ادراکی رویہ جاتی علاج (سی بی ٹی)
Cognitive behavioural therapy (CBT)
Below is an Urdu translation of our information resource on cognitive behavioural therapy (CBT). You can also view our other Urdu translations.
یہ معلومات ہر اس شخص کے لئے ہیں جو ادراکی رویہ جاتی علاج (سی بی ٹی) کے بارے میں مزید جاننا چاہتا ہے۔ اس میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ سی بی ٹی کیسے کام کرتی ہے، اسے کیوں استعمال کیا جاتا ہے، اس کے اثرات اور مضر اثرات اور متبادل علاج کیا ہیں۔
سی بی ٹی کیا ہے؟
سی بی ٹی بات چیت سے کیا جانے والا علاج ہے۔ بات چیت سے علاج کے طریقوں کو نفسیاتی علاج کے طریقے بھی کہا جاتا ہے۔ آپ ان کے بارے میں مزید معلومات ہمارے معلوماتی صفحے psychotherapies and psychological treatments پر حاصل کر سکتے ہیں۔
سی بی ٹی آپ کے لئے روزمرہ کے حالات میں سوچنے اور ردعمل ظاہر کرنے کے مزید مفید طریقے سیکھنے میں مددگار ہے۔ اپنے سوچنے کے انداز اور جو کچھ آپ کرتے ہیں انہیں تبدیل کرنے سے آپ کو بہتر محسوس کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
بات چیت سے علاج کے دیگر طریقوں کے برعکس سی بی ٹی آپ کے ماضی کے تجربات کی بجائے آپ کے موجودہ مسائل پر توجہ دیتا ہے۔ اس کا مقصد آپ کو اپنے خیالات، افعال اور احساسات کے مابین روابط کی نشان دہی کرنا سکھا کر آپ کی ذہنی حالت کو بہتر بنانا ہے۔
سی بی ٹی کرتے وقت آپ اپنے معالج کے ساتھ اپنے مسئلوں کے حل کے نئے نئے طریقے تلاش کریں گے اور جو تبدیلیاں آپ چاہتے ہیں ان کے لئے اہداف مقرر کریں گے۔ سی بی ٹی کامیاب ہونے پر آپ کو اپنی زندگی پر مزید قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔
سی بی ٹی سے کس کس کو مدد مل سکتی ہے؟
سی بی ٹی ذہنی صحت کے مختلف حالات کے مسائل میں مفید ثابت ہوا ہے۔ جن میں یہ شامل ہیں:
- ڈپریشن
- اضطراب، گھبراہٹ اور فوبیا - بشمول اگورافوبیا (ایسے حالات میں ہونے کا خوف جہاں سے آپ نکل نہیں سکتے یا مدد حاصل نہیں کر سکتے)، سماجی تشویش (سماجی حالات کا خوف) اور صحت کی تشویش (بیمار ہونے یا بیمار پڑنے کا خوف)
- کھانے میں خرابیاں
- وسوسے اور تکرار کا عارضہ (او سی ڈی)
- حادثے کے بعد ذہنی تناؤ کا عارضہ (PTSD)
- بائی پولر عارضہ اور
- سائیکوسس (بشمول سکٹزوفرینیا)۔
سی بی ٹی دیگر مسائل کے سلسلے میں بھی مدد کر سکتا ہے جن میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:
- نیند میں مشکلات
- تناؤ
- غصہ
- پست عزت نفس، اور
- جسمانی صحت کے مسائل، مثلاً درد اور شدید تھکن۔
سی بی ٹی بچوں سمیت کسی بھی عمر کے لوگوں کے لئے کارآمد ہو سکتی ہے۔
آپ سی بی ٹی کے ساتھ ساتھ اپنے ذہنی مسائل کی دوائیں بھی لے سکتے ہیں۔ اس کا انحصار مسئلے پر، آپ کے ڈاکٹر کے مشورے پر اور آپ کے ذاتی انتخاب پر ہو گا۔
اگر آپ شراب یا منشیات کے عادی ہیں تو بہتر ہو گا کہ دیگر مسائل کے لئے سی بی ٹی شروع کرنے سے پہلے آپ ان مسائل کے حل میں مدد لیں۔ کیوں کہ زیادہ مقدار میں شراب یا منشیات کا استعمال آپ کے ذہنی صحت کو منظم کرنے کے مزید طریقے سیکھنے اور انہیں یاد رکھنے میں مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔
