: http://www.anred.com/slf_hlp.html

حوالہ جات اور کریڈٹس

  • آگراس، ڈبلیو ایس، والش، بی ٹی، فیئربرن، سی جی، ایٹ ال (2000) بلیمیا نرووسا کے لیے علمی سلوک تھراپی اور باہمی نفسیاتی علاج کا ایک ملٹی سینٹر موازنہ۔ آرکائیوز آف جنرل سائیکاٹری، 57، 459-466۔
  • Antidepressants مقابلہ نفسیاتی علاج اور بلیمیا نرووسا کے لیے ان کا مجموعہ (کوکرین ریویو). Bacaltchuk J.، Hay P.، Trefiglio R اس میں: The Cochrane لائبریری، شمارہ 2 2003۔ آکسفورڈ: اپڈیٹ سافٹ ویئر۔
  • Bissada H. ایٹ ال۔ کم جسمانی وزن اور انوریکسیا نرووسا کی شکار خواتین میں جنونی سوچ کے علاج میں اولانزاپین کا استعمال: ایک بے ترتیب، ڈبل بلائنڈ، پلیسبو کے زیر کنٹرول ٹرائل۔ ایم جے سائیکاٹری 2008 جون 16۔
  • Eisler, I., Dare, C., Russell, G. F. M., et al (1997) انوریکسیا نرووسا میں خاندانی اور انفرادی تھراپی۔ آرکائیوز آف جنرل سائیکاٹری، 54، 1025-1030۔
  • Eisler, I., Dare, C., Hodes, M., et al (2000) .نوعمروں میں انوریکسیا نرووسا کے لئے فیملی تھراپی: دو خاندانی مداخلتوں کے کنٹرول کے موازنہ کے نتائج۔
    جرنل آف چائلڈ سائیکالوجی اینڈ سائیکاٹری، 41,727-736۔
  • Fairburn, C. G., Norman, P.A., Welch, S. L., et al (1995) بلیمیا نرووسا کے نتائج اور تین نفسیاتی علاج کے طویل مدتی اثرات کا ایک ممکنہ مطالعہ۔ آرکائیوز آف جنرل سائیکاٹری، 52، 304-312۔
  • Hay، P. J.، اور Bacaltchuk، J. (2001) سائیکو تھراپی برائے بلیمیا نرووسا اور بِنجنگ (کوکرین ریویو) میں: The Cochrane لائبریری، شمارہ 1۔
  • Lowe, B., Zipfel, S., Buchholz, C., Dupont, Y., Reas, D.L. & Herzog, W. (2001). ممکنہ 21 سالہ فالو اپ مطالعہ میں انوریکسیا نرووسا کا طویل المدتی نتیجہ۔ نفسیاتی ادویات، 31، 881-890۔
  • Luck A.J., Morgan J.F., Reid F. et al. (2002) عام پریکٹس میں کھانے کے امراض کے لئے SCOFF سوالنامہ اور کلینیکل انٹرویو: تقابلی مطالعہ۔ BMJ, 325, 755-756۔
  • Milos, G., Spindler A., Schnyder, U. & Fairburn, C.G. (2005) کھانے کے امراض کی تشخیص میں عدم استحکام: ممکنہ مطالعہ۔ برٹش جرنل آف سائیکیٹری، 187 ، 578-573۔
  • نائس کھانے کی خرابیاں (سی جی 9) کھانے کی خرابیاں: کشودا نرووسا، بلیمیا نرووسا اور متعلقہ کھانے کے امراض کے علاج اور انتظام میں بنیادی مداخلتیں (2004)۔
  • Theander, S. (1985) انورکسیا نرووسا اور بلیمیا میں نتیجہ اور تشخیص۔ سویڈن کے طویل مدتی مطالعہ کے مقابلے میں پچھلی تحقیقات کے کچھ نتائج۔ جرنل آف سائکیٹرک ریسرچ، 19، 493-508۔
  • Senior R; Barnes J; Emberson J.R. and Golding J.R LSPAC اسٹڈی ٹیم (2005) کی جانب سے. ابتدائی تجربات اور زچگی کے دوران کھانے کے امراض کی علامات کے ساتھ ان کا تعلق، زندگی بھر اور حمل کے دوران۔ برٹش جرنل آف سائیکیٹری 187, 268-273.

اشاعت: نومبر 2019

جائزہ واجب الادا: نومبر 2022

© Royal College of Psychiatrists

This translation was produced by CLEAR Global (May 2024)

Read more to receive further information regarding a career in psychiatry