ڈیمینشیا سمیت یاداشت کے دیگر شدید مسائل میں مبتلا لوگوں میں سی بی ٹی مؤثر ثابت نہیں ہوئی۔ نئے ہنر سیکھنا سی بی ٹی کا ایک اہم حصہ ہے اور اگر آپ اس کے حل کے نئے طریقے یاد نہیں رکھ سکتے یا ان کی مشق نہیں کر سکتے تو مشکل ہو سکتی ہے۔
سی بی ٹی کیسے کام کرتی ہے؟
سی یعنی ’کاگنیٹیو‘ (آپ کیا سوچتے ہیں) – سی بی ٹی میں آپ یہ پہچاننا سیکھتے ہیں کہ آپ کی سوچ کب منفی ہو رہی ہے۔ آپ منفی خیالات سے یا غیر مددگار سوچوں سے نمٹنا سیکھتے ہیں، مثلاً:
- ’میں بے کار ہوں‘ یا
- ’سب کچھ غلط ہو رہا ہے‘۔
اس کی بجائے آپ مزید مفید اور حقیقت پسندانہ سوچیں فروغ دینے پر کام کرتے ہیں، مثلاً:
- ’کیا ثبوت ہے کہ یہ ٹھیک ہے؟‘
- ’اس کے بارے میں اور کس طریقے سے سوچا جا سکتا ہے؟‘ یا
- ’کوئی دوست میرے جیسی صورت حال میں ہو تو میں اسے کیا مشورہ دوں گا؟‘
B یعنی ’بی ہیویئر‘ (آپ کیا کرتے ہیں) - آپ کے رویے سے مراد یہ ہے کہ آپ کیا کرتے اور کیسے عمل سرانجام دیتے ہیں۔ سی بی ٹی آپ کو ان مسائل کے حل میں مدد کرتی ہے جنہیں آپ نظر انداز کر رہے ہوتے ہیں یا جن سے آپ ڈرتے ہیں۔ سی بی ٹی کرتے وقت آپ اپنی روزانہ کی سرگرمیوں کا روزنامچہ بنا سکتے ہیں، اور جن کاموں سے آپ ڈرتے ہیں انہیں آزمانے کے ہدف مقرر کر سکتے ہیں۔ اپنے اہداف اور کام لکھنا آپ کو کامیابی کا احساس دیتا ہے اور آپ کو اپنی پیش رفت کی نشان دہی میں مدد کرتا ہے۔
ٹی یعنی ’تھراپی‘ (آپ کیا سیکھتے ہیں) – سی بی ٹی سے آپ نئے نئے ہنر سیکھتے ہیں اور پھر 'ہوم ورک' کے طور پر آپ ان کی مشق کرتے ہیں۔ سی بی ٹی مکمل کرنے کے بعد آپ ان مہا رتوں پر کام کرنا جاری رکھ سکتے ہیں، جس سے آپ کو مستقبل میں صحت مند رہنے کے لئے طریقے استعمال کرنا سمجھ میں آ جاتے ہیں۔
سی بی ٹی کی مزید تفصیلات
سی بی ٹی بڑی مشکلات کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کر کے ان کو سمجھنے میں آپ کو مدد فراہم کر سکتی ہے۔ اس سے یہ دیکھنا آسان ہو جاتا ہے کہ وہ کیسے ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور آپ پر ان کا کیا اثر ہوتا ہے۔ یہ حصے درج ذیل ہیں:
- ایک صورت حال – مثال کے طور پر آپ کو درپیش کوئی سرگرمی یا کوئی کام جو آپ کو مشکل لگتا ہے۔
اس کے بعد یہ ہو سکتے ہیں:
- خیالات
- جذبات
- جسمانی احساسات
- افعال
یہ خاکہ دکھاتا ہے کہ ہمارے رویے اور جذبات کس طرح مختلف حالات کے بارے میں ہماری سوچ اور ان پر ردعمل کو متاثر کر سکتے ہیں:
یہ ایک مثال دیکھیں کہ کسی صورت حال میں آپ کے سوچنے کا طریقہ آپ کے جذبات، احساسات اور افعال پر کیسے اثر انداز ہو سکتا ہے۔
مثال:
صورت حال
آپ کا دن برا گزرا ہے اور آپ اکتا چکے ہیں، اس لیے آپ خریداری کے لئے باہر نکلتے ہیں۔ جب آپ سڑک پر چل رہے ہوتے ہیں تو آپ کا کوئی جاننے والا وہاں سے گزرتا ہے اور آپ کو لگتا ہے کہ انہوں نے آپ کو نظر انداز کیا۔ آپ اس صورت حال پر مدد گار یا غیر مدد گار خیالات کے ساتھ رد عمل ظاہر کر سکتے ہیں۔ اس بات پر انحصار کرتے ہوئے کہ آپ کس طرح کا ردعمل ظاہر کرتے ہیں، درج ذیل باتیں واقع ہو سکتی ہیں:
غیر مددگار | مددگار | |
خیالات: | انہوں نے مجھے نظر انداز کیا - وہ مجھے پسند نہیں کرتے | وہ کسی سوچ میں گم ہیں - کیا انہیں کوئی مسئلہ در پیش ہے؟ |
جذباتی احساسات: | ناخوش، اداس اور ٹھکرایا ہوا | دوسرے شخص کے لئے تشویش، مثبت |
جسمانی احساسات: | پیٹ میں درد، کم توانائی، بیمار محسوس کرنا | کچھ نہیں - آرام دہ محسوس کرنا |
افعال: | گھر جائیں اور انہیں نظر انداز کریں | یہ یقینی بنانے کے لیے ان سے رابطہ کریں کہ وہ ٹھیک ہیں |
اس مثال میں ایک ہی صورت حال نے دو بہت مختلف نتائج پیدا کیے ہیں۔
جب ہم اداس یا پریشان ہوتے ہیں تو اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ ہم واقعات کی انتہا پسندانہ اور غیر مفید مطلب لیں۔
سی بی ٹی آپ کو آپ کے خیالات، احساسات اور افعال کا ایک دوسرے سے مل کر کام کرنے کا انداز سمجھاتی ہے۔ اس سے آپ کو مندرجہ ذیل کو سیکھنے میں مدد مل سکتی ہے:
- سوچنے کی غیر مفید عادتیں (نتائج پر جلدی پہنچنا) ترک کرنا
- غیر مفید کام (حالات سے فرار) چھوڑنا
- سوچنے کی مددگار عادات اپنانا (کسی چیز کے مثبت امکانات دیکھنا) اور
- مددگار افعال اپنانا (اس مثال میں کسی دوست سے رجوع کرنا)۔
میری سی بی ٹی کب تک چلتی رہے گی؟
سی بی ٹی کا ایک کورس 6 ہفتوں سے 6 ماہ تک کا ہو سکتا ہے۔ اس کا انحصار مسئلے اور اس بات پر ہو گا کہ سی بی ٹی آپ کے لئے کس طرح کام کر رہی ہے۔
عام طور آپ 6 سے 20 نشستوں کے لئے معالج سے ملیں گے۔ یہ ہفتہ وار یا پندرہ روزہ ہوں گی۔ ہر نشست کا دورانیہ عام طور پر 30 سے 60 منٹ کے درمیان ہوتا ہے۔
سی بی ٹی میں کیا ہوتی ہے؟
پہلی 4-2 نشستوں میں معالج یہ جانچے گا کہ آیا اس طرح کا علاج آپ کے لئے کارآمد ہو سکتا ہے اور آیا آپ اسے آرا م دہ محسوس کرتے ہیں۔ اگرچہ سی بی ٹی میں ماضی پر توجہ نہیں دیتے، پھر بھی معالج کے لئے آپ کی زندگی اور پس منظر کے بارے میں کچھ سوالات پوچھنے ضروری ہوں گے۔ بعض اوقات یہ سمجھنے کے لئے ماضی کے بارے میں بات کرنا ضروری ہوتا ہے کہ اب آپ کیسے اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔
ہر نشست میں، آپ اور آپ کا معالج اس بات سے شروع کریں کہ اس دن کیا بات چیت کرنی ہے۔ اس میں پچھلی نشست سے اب تک آپ کی کیا حالت رہی، ہوم ورک دیکھنا اور کسی بھی مسئلے کے بارے میں بات کرنا شامل ہو سکتا ہے۔
سی بی ٹی کورس کے اختتام پر آپ 'اچھے رہنے' کا ایک ذاتی منصوبہ بنائیں گے۔ اس میں وہ مہارتیں شامل ہوں گی جو آپ نے سیکھی ہیں، اور یہ کہ مستقبل میں مشکلات کے حل کے لئے آپ ان کا استعمال کیسے کر سکتے ہیں۔ سی بی ٹی ختم ہونے کے بعد ان مہارتوں کو استعمال کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
سی بی ٹی میں کون سے کام میرے لئے کرنے ضروری ہوں گے؟
سی بی ٹی میں آپ اپنے معالج کے ساتھ مل کر ہر مسئلے کو الگ الگ حصوں میں تقسیم کریں گے، جیسا کہ اوپر مثال دی گئی ہے۔ آپ ایک ساتھ اپنے خیالات، احساسات اور طرز عمل کو دیکھیں گے تاکہ مندرجہ ذیل کا حل نکال سکیں:
- آیا وہ غیر حقیقی یا غیر مددگار ہیں
- وہ کس طرح ایک دوسرے پر اور آپ پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
علاج کے دوران آپ سے کچھ سوال نامے یا ورک شیٹس مکمل کرنے کو کہا جائے گا۔ آپ کا معالج آپ سے روزنامچہ رکھنے کو بھی کہ سکتا ہے۔ اس سے آپ کو یہ ریکارڈ کرنے میں مدد ملے گی کہ آپ روزمرہ کے مختلف حالات میں کیسے سوچتے ہیں، کیسے محسوس کرتے ہیں اور کیسا برتاؤ کرتے ہیں۔ اس کے بعد آپ کا معالج پریشان کن خیالات اور غیر مددگار رویے تبدیل کرنے کا حل تلاش کرنے میں آپ کی مدد کرے گا۔
مجھے کیا ہوم ورک کرنا پڑ سکتا ہے؟
اگر یہ تبدیلیاں عملی صورت میں لائیں تو سی بی ٹی زیادہ مؤثر ہوتی ہے۔ آپ کا معالج باقاعدہ 'ہوم ورک' تجویز کرے گا۔ اس میں آپ کی روزمرہ زندگی میں نئی مہارتوں کی مشق کرنا شامل ہو گا۔ آپ ان کی مشق کرنا شروع کر سکتے ہیں:
- خیالات پر سوال کرنا – جیسے خود پر تنقید کرنا، مثبت باتیں نظر انداز کرنا یا چیزوں سے بلا وجہ پریشان ہونا۔ آپ سوچنے کی غیر مفید عادتوں کو بدلنا اور مددگار اور حقیقی سوچوں کو پروان چڑھانا سیکھیں گے۔
- مشکل اقدامات – یہ پہچاننا کہ آپ کچھ ایسا کرنے والے ہیں جو مختصر وقت کے لئے مددگار ہو سکتا ہے لیکن طویل مدت میں آپ کو تکلیف دہ محسوس ہو گا۔ مثال کے طور پر کسی صورت حال سے گریز کرنا، بار بار چیزوں کو چیک کرنا یا تسلی چاہنا۔ اس کی بجائے آپ زیادہ مددگار کام شروع کرنا سیکھیں گے۔
- یقین کی جانچ – جن چیزوں پر آپ یقین رکھتے ہیں ان کی جانچ کرنا کہ آیا وہ سچ ہیں یا نہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ بہت تھکے ہوئے ہوں اور افسردہ ہوں تو آپ کو ڈر ہو سکتا ہے کہ ہر روز 20 منٹ تک چہل قدمی کرنے سے آپ کو مزید برا محسوس ہو گا۔ آپ اسے ایک ہفتے تک آزمانے پر اتفاق کرتے ہیں، تحریری ریکارڈ رکھتے ہیں اور چیک کرتے ہیں کہ آیا آپ کی پیش گوئی درست تھی۔
آپ مسئلے حل کرنے کی مہارت سے قرض جیسے عملی یا حقیقی مسئلے بھی حل کر سکتے ہیں۔
یہ 'ہوم ورک' اہم ہے، کیوں کہ سی بی ٹی کا مقصد آپ کو ایسے مقام پر پہنچانا ہے جہاں آپ 'خود سے' یہ کام کر سکیں، اور مسائل کے حل کے اپنے طریقے خود نکال سکتے ہوں۔
سی بی ٹی کتنی مؤثر ہے؟
نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسیلینس (این آئی سی ای) سی بی ٹی کو مختلف مسائل کے حل کے لئے پہلی پسند کے طور پر تجویز کرتا ۔
- تشویش اور افسردگی - سی بی ٹی ان حالات کے لئے سب سے مؤثر علاجوں میں سے ایک ہے جہاں بنیادی مسئلہ تشویش (مثلاً عمومی تشویش یا گھبراہٹ کا عارضہ) یا ڈپریشن ہو۔
- مختلف قسم کے فوبیا اور او سی ڈی - سی بی ٹی، فوبیاز اور او سی ڈی کے لئے مؤثر ترین نفسیاتی علاج ہے۔
ہر چار میں سے ایک شخص سی بی ٹی چھوڑ دیتا ہے۔ علاج کے آغاز میں ایسا ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ جیسا کہ اگر آپ ڈپریشن کا شکار ہیں یا اگر سی بی ٹی ایک معالج کے ساتھ آمنے سامنے بیٹھ کر نہ کی جائے۔
سی بی ٹی کا ادویات سے کیسے موازنہ کیا جاتا ہے؟
ڈپریشن کی کئی اقسام کے علاج کے لئے سی بی ٹی ڈپریشن کی ادویات (اینٹی ڈپریسنٹس) جتنی ہی مفید ہوتی ہے۔ یہ بے چینی کے علاج میں ڈپریشن کی ادویات (اینٹی ڈپریسنٹس) سے قدرے بہتر بھی کام کر سکتی ہے۔ سی بی ٹی کے اثرات ادویات سے زیادہ دیرپا ہوتے ہیں جو آپ کو مستقبل میں ٹھیک رہنے میں مدد دیتے ہیں۔
اگر آپ کو دماغی صحت کا شدید مسئلہ ہے تو دوائیوں کے ساتھ سی بی ٹی شامل کرنا صرف دوا سے یا صرف سی بی ٹی سے زیادہ مؤثر ہو سکتا ہے۔
سی بی ٹی سے علاج کیسے کیا جاتا ہے؟
کوئی تربیت یافتہ معالج سی بی ٹی فراہم کرتا ہے۔ آپ مختلف طریقوں سے سی بی ٹی سے علاج کرا سکتے ہیں:
بالمشافہ سی بی ٹی
یہ انفرادی نشستوں کے طور پر یا گروپ میں ہو سکتی ہے۔ بالمشافہ عام طور پر سی بی ٹی کرانے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔
ڈیجیٹل سی بی ٹی (آن لائن یا 'ای-سی بی ٹی')
یہ ویڈیو یا متن پر مبنی چیٹ کے ذریعے کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ یا سمارٹ فون پر ہو سکتی ہے۔ ڈیجیٹل سی بی ٹی مفید ہو سکتی ہے اگر:
- آپ بالمشافہ نہیں مل سکتے، مثال کے طور پر صحت کے مسائل کی وجہ
- آپ پر نگہداشت کی ذمہ داریاں ہیں جن سے آپ کے لئے اکیلے ملاقاتوں کے لئے جانا مشکل ہو جاتا ہے۔
- آپ بالمشافہ سی بی ٹی فراہم کرنے والی کسی جگہ سے بہت دور رہتے ہیں۔
ڈیجیٹل سی بی ٹی اتنی ہی مؤثر ہو سکتی ہے جتنا کہ بالمشافہ سی بی ٹی، لیکن یہ فرد پر منحصر ہو گا۔
اپنی مدد آپ کے تحت سی بی ٹی
اپنی مدد آپ کے تحت سی بی ٹی کے لئے آپ کوئی کتاب، آن لائن پروگرام یا کوئی ایپ استعمال کریں گے۔ اسے خود کرنے کا مطلب ہے کہ آپ کو ہوم ورک کرنے اور کورس ختم کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہو گی۔ اگر آپ کسی پیشہ ور سے معاونت بھی حاصل کریں تو اپنی مدد آپ کے تحت سی بی ٹی کے کارآمد ہونے کا زیادہ امکان ہے۔ اسے 'راہنمائی کے ساتھ اپنی مدد آپ' کہا جاتا ہے، اور یہ راہنمائی فون، ای میل یا آن لائن ذریعے سے دی جا سکتی ہے۔
سی بی ٹی تک رسائی کے طریقوں کے بارے میں مختلف تجاویز کے لئے نیچے مزید معلومات کا سیکشن دیکھیں۔
سی بی ٹی کی کون کون سی قسمیں ہیں؟
سی بی ٹی ایک علاج کی بجائے بول چال سے مختلف قسم کے علاج کے ایک گروپ کا نام ہے۔ بہترین طریقے کا انحصار اکثر اس بات پر ہوتا ہے کہ آپ کون ہیں اور آپ کو کن مشکلات کا سامنا ہے۔ مثال کے طور پر سی بی ٹی کی کچھ اقسام آپ کو پرانے رویے چھوڑنے میں مدد کرتی ہیں۔ دیگر اقسام آپ کو اپنے خیالات کو تبدیل کرنے کی بجائے آپ کو اپنے خیالات پر ردعمل کو تبدیل کرنا سکھاتی ہیں۔
یہ سی بی ٹی کی کچھ اقسام ہیں جو مؤثر ثابت ہوئی ہیں:
سی بی ٹی کی قسم | آپ اس علاج میں کیا کرتے ہیں؟ | اس سے کن بیماریوں کا علاج کرنے میں مدد مل سکتی ہے؟ |
---|---|---|
ادراکی علاج | غیر مددگار خیالات اور یقین کی نشان دہی کر سکیں۔ ریکارڈ رکھیں اور سوچنے اور رد عمل دینے کے مزید مفید اور حقیقت پسندانہ طریقے آزمائیں۔ | بہت سے ذہنی صحت کے مسائل (مثلاً ڈپریشن، تشویش) |
طرز عمل کا علاج (مثلاً مسئلے کا بتدریج سامنا) | غیر مددگار رویے تبدیل کریں، جیسے کہ کترانا، جانچ کرنا یا یقینی دہانی چاہنا۔ آہستہ آہستہ ان حالات، خیالات یا یادوں کا سامنا کریں جن سے آپ گریز کرتے رہے ہیں۔ | فوبیاز، تشویش، او سی ڈی، پی ٹی ایس ڈی |
طرز عمل کو فعال کرنا | آپ خوشی یا کامیابی کا احساس دلانے والے کام کر کے زندگی میں زیادہ فعال اور مشغول ہوں۔ روزنامچہ بنائیں اور مثبت سرگرمیوں کے لئے اوقات مقرر کریں۔ | افسردگی، ناخوشگوار موڈ |
مسئلہ کے حل سے علاج | مسئلے کی نشان دہی کریں، اسے حل کرنے کے طریقے تلاش کریں، ایک حل چنیں اور اسے عمل میں لائیں۔ | عملی مشکلات (مثلاً نوکری، پیسہ) |
تحریکی انٹرویو | کسی بھی عادت کے فوائد اور نقصانات پر نظر ڈالیں۔ تبدیلی کے لئے اہداف طے کریں۔ | شراب کا استعمال |
خبرداری | موجودہ صورتحال میں ردعمل دیے بغیر اپنے خیالات اور گرد و پیش پر توجہ دیں۔ | بار بار ہونے والی ڈپریشن، تناؤ، اضطراب |
ہمدردانہ ذہن سے علاج | اپنے آپ اور دوسروں پر نرمی کریں اور تنقید کم کریں تاکہ اس سے آپ کو خود کو محفوظ اور زیادہ مطمئن محسوس کرنے میں مدد ملے۔ | شرم، غصہ، افسردگی، عزت نفس کی کمی، صدمہ |
قبولیت اور عزم سے علاج (ACT کو ‘ایکٹ’ پڑھیں) | ناخوشگوار خیالات اور احساسات سے الجھنے یا ان سے پریشان ہونے کی بجائے انہیں قبول کریں۔ | جسمانی بیماری، درد، اضطراب ڈپریشن |
رویوں کا منطقی مباحثے سے علاج (DBT) | تعلقات میں مشکلات پر قابو پانے کے لئے شدید جذبات اور تلون مزاجی کو سنبھالیں۔ گروہی علاج کے ساتھ انفرادی سی بی ٹی کو شامل کرتا ہے۔ | جذباتی عدم استحکام یا بارڈر لائن شخصیت کا عارضہ، خود کو بار بار نقصان پہنچانا |
ادراکی تجزیاتی علاج | موجودہ مشکلات کی گذشتہ وجوہات کو سمجھیں اور ان سے نمٹنے کے نئے طریقے سیکھیں۔ سی بی ٹی کو تجزیاتی علاج کے ساتھ جوڑتا ہے۔ | انورکسیا نرووسا، بارڈر لائن شخصیت |
اگر مجھے سی بی ٹی فائدہ مند نہیں لگ رہی تو مجھے کیا کرنا چاہیے؟
سی بی ٹی فوری حل نہیں ہے اور ضروری نہیں کہ ہر کسی کے لئے کارآمد ہو۔ اگر آپ کو دماغی صحت کی خرابی کا سامنا ہے تو وقت دینا اور کوشش کرنا مشکل لگ سکتا ہے۔
اگر کوئی کام بہت مشکل لگتا ہو یا ایسا لگتا ہو کہ اس سے فائدہ نہیں ہو رہا تو اپنے معالج سے بات کریں۔ وہ آپ سے ایسا کام کرنے کو نہیں کہیں گے جو آپ نہیں کرنا چاہتے۔ ایک اچھا معالج آپ کو خود پر قابو رکھنے میں مدد کے لیے نشستوں کی رفتار اور نشستوں میں کیے جانے والے کام پر آپ کے ساتھ مل کر فیصلہ کرے گا۔
آپ کے خاندان یا دیکھ بھال کرنے والوں کی طرف سے تعاون بہت مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر وہ آپ کی طرف سے خوف کا سامنا کرنے، آپ کے دن بھر کے لئے ایک ترتیب تیار کرنے یا زیادہ کثرت سے باہر جانے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔
سی بی ٹی ہر کسی کے لئے نہیں ہے اور دیگر قسم کے علاج یا دوائیں سی بی ٹی کی بجائے یا اس کے ساتھ کام کر سکتی ہیں۔ ان میں بات چیت سے علاج کی دیگر اقسام یا ڈپریشن کی ادویات جیسی ادویات شامل ہیں۔ شدید ڈپریشن کے لئے سی بی ٹی کو ڈپریشن کی ادویات کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے۔ جب آپ بہت ناخوش ہوتے ہیں تو بہتر محسوس کرنے کے لئے دوائیں شروع کیے بغیر آپ کو اپنے سوچنے کے انداز کو تبدیل کرنا مشکل لگ سکتا ہے۔
یاد رکھیں، اگر آپ ابھی نہیں چاہتے تو مستقبل میں کبھی بھی سی بی ٹی آزما سکتے ہیں۔ آپ سی بی ٹی کرنے سے پہلے اس کے بارے میں پڑھ بھی سکتے ہیں، یا خود اس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں (نیچے مزید معلومات کا سیکشن دیکھیں)۔
سی بی ٹی میری زندگی پر کیا اثر ڈال سکتی ہے؟
ڈپریشن اور اضطراب ناگوار ہیں۔ ان سے آپ کے کام کرنے اور زندگی سے لطف اندوز ہونے کی صلاحیت شدید متاثر ہو سکتی ہے۔ سی بی ٹی کے ایک کورس کے بعد آپ کی علامات اور آپ کی زندگی کے معیار میں بہتری آنے کا امکان ہوتا ہے۔ اس سے آپ کو بہتر محسوس کرنے اور گھر میں اور کام پر اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
اگر میں دوبارہ بیمار ہو جاؤں تو کیا ہو گا؟
سی بی ٹی کا ایک فائدہ یہ ہے کہ نشستوں کے ختم ہونے کے بعد بھی اس کی مشق کر سکتے ہیں اور اپنی مہارتوں سیکھ سکتے ہیں۔ اس سے آپ کی علامات یا مسائل لوٹ آنے کا امکان کم ہو جاتا ہے۔ اگر علامات یا مسائل لوٹ آئیں تو سی بی ٹی میں سیکھی ہوئی مہارتوں کو انہیں کنٹرول کرنا آسان بنا دینا چاہیے۔ اگر ضروری ہو تو آپ سی بی ٹی کا ایک 'ریفریشر' کورس کر سکتے ہیں۔
میں سی بی ٹی کیسے لوں؟
سی بی ٹی، این ایچ ایس پر دستیاب ہے۔ ہو سکتا ہے آپ کا جی پی، سی بی ٹی میں تربیت یافتہ کسی فرد کی طرف آپ کو بھیج دے اگر:
- آپ کو اپنی دماغی صحت میں مسائل محسوس ہو رہے ہیں، یا
- آپ میں کسی دماغی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے جس کے لئے سی بی ٹی سے فائدہ حاصل ہو سکتا ہو۔
یہ ایک سی بی ٹی کا ماہر، نفسیاتی معالج، دماغی صحت کے لیے نرس یا دماغی بیماری کے علاج کا ماہر ہو سکتا ہے۔
اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو سی بی ٹی سے فائدہ ہو سکتا ہے تو آپ خود این ایچ ایس کے نفسیاتی علاج کی خدمات کی طرف رجوع کر سکتے ہیں۔ نفسیاتی علاج تک رسائی کو بہتر بنانے کے پروگرام (IAPT) کے ذریعے اسے آپ عمومی معالج کی رجوع کی تجویز کے بغیر کر سکتے ہیں۔
آپ اگر چاہیں اور استطاعت رکھتے ہوں تو آپ ادائیگی کر کے نجی طور پر سی بی ٹی کرا سکتے ہیں۔ لاگتیں مختلف ہوتی ہیں مگر عام طور پر فی نشست لاگتیں 40 اور 100 پاؤنڈ کے درمیان ہوتی ہیں۔ کچھ نجی علاج کی خدمات فراہم کرنے والے کم آمدنی والے لوگوں کو کم قیمتوں پر بھی علاج کی پیشکش کرتے ہیں۔
یہ کچھ مفید ویب سائٹس ہیں جو سی بی ٹی معالج تلاش کرنے میں آپ کو مدد فراہم کر سکتی ہیں:
- Psychotherapies and psychological treatments – رائل کالج آف سائیکائیاٹرسٹس (Royal College of Psychiatrists) کی جانب سے یہ معلومات علاج کے مختلف طریقوں تک رسائی کے بارے میں آگاہی دیتی ہیں۔
- Find an NHS psychological therapies service (IAPT) – ویب سائٹ کا یہ صفحہ آپ کو این ایچ ایس کی نفسیاتی علاج کی خدمات کی تلاش میں مدد دے سکتا ہے۔
- The UK CBT Register – کسی مستند سی بی ٹی معالج کی تلاش کرنے کے لئے یہ رجسٹر استعمال کریں۔
- The British Psychological Society (BPS) – چارٹرڈ سائیکالوجسٹ کی ڈائریکٹری کے لئے یہ ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔
سی بی ٹی کے بارے میں خیالی باتیں
سی بی ٹی اور اس کے کام کرنے کے طریقے کے بارے میں کچھ غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ نیچے سی بی ٹی کے بارے میں کچھ خیالی باتیں اور حقائق دیے گئے ہیں:
خیالی باتیں | حقائق |
---|---|
سی بی ٹی صرف مثبت سوچنا ہے | سوچنے کے زیادہ مددگار، حقیقت پسندانہ طریقے سیکھنا آپ کے زندگی گذارنے کے انداز پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔ |
سی بی ٹی ‘حقیقی’ مسائل کا علاج نہیں کرتی۔ | زندگی میں ہمیشہ مسائل یا مشکلات ہوں گی اور ان میں سے کچھ ہمارے قابو سے باہر ہوں گی۔ سی بی ٹی آپ کو مسائل کے مؤثر حل کے طریقے فراہم کر سکتی ہے۔ |
سی بی ٹی کرنا تیز اور آسان ہے۔ | پرانی عادات بدلنے کے لئے وقت اور مشق کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ایک بار جب آپ انہیں سیکھ لیں تو وہ طویل عرصے تک آپ کے ساتھ رہ سکتی ہیں۔ |
سی بی ٹی تکنیکوں کا استعمال کرتی ہے لیکن فرد کو نظر انداز کر دیتی ہے | آپ کو مرکزی حیثیت حاصل ہوتی ہے اور آپ کنٹرول کر رہے ہوتے ہیں۔ سی بی ٹی ان کاموں پر توجہ مرکوز کرتی ہے جن میں آپ کو مدد کی ضرورت ہو۔ |
سی بی ٹی میرے لیے کارآمد نہیں ہو سکتی | آپ کو سی بی ٹی سے فوائد حاصل ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں اگر آپ اس کے لیے پرعزم ہیں اور اسے اپنے لیے مددگار سمجھتے ہیں۔ |
سی بی ٹی ایک قلیل مدتی ٹوٹکا ہے۔ | سی بی ٹی اپنی زندگی گزارنے کے طریقے بدلنے میں طویل مدتی طور پر آپ کی مدد کر سکتی ہے۔ |
مزید معلومات
Get Self Help – اپنی مدد آپ کے تحت مفت سی بی ٹی، وسائل، اور علاج کے لئے ورک شیٹس۔
NHS mental health information – مفت معلومات، مکمل جسمانی اور ذہنی بیماریوں، این ایچ ایس کی خدمات اور بحران میں رابطہ کرنے کے لیے مطلوبہ ذرائع
تنظیمیں
برطانوی ایسوسی ایشن برائے رویہ جاتی اور ادراکی نفسیاتی تھراپیاں - سی بی ٹی کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے اور مستند سی بی ٹی معالجین کی فہرست فراہم کرتی ہے۔
انگزائیٹی یوکے - یو کے میں ان لوگوں کو معلومات اور معاونت فراہم کرتی ہے جو تناؤ اور گھبراہٹ سمیت اضطراب کی حالتوں سے دوچار ہیں۔
ٹیلی فون: 774 775 03444
ای میل: support@anxietyuk.org.uk
ڈپریشن یوکے - ذہنی تناؤ میں مبتلا لوگوں کو دوستی، معاونت اور معلومات فراہم کرتی ہے۔ اپنی مدد آپ کے لئے گروپس، فیس بک اور انٹرنیٹ پر قلمی دوستوں کے لنکس شامل ہیں۔
مزید مطالعے کے لئے
Reading Well (Books on Prescription) Scheme – پیشہ ور افراد کی معاونت سے تیار کردہ یہ سکیم اپنی مدد آپ کے تحت پڑھنے کا استعمال کرتے ہوئے آپ کی صحت و تندرستی کا انتظام کرنے میں آپ کی مدد کرتی ہے۔ یہ سب کتابیں صحت کے ماہرین اور ان حالات میں رہنے والے لوگوں نے منتخب اور تجویز کی ہیں۔ انہیں آن لائن بیان کیا گیا ہے اور عوامی لائبریریوں میں مفت دستیاب ہیں۔ کتابوں کی پانچ فہرستیں ہیں: بالغوں کی ذہنی صحت، بچے، نوجوان، طویل مدتی (جسمانی) حالات اور ڈیمینشیا۔
آن لائن سی بی ٹی وسائل
Beating the Blues – ڈپریشن اور اضطراب کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت سی بی ٹی کورس۔ آپ کا ڈاکٹر مفت رسائی تجویز کر سکتا ہے۔
Living Life to the Full – پریشان، افسردہ یا پریشانی کے شکار لوگوں کے لئے زندکی کی مہارتوں پر مفت آن لائن کورس۔
NHS Apps Library – آپ کی تندرستی اور دماغی صحت کا نظم کرنے کے لئے آن لائن اپلیکیشنز اور ٹولز۔ NHS X کی طرف سے تحقیق کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ ان اپلیکیشنز کے مؤثر ہونے کے بارے میں جانا جا سکے۔
Headspace – خبرداری کے لئے اپلیکیشن مفت تعارفی مشقوں کے ساتھ۔
بشکریہ
یہ معلومات رائل کالج آف سائیکائیاٹرسٹس (Royal College of Psychiatrists) کے پبلک انگیجمنٹ ایڈیٹوریل بورڈ (PEEB) نے فراہم کی ہیں۔ اس میں تحریر کے وقت دستیاب بہترین شواہد پیش کیے گئے ہیں۔
ماہر مصنف: ڈاکٹر پال بلنکیرون
اس ذریعے کے مکمل حوالہ جات طلب کرنے پر فراہم کر دیے جائیں گے۔
اشاعت: مارچ 2022
جائزے کی تاریخ: مارچ 2025
© رائل کالج آف سائیکائیاٹرسٹس (Royal College of Psychiatrists)
(This translation was produced by CLEAR Global (Jun 2